
سلطان راہی کا قتل: حقیقت کیا ہے ؟
جنوری 1996 کی ایک سرد رات تھی۔ رات کے تقریباً ساڑھے 12 بج رہے تھے۔ گوجرانوالہ بائی پاس پر سفر کے دوران اچانک گاڑی کا ایک ٹائر پنکچر ہوگیا۔ گاڑی روکنا پڑی۔ سلطان راہی نے اپنے ڈرائیور حاجی احسن علی کو ٹائر تبدیل کرنے کے لیے جیک لگانے کا کہا اور خود اس کے قریب کھڑے ہوگئے۔
ڈرائیور کے مطابق سلطان راہی نے اسے ہدایت کی کہ گاڑی کے نیچے ایسی جگہ جیک لگائے جہاں مناسب جگہ میسر ہو، تاکہ جلد ٹائر تبدیل کرکے وہاں سے روانہ ہوا جاسکے۔ وہ خود اس کے پیروں کی جانب کھڑے ہوگئے تاکہ دھند میں گزرنے والی کوئی گاڑی ڈرائیور کو نقصان نہ پہنچا دے۔
لیکن اس رات کا سفر یہاں ختم ہوگیا۔
حاجی احسن علی ابھی گاڑی کے نیچے ہی تھے کہ اچانک گولی چلنے کی آواز سنائی دی۔ اس کے ساتھ ہی کسی کی چیخ بھی بلند ہوئی۔ یہ وہ لمحہ تھا جب پاکستان کی فلمی صنعت کا ایک بڑا نام سلطان راہی قاتلانہ حملے کا نشانہ بن چکا تھا۔
ڈرائیور کے بیان کے مطابق دو نامعلوم افراد نے اسے پکڑا اور قریبی کھیتوں کی طرف لے گئے۔ دونوں نے شلوار قمیض پہن رکھی تھی، ان کا قد درمیانہ، جسم دبلا اور عمر تقریباً 30 سے 32 سال تھی۔ ملزمان نے اس کی تلاشی لی اور رقم و دیگر سامان حوالے کرنے کا مطالبہ کیا۔
ایف آئی آر میں درج تفصیلات کے مطابق ملزمان سلطان راہی کی گاڑی سے ان کا بریف کیس بھی لے گئے اور پیدل ہی جائے وقوعہ سے فرار ہوگئے۔
سلطان راہی کے قتل کی اطلاع ملتے ہی گوجرانوالہ میں ہلچل مچ گئی۔ ان کے مداح بڑی تعداد میں اسپتال پہنچنے لگے۔ پوسٹ مارٹم کے بعد میت لاہور منتقل کی گئی، جہاں 14 جنوری 1996 کو انہیں شاہ شمس قادری کے مزار کے احاطے میں سپرد خاک کردیا گیا۔
بی بی سی کی ایک رپورٹ میں صحافی اقبال مرزا کے حوالے سے بتایا گیا ہے کہ سلطان راہی کا قتل محض ایک واردات نہیں تھا بلکہ اس نے کئی اہم سوالات کو جنم دیا تھا۔ قاتلوں کی تلاش کے لیے پولیس نے مختلف طریقے اختیار کیے۔ آرمی ڈاگ سینٹر سے سراغ رساں کتے بلائے گئے، جبکہ جائے وقوعہ سے قدموں کے نشانات کی مدد سے ملزمان تک پہنچنے کے لیے کھوجیوں کی خدمات بھی حاصل کی گئیں۔
سراغ رساں کتے ایک ڈیرے پر جا کر رک گئے۔ پولیس نے ڈیرے کے مالک اور وہاں موجود ملازمین کو حراست میں لیا اور ان سے پوچھ گچھ کی، تاہم کوئی قابل ذکر پیش رفت نہ ہوسکی۔
دوسری طرف کھوجیوں نے جائے وقوعہ سے قدموں کے نشانات کا تعاقب شروع کیا۔ مقامی زبان میں اسے کُھرا چلانا کہا جاتا ہے۔ یہ نشانات ایک گاؤں سے گزرتے ہوئے دوبارہ بائی پاس روڈ پر آکر ختم ہوگئے۔ چونکہ آگے پکی سڑک تھی، اس لیے کھوجی مزید سراغ حاصل نہ کرسکے۔ ان کا خیال تھا کہ ملزمان وہاں سے کسی بس میں سوار ہوکر فرار ہوگئے ہوں گے۔
ساجد عرف ساجو کانا کون تھا؟
اس قتل کے کچھ عرصے بعد گوجرانوالہ پولیس نے دعویٰ کیا کہ اس نے سلطان راہی کے قتل میں ملوث ایک شخص ساجد عرف ساجو کانا کو پولیس مقابلے میں ہلاک کردیا ہے۔ ساجد کا تعلق گاؤں مدوخلیل سے تھا، جو جائے وقوعہ سے تقریباً 10 کلومیٹر کے فاصلے پر واقع ہے۔
لیکن کیا واقعی ساجد ہی سلطان راہی کا قاتل تھا؟ پولیس اس نتیجے تک کیسے پہنچی؟
تفتیشی ٹیم کا حصہ رہنے والے سابق پولیس افسر راشد محمود سندھو کے مطابق ابتدائی تحقیقات میں دو اہم باتیں سامنے آئی تھیں۔ پہلی یہ کہ فائرنگ کرنے والا شخص خود بھی زخمی ہوا تھا، جبکہ دوسری یہ کہ واردات کے بعد ملزمان نے ایک مخصوص راستے سے فرار اختیار کیا تھا۔
راشد محمود سندھو کے مطابق مزید تفتیش سے معلوم ہوا کہ رانا اختر کے ڈیرے پر سراغ رساں کتے اس لیے رک گئے تھے کیونکہ مبینہ ملزمان وہاں چند منٹ کے لیے ٹھہرے تھے۔ ڈیرے کے ایک ملازم نے جب باہر موجود افراد سے پوچھا کہ کون ہے تو ایک شخص نے جواب دیا کہ بھائی جی، آپ اندر ہی رہیں، باہر تیز ہوا چل رہی ہے۔ اس کے بعد وہ وہاں سے سڑک کی جانب روانہ ہوگئے۔
تفتیش کے دوران ایک حجام کا بیان بھی سامنے آیا۔ اس نے بتایا کہ اس کا ایک جاننے والا واردات والی رات اپنی کاربین اس کی دکان پر امانتاً رکھوا گیا تھا اور اگلے روز واپس آکر لے گیا۔ حجام کے مطابق یہ شخص ساجد عرف ساجو کانا تھا۔
راشد محمود سندھو کا کہنا تھا کہ چند ماہ بعد جب ساجو کانا پولیس کی گرفت میں آیا تو اس کے بائیں ہاتھ پر زخم کا نشان موجود تھا۔ پولیس کو شبہ تھا کہ یہ وہی شخص ہے جو سلطان راہی پر فائرنگ کے دوران زخمی ہوا تھا، تاہم ساجد اس واردات میں ملوث ہونے کا اعتراف نہیں کر رہا تھا۔
سلطان راہی کا بریف کیس کہاں گیا؟
اس کیس کا ایک اہم پہلو سلطان راہی کا بریف کیس، پاسپورٹ اور دیگر ذاتی اشیا کی عدم برآمدگی بھی ہے۔
ریٹائرڈ ڈی ایس پی راشد محمود سندھو کے مطابق ساجد عرف ساجو کانا کی گرفتاری کے بعد پولیس نے اسے عدالت میں پیش کرکے جسمانی ریمانڈ حاصل کیا۔ پولیس پارٹی اسے سلطان راہی کا بریف کیس اور پاسپورٹ برآمد کرنے کے لیے لے جارہی تھی کہ راستے میں ملزم کے ساتھیوں نے پولیس پر حملہ کردیا۔ فائرنگ کے تبادلے میں ساجد اپنے ہی ساتھیوں کی گولیوں کا نشانہ بن کر ہلاک ہوگیا۔
راشد محمود کے خیال میں اس مرحلے پر پولیس افسران نے جلد بازی کا مظاہرہ کیا۔ ان کے مطابق ساجد کو پولیس مقابلے میں ہلاک کرنے کے بجائے میڈیا کے سامنے پیش کیا جانا چاہیے تھا، تاکہ اس کیس سے متعلق شکوک و شبہات دور کرنے کا موقع ملتا۔
ان کا یہ بھی کہنا تھا کہ سلطان راہی کا پاسپورٹ، بریف کیس اور ذاتی استعمال کی دیگر اشیا کبھی برآمد نہیں ہوسکیں۔ ان کے مطابق یہ سامان واردات میں ملوث فرار ہونے والے ملزمان اپنے ساتھ لے گئے تھے۔
قتل کا معمہ آج بھی برقرار ہے
سلطان راہی کو دنیا سے رخصت ہوئے تین دہائیوں سے زیادہ وقت گزر چکا ہے، لیکن ان کے قتل سے جڑے کئی سوال اب بھی تشنہ جواب ہیں۔ پولیس نے ساجد عرف ساجو کانا کو اس واردات کا ملزم قرار دیا، مگر وہ عدالت میں اپنا مؤقف پیش کرنے سے پہلے ہی مارا گیا۔ اس کے نتیجے میں نہ اس کے خلاف الزامات کی عدالتی جانچ ہوسکی اور نہ ہی اس کی موت کے بعد تفتیش کو کسی حتمی انجام تک پہنچایا جاسکا۔
بریف کیس اور پاسپورٹ بھی کبھی واپس نہ مل سکے۔ یہ بھی واضح نہ ہوسکا کہ واردات کا اصل مقصد صرف لوٹ مار تھا یا اس کے پیچھے کوئی دوسرا محرک بھی موجود تھا۔
پاکستانی فلمی تاریخ کے اس بڑے قتل کا سب سے اہم سوال شاید یہی ہے کہ سلطان راہی کے اصل قاتل کون تھے اور ان کے قتل کی مکمل حقیقت کیا تھی؟
بشکریہ بی بی سی