معروف اینکر کامیڈین سجاد جانی کے کٹھن دنوں کی کہانی۔۔۔

عمران اشرف کے پروگرام میں معروف اداکار سجاد جانی نے اپنے ماضی کی تلخ ترین یادوں، غربت کی چکی میں پسنے کی کہانی اور زندگی کے نشیب و فراز پر سے پردہ اٹھاتے ہوئے انتہائی سچائی کے ساتھ کئی اہم اعترافات کیے ہیں۔

سجاد جانی کے بقول لاہور شہر ان کی سخت ترین آزمائشوں کا شاہد رہا ہے۔ ایک وقت ایسا بھی تھا جب ان کی جیب میں ایک روپیہ کرایہ تک نہیں ہوتا تھا اور وہ محض اپنی منزل تک پہنچنے کے لیے 10 سے 20 کلومیٹر کا فاصلہ پیدل طے کرتے تھے۔ انتہائی ناگہانی یا بدترین وقت سے نمٹنے کے لیے وہ 50 یا 100 روپے کا نوٹ اپنی جراب میں چھپا کر رکھتے تھے، مگر ان کی یہ کوشش ہوتی تھی کہ جب تک زندگی اور موت کا مسئلہ کھڑا نہ ہو جائے، اس رقم کو ہاتھ نہ لگایا جائے۔ انہوں نے بسوں اور ویگنوں کے ڈرائیوروں کی منت سماجت کر کے مفت سفر بھی کیے۔ جب حالات بالکل ہاتھ سے نکل جاتے تو وہ دوستوں سے ادھار رقم مانگتے، لیکن پھر پیسے واپس کرنے کی استطاعت نہ ہونے کے باعث دوستوں کے سامنے آنے سے کتراتے اور چھپ کر نکل جاتے تاکہ کوئی تقاضا نہ کر دے۔

ان کی زندگی میں کئی ایسے دن بھی آئے جب مسلسل دو دو دن انہیں کھانا نصیب نہیں ہوتا تھا؛ ایسے میں اگر کوئی دوست یا واقف کار کھانے کے لیے پوچھ لیتا تو وہ بغیر ہچکچاہٹ کے اس کے ساتھ جا کر پیٹ بھر لیا کرتے تھے۔ اس کٹھن دور میں صرف وہی تنہا نہیں تھے بلکہ ان کی اہلیہ اور معصوم بچوں نے بھی شدید غربت کا سامنا کیا۔ وہ بتاتے ہیں کہ جو دودھ کا ڈبہ ان کا چھوٹا بیٹا پیتا تھا، اسے خریدنے کے لیے بھی ان کے پاس پیسے نہیں ہوتے تھے اور کئی بار وہ دوستوں سے 500 روپے ادھار مانگ کر وہ ڈبہ لایا کرتے تھے۔

سجاد جانی نے نہایت کھلے دل سے اعتراف کیا کہ ناداری اور مفلسی کے اس دور میں انہوں نے سروائیو کرنے کے لیے بہت سے جھوٹ بولے، اپنے پیاروں کو دھوکے دیے اور فراڈ تک کیے۔ لیکن پھر ربِ کریم نے ان پر خاص رحم و کرم فرمایا اور ان کے لیے روزگار کے راستے کھلتے چلے گئے۔ کام ملنے کے بعد اللہ نے ان کے رزق میں ایسی برکت اور فراوانی دی کہ وہ خود اپنی تبدیل شدہ قسمت پر رشک کرنے لگے۔

انہوں نے اس بات کا بھی اعتراف کیا کہ بے تحاشا پیسہ اور شہرت آنے کے بعد ایک وقت ایسا بھی آیا جب ان کے قدم بہک گئے تھے، لیکن اس کے باوجود وہ اپنے مشکل وقت کے محسنوں کو کبھی نہیں بھولے۔ جب بھی انہوں نے اپنے کسی پرانے محسن پر برا وقت دیکھا، تو ماضی میں 5000 روپے کی مدد کرنے والوں کو آگے سے 5 لاکھ روپے دے کر ان کا احسان اتارا۔

ان تمام اچھے اور برے حالات کے دوران، سجاد جانی کے بقول، انہوں نے اپنی شریکِ حیات کے ساتھ سخت ناانصافی اور زیا.دتی کی، مگر ان کی اہلیہ اور گھر والوں نے ظرف اور عظمت کی مثال قائم کی۔ ان تمام تلخیوں اور زیا.دتیوں کے باوجود، جب وہ تمام رستوں سے لوٹ کر اپنے گھر واپس آئے تو ان کے اہل خانہ نے انہیں کھلے دل سے معاف کر دیا اور سینے سے لگا لیا۔

Leave a Comment