ویناملک پر اتنی تنقید کیوں؟

یہ اس وقت کی بات ہے جب میں لاہور کے ایک بہت بڑے میڈیا گروپ کے ساتھ بطور لیگل آفیسر/پراجیکٹ کوآرڈینیٹر منسلک تھا۔ یہ تقریباً سترہ اٹھارہ برس پرانا قصہ ہے اور مجھے آج بھی یاد ہے کہ سنہ 2009 کے وسط کا یہ زمانہ تھا جب وینا ملک کے نام کا ڈنکا بجتا تھا۔ ہم نے وینا ملک کے ساتھ ایک میگا پراجیکٹ کیا تھا اور یہ پراجیکٹ تقریباً تین ماہ باقاعدگی سے چلتا رہا جسکی شوٹنگ ہفتہ میں چار روز ساری رات چلا کرتی تھی. وینا جی کا کھانا بھی پاکستان کے ایک مخصوص اور مہنگے ترین فوڈ برانڈ سے آتا تھا اور ہمیں خصوصی طور پر ہدایت تھی کہ وینا جی کیلئے کھانا اور فاسٹ فوڈ فلاں برانڈ سے ہی منگوایا جائے گا. کوئی شک نہیں کہ وینا جی کے عروج کا دور تھا. اپنے وقت میں سب سے زیادہ معاوضہ لینے والی سیلیبریٹی وینا جی کسی بھی پروگرام میں ایک ممتاز اور ناگزیر سیلیبریٹی کی حیثیت سے مدعو کی جاتی تھیں. بلاشبہ ایک حسین و جمیل شخصیت کی مالک تھیں اور پاکستان کے بڑے سے بڑے میڈیا گروپ انہیں اپنے پروگراموں اور میزبانی کے لیے بھاری معاوضوں پر حاصل کرنے کے لیے بے تاب رہتے تھے۔ اس وقت ان کی شہرت، دلکشی اور معاوضے کی چمک ایسی تھی کہ وہ گویا میڈیا کی دنیا پر حکمرانی کرتی دکھائی دیتی تھیں۔
​مگر گردشِ ایام کی ستم ظریفی دیکھیے کہ آج جب ایک ویڈیو میری نظر سے گزری تو میں نے دیکھا کہ وہی وینا ملک کس قدر رنجیدہ اور افسردہ ہیں کہ سوشل میڈیا اور زبان زدِ عام طعنوں میں لوگ ان کی باڈی شیمنگ کر رہے ہیں۔ کوئی انہیں فربہ کہہ رہا ہے، کوئی رنگت پر طنز کر رہا ہے، کوئی انہیں ناتواں یا چھوٹے قد کا طعنہ دے رہا ہے اور کوئی نہ جانے کون کون سے زہر آلود الفاظ سے ان کی ذات کو نشانہ بنا رہا ہے۔ یہ دیکھ کر دل کو ایک عجیب سی خلش ہوئی کہ جس شخصیت نے کبھی اپنے حسن، جرأت اور عروج کے بل بوتے پر ایک زمانے کو خیرہ کیا تھا، آج وقت کی گرد میں اُڑتی بے رحم باتوں کے سامنے آزمائش سے دوچار ہے۔
​حقیقت تو یہ ہے کہ شباب اور حسن کی یہ بہاریں کسی کے لیے ہمیشہ نہیں رہتیں. ہر طلوع ہونے والے سورج کو بالآخر غروب ہونا ہے اور ہر کھلتے گلاب کو ایک نہ ایک دن مرجھانا ہے۔ وینا ملک بھی آج اسی فطری زوال اور وقت کے بدلتے رنگوں کی ایک کیفیت سے گزر رہی ہیں مگر یہ جو کسی کے جسم، رنگ یا بدلتے خد و خال پر طنز کرنے کا رویہ ہے، یہ کسی طور بھی ایک مہذب یا شائستہ عمل نہیں۔ معاشرے میں تو ہر شخص کو کسی نہ کسی بات پر ہدفِ ملامت بنا لیا جاتا ہے مگر انسانیت کا تقاضا یہی ہے کہ کسی کے دکھتے رگ پر نمک نہ چھڑکا جائے۔
​میری رائے میں وینا ملک کو ان بے سروپا باتوں اور طعنوں سے قطعی دل برداشتہ نہیں ہونا چاہیے۔ جوانی اور ظاہری رعنائی کا سدا نہ رہنا فطرت کا اٹل اصول ہے اور ایک روز ہر انسان کو عمر کے اس فیز سے گزرنا ہوتا ہے جہاں ظاہری چمک دمک مدہم پڑنے لگتی ہے۔ بلاشبہ ماضی میں وہ ایک نہایت دلکش اور متاثر کن سراپا رکھتی تھیں کہ ایک زمانہ انکا فین تھا اور آج اگر وقت کے ساتھ ان کے جسم میں کچھ فربہی یا تبدیلی آ گئی ہے تو اس میں کوئی قیامت نہیں ٹوٹ پڑی۔ آج کے برے وقت پر افسردہ ہونے کے بجائے اپنے عروج کو یاد کرکے خوش ہو لیا کریں جب ایک دنیا ان کے حسن و رعنائی اور شوخ و چنچل جوانی پر فدا تھی. انہوں نے اپنے کیریئر کا سنہرا زمانہ بھرپور طریقے سے جیا ہے. شہرت اور کامیابی کے بلند ترین مدارج دیکھے ہیں، اس لیے آج انہیں کسی طعنے یا تنقید کے باعث خود کو کم تر یا آزردہ محسوس کرنے کی کوئی ضرورت نہیں۔ وقت کا پہیہ تو یوں ہی گھومتا رہے گا مگر اپنی گزری ہوئی کامرانیوں اور زندگی کے تجربات کا وقار ہمیشہ اپنی جگہ قائم رہتا ہے۔
تحریر: چویدری عامر عباس ایڈووکیٹ ہائیکورٹ.

Leave a Comment