
خود کو پاکستان کا سب سے بڑا “رن مرید” قرار دینے والے حکیم کاشف قصوری کی زندگی کی کہانی ایک انوکھا ہی رنگ رکھتی ہے۔ وہ اس ملک کے انوکھے خوش نصیب شخص ہیں جن کے عقدِ نکاح میں بیک وقت چار بیویاں ہیں، اور کمال تو یہ ہے کہ ان چاروں کو کسی دوسری سے نہ تو کوئی شکوہ ہے اور نہ ہی کوئی گلہ۔
حکیم کاشف قصوری کا کہنا ہے کہ اللہ تعالیٰ نے ان چاروں بیویاں کا رزق انہی کے مقدر میں لکھا ہے اور یہ سب ان کے اپنے نصیب ہیں کہ وہ نہ صرف اپنی ان چاروں شریکِ حیات کو شاندار طریقے سے کھلا پلا رہے ہیں اور دنیا بھر کی ہر آسائش فراہم کر رہے ہیں، بلکہ اس سب کے ساتھ ان کے اپنے حالات بھی اتنے شاندار ہیں کہ ان کے اپنے وارے نیارے ہو چکے ہیں۔ وہ اس ربانی کرم پر ہر سانس کے ساتھ اللہ کا شکر ادا کرتے ہیں۔
اپنی ازدواجی زندگی کے راز کھولتے ہوئے وہ بتاتے ہیں کہ وہ اپنی چاروں بیویوں سے ایک جیسی محبت کرتے ہیں، البتہ رشتے کے نئے یا پرانے ہونے کے حساب سے تھوڑا فرق ضرور پڑ جاتا ہے۔ کسی کا ڈر دل میں زیادہ ہوتا ہے، کسی کی فرمانبرداری کا حق زیادہ ادا کرنا پڑتا ہے اور کسی کی خاطرداری اور خیال زیادہ رکھنا پڑا ہے۔
مسکراتے ہوئے ان کا یہ بھی اعتراف کرنا ہے کہ اس بات میں ذرا برابر بھی شک نہیں ہے کہ انہوں نے آج تک اپنے آپ سے بڑا کوئی رن مرید نہیں دیکھا۔ ان کی پرسکون اور خوشگوار گھریلو زندگی کا سب سے بڑا اور بنیادی راز یہی ہے کہ ان کی بیویاں جو منہ سے نکال دیں، ان کی ہر جائز و ناجائز فرمائش کو فوراً پورا کرنا ہی ان کے سکون کی اصل وجہ ہے۔