
..1976 کے آخری ایام میں سردیوں کی ایک اداس شام تھی جب لاہور ٹیلی ویژن کا پروڈیوسر اپنی سیریز کی آخری قسط سے فارغ ہونے کے بعد میں ٹی وی کی عمارت سے باہر آ کر اپنی موٹرسائیکل کی طرف بڑھ رہا تھا۔اچانک چپراسی بھاگتا ہوا آیا اور پھولی ہوئی سانس کے ساتھ بولا کہ کمرے میں ایک ضروری فون آیا ہے۔پروڈیوسر اس وقت تک دستانے چڑھا چکاتھااور کنٹوپ پہن رہا تھا۔ ظاہر ہے وہ قطعاً اس موڈ میں نہیں تھا کہ اپنی زرِہ بکتر اتار کر پھر سے دفتر میں جائے لیکن چپراسی نے بتایا کہ فون پر اداکار محمد علی ہیں۔محمد علی نے ٹی وی پہ کبھی فون نہیں کیا تھا۔
ٹی وی اور فلم انڈسٹری کے تعلقات ہمیشہ سے کشیدہ رہے اور پیشہ ورانہ سطح پر ان دونوں اداروں میں کبھی دوستی کی فضا نہیں رہی۔ پروڈیوسر اور اداکار محمد علی کاسرسری سا رابطہ یوں تھا کہ زمانہء طالب علمی میں جب سیاسی ہنگاموں کے باعث تعلیمی ادارے چندماہ تک بند رہے تو پروڈیوسر نے آوارہ گردی کیلئے ملتان روڈ کا انتخاب کیا اور اس آوارگی کو ذرا منظم شکل دینے کیلئے ہدایتکار ایس سلیمان کے ساتھ بطور ایک نائب کے کام شروع کر دیا۔ ان دنوں ایس سلیمان دو فلمیں ڈائریکٹ کر رہے تھے جن میں زیبا اور محمد علی مرکزی کردار ادا کر رہے تھے۔
اسی باعث اداکار محمد علی ان کی صورت سے آشنا تھے۔بہر حال محمد علی نے پروڈیوسر کو بتایا کہ ریڈیو پاکستان حیدر آباد کا ایک نوجوان صداکار فلمی دنیا میں قسمت آزمائی کیلئے لاہور آیا ہوا ہے اور جب تک اسے فلموں میں کام نہیں ملتا آپ اسے ٹی وی پر موقع دیجئے۔اگلے روز محمد علی نے نصرت ٹھاکر اور قنبر علی شاہ کو بھی فون کیا اور اسی نوجوان کی سفارش کی۔ پروڈیوسر یہ سوچ کر مطمئن ہوگیا کہ سفارشی آدمی کا بوجھ اس کے سر سے اترا، اب کوئی اور پروڈیوسر اس سے نمٹے گا۔
لیکن قدرت کو کچھ اور ہی منظور تھا۔ ٹیلی ویژن ڈرامے ان دنوں تھوک کے بھاؤ نہیں ہوتے تھے۔ پاکستان میں صرف پی ٹی وی کی نشریات دیکھی جا تی تھیں جہاں ہفتے میں صرف ایک دِن ڈرامہ نشر ہوتا تھا، لیکن کچھ اس اہتمام سے کہ لوگ ساری مصروفیات چھوڑ کے ڈرامہ دیکھنے بیٹھ جاتے تھے۔محمد علی کے شہر سے آئے ہوئے نوجوان شفیع محمد کو کئی ماہ تک کسی فلم یا ٹی وی ڈرامے میں کام نہ مل سکا۔
1977 کے انتخابات کا وقت آن پہنچا۔ سات برس پہلے 1970 میں پاکستان ٹیلی ویژن نے بہترین الیکشن نشریات پیش کر کے بڑا نام کمایا تھا اور عوام توقع کر رہے تھے کہ اس بار بھی پاکستان ٹیلی ویژن انتخابات کے موقع پر بہترین تفریحی پروگرام پیش کرکے اپنا معیار برقرار رکھے گا۔ٹیلی ویژن کے افسرِ اعلیٰ آغا ناصر کی سربراہی میں ایک خصوصی کمیٹی تشکیل دی گئی جس نے تمام سٹیشنوں سے مختلف طرح کے پروگراموں کی منصوبہ بندی کی۔ انتخابی نتائج کے اعلانات کے درمیان جو وقفے آتے تھے ان میں چلانے کے لئے چھوٹے چھوٹے چٹکلے تیار کرنے کا فریضہ اسی پروڈیوسر کوسونپا گیا۔
جب ان ڈرامائی لطیفوں کی ریہرسل ہو رہی تھی تو وکیلوں والے کالے کوٹ میں ملبوس گھنے سیاہ بالوں والا ایک نوجوان کمرے میں داخل ہوا اور ایک کونے میں بیٹھ کر ریہرسل دیکھنے لگا۔ یہی وہ نوجوان تھا جس کی سفارش محمد علی نے کی تھی۔
کافی صبر و تحمل کا مظاہرہ کرنے کے بعد چائے کے وقفے میں شفیع محمداس کے پاس آیا اور گھمبیر آواز میں بتایا کہ وہ واپس سندھ جا رہا ہے کیونکہ اتنا لمبا عرصہ لاہور میں قیام کے باوجود اسے نہ تو فلموں میں کام ملا ہے او نہ ہی ٹی وی ڈراموں میں۔پروڈیوسر نے کہا کہ الیکشن کا ہنگامہ ختم ہوجائے تو کسی ڈرامے میں تمہیں ٹرائی کریں گے۔
چائے کا وقفہ ختم ہوا اور ریہرسل پھر سے شروع ہوگئی۔ منظر ایک حکیم کے کھوکھے کا تھا جہاں ایک گاہک دوا لینے آیا ہے لیکن اداکار سے دوا کا نام ٹھیک طرح نہیں لیا جارہا تھا۔ دو تین اداکاروں نے کوشش کی لیکن ناکام رہے۔ فارغ بیٹھے ہوئے شفیع محمد نے رضاکارانہ پیش کش کی کہ وہ کوشش کرنا چاہتا ہے۔ دوا کا نام تھا ٰ ٰ اطریفل اْستوخدّوس زمانیٰ۔۔۔ شفیع محمد نے تھوڑی سی ریہرسل کے بعداس لفظ پر قابو پالیا۔اور یوں تین منٹ کے ایک مزاحیہ سِکٹ میں سندھ سے آئے ہوئے اداکاری کے شوقین نوجوان شفیع محمد کو اپنی صلاحیتوں کے اظہار کا اولین موقع ملا۔
اسے چاہتے نہ چاہتے ہوئے کاسٹ کرنے والے پروڈیوسر تھے عارف وقار۔
80 کا عشرہ ختم ہوا تو ڈرامے پر پاکستان ٹیلی ویژن کی اجارہ داری بھی ختم ہوگئی۔ این ٹی ایم نے تفریح کے متبادل راستے کھول دیئے اور ’’چاند گرہن‘‘ نامی کھیل نے گویا اس امر پہ مہرِ تصدیق ثبت کردی کہ ڈرامہ اب پی ٹی وی کے ہاتھ سے نکل کر پرائیویٹ ہاتھوں میں آگیا ہے۔چاند گرہن شفیع محمد کی طرح فریال گوہر کے کریئر کا بھی ایک سنگِ میل ثابت ہوا لیکن فریال نے بطور اداکارہ اس راہ میں مزید آگے جانے سے گریز کیا جبکہ شفیع محمد منزلوں پہ منزلیں مارتا ہوا فن کی انتہائی بلندیوں تک پہنچ گیا۔
نوجوانی کا دور ختم ہوتے ہی شفیع محمدنے کیریکٹر رول قبول کرنے شروع کردئیے تھے اور کیریکٹر اداکاری کو کمالِ فن تک پہنچایا تھا۔کیریکٹر ایکٹر بننے کا واحد نقصان یہ ہوا کہ شفیع محمد خود کو جسمانی طور پر سمارٹ رکھنے کی ذمہ داری سے آزاد ہوگیا چنانچہ کھانے پینے کی احتیاط سے بھی کنارہ کش ہوگیا۔
جوہر دکھائے۔ خاص طور پر’’چاند گرہن‘‘،’’ دائرے‘‘، ’’آنچ‘‘،’’ بند گلاب‘‘، اور ’’محبت خواب کی صورت‘‘ میں شفیع محمد نے یادگار کارکردگی کا مظاہرہ کیا۔ انہوں نے ریڈیو، تھیٹر، ٹی وی کے علاوہ فلموں میں بھی کام کیا اور اپنی خداداد صلاحیتوں کی بدولت سب کو حیران کر دیا۔ اپنے 30 سالہ کرئیر کے دوران انہوں نے 50 سے زائد ڈرامہ سیریلز میں کام کیا۔ اس کے علاوہ مختلف ٹی وی چینلز میں انہوں نے 100 سے زیادہ اردو اور سندھی زبان کے ڈراموں میں اپنی اداکاری کے جوہر دکھائے۔ شفیع محمد شاہ کے جو دیگر ڈرامے عوام میں بے حد مقبول ہوئے ان میں ’’جنگل، زینت، کالی دھوپ، تپش، زہرباد، کانٹوں سے آگے اور’’ ماروی‘‘ وغیرہ شامل ہیں۔ جیسا کہ عارف وقار نے لکھا کہ انہوں نے کچھ فلموں میں بھی کام کیا۔لاہورکی فلمی دنیا میں انہوں نے اداکار محمد علی کی وساطت سے قدم رکھا جنہوں نے فلم ’’کورا کاغذ‘‘ میں انہیں ایک کردار دلوا یا تھا ۔
انہوں نے فلم ’’ایسا بھی ہوتا ہے‘‘ میں بھی کام کیا جس میں ان کے ساتھ شبنم تھیں۔ یہ ایک کامیاب فلم تھی۔ ’’تلاش‘‘ میں ولن کا کردار ادا کیا اور ایک بار شائقین کو چونکا کے رکھ دیا۔ اس فلم میں ان کے ساتھ ندیم تھے۔ اس کے علاوہ کچھ سری لنکن اداکار بھی تھے۔ شفیع محمد کو فطری اداکاری کہا گیا۔ انہوں نے ہمیشہ معیاری کام کیا۔ ان کے بارے میں کہا جاتا ہے کہ انہوں نے معیار پر کبھی سمجھوتہ نہیں کیا۔ وہ پیپلز پارٹی کے سرگرم رکن بھی تھے اور انہوں نے اکتوبر 2002ء کے انتخابات میں این اے 253کراچی سے حصہ لیا لیکن وہ انتخاب ہار گئے۔ وہ پارٹی کی کلچرل کمیٹی کے رکن بنے۔ انہوں نے آرٹ اور ثقافت کو پروان چڑھانے کے لیے کام کیا۔ 12 مارچ 2004ء کو شفیع محمد نے پاکستان میں یونیسف اور عالمی ادارہ صحت میں شمولیت اختیار کر لی۔ اس کا مقصد یہ تھا کہ وہ والدین کو چھوٹے بچوں کو پولیو کے قطرے پلانے کے حوالے سے آگاہی فراہم کرنے میں مدد کریں۔ شفیع محمد کو 1985 میں پاکستان ٹی وی کی طرف سے بہترین اداکاری کا ایوارڈ ملا۔ انہیں حکومت پاکستان کی طرف سے تمغہ حسن کارکردگی بھی دیا گیا۔
17 نومبر 2007ء کو شفیع محمد شاہ کا سوتے میں انتقال ہو گیا۔ وجہ یہ بتائی گئی کہ ان کے جگر نے کام کرنا چھوڑ دیا تھا۔ انتقال کے دوسال بعد انھیں ستارہ امتیاز سے بھی نوازا گیا۔ اس میں کوئی شک نہیں کہ شفیع محمدکا نام ٹی وی ڈراموں کی تاریخ میں ہمیشہ زندہ رہے گا۔ (تحریر : محمد ارشد لئیق)