
اکھ لڑی بدوبدی!
اندرون سندھ کے دور دراز علاقے کا ایک سینما ہے۔ مارچ کا مہینہ ہے۔ موسم خوشگوار ہے۔ رات کے دس بجے ہیں۔ اس سینما ھال کی چھت کھلی ہوئ ہے کہ بقول مشتاق یوسفی گاؤں دیہات کے سینما ھالوں کی چھت ایسی ہوتی ہے کہ گالی اور گولی کو گزرنے میں کوئ دشواری نہ ہو۔
سینما ھال میں فرسٹ کلاس سیکنڈ کلاس اور تھرڈ کلاس کی تفریق اس طرح رکھی گئ ہے کہ تھرڈ کلاس بالکل سینما کی اسکرین کے نیچے بہت قریب لکڑی کی بینچیں قطار در قطار آگے پیچھے رکھ دی گئ ہیں۔ یہاں تماشائیوں کو پردہ بالکل قریب ہونے کی وجہ سے پوری فلم گردن پیچھے کی طرف خم کرکے چہرہ اوپر اٹھا کر دیکھنی ہوتی ہے۔ اس سے پانچ چھ قطار پیچھے قدرے کشادہ اور آرام دہ بنچوں کی آٹھ دس قطاریں آگے پیچھے لگی ہیں۔ یہ سیکنڈ کلاس ہے۔ اس سے پیچھے فرسٹ کلاس ہے جہاں ہر تماشائ کے لئے ایک الگ کرسی رکھی گئ ہے۔ اس کے عقب میں زرا بلندی پر ایک چار فٹ اونچی دیوار کے پیچھے گیلری ہے جہاں بس چند ہی بینچیں اور کرسیوں کی گنجائش ہے۔ یہاں قصبے کے VIP حضرات فلم دیکھتے ہیں۔ اس کا ٹکٹ سب سے مہنگا ہے۔ اس کے بالکل ساتھ ایک دیوار کے پارٹیشن کے بعد بالکل ویسی ہی مختصر گیلری میں خواتین کا انتظام ہے۔ اس گیلری کی دیوار کے اوپر ایک فولادی راڈ لگا کر لمبا پردہ کھینچ دیا گیا ہے۔ جب فلم شروع ہوتی ہے تو سینما ھال میں اندھیرا چھا جاتا ہے اور یہ پردہ کھینچ کر سائڈ میں کردیا جاتا ہے تاکہ خواتین کو بھی اسکرین نظر آسکے۔ جیسے ہی انٹر ویل ہوتا ہے اور ھال کی لائٹیں جلتی ہیں یہ پردہ دوبارہ کھینچ دیا جاتا ہے تاکہ خواتین کی بے پردگی نہ ہو۔ لیکن اس لائٹیں جلنے اور پردہ کھینچنے کے درمیان کے مختصر وقفے میں سارے تماشائیوں کی نظر پردے سے ھٹ کر خواتین کی گیلری کی طرف مرکوز ہوجاتی ہے کہ ان کے لئے یہ بھی کسی لائیو فلم سے کم نہیں۔
بات ہورہی تھی سینما کی۔ تو اس کھلی چھت والے سینما میں رات کی ٹھنڈی ہوا کے جھونکوں سے لطف اندوز ہوتے ہوئے قریبی گوٹھوں دیہاتوں کے عوام ٹھسا ٹھس بھرے ہوئے ہیں۔ سینما میں پنجابی فلم “ بنارسی ٹھگ” لگی ہے جس کا اعلان شہر بھر میں ایک بلند آواز والا شخص ناصر دن بھر ایک تانگے پر بیٹری والے لاؤڈ اسپیکر اور ایمپلی فائر رکھ کر ایک قد آدم کینوس کے بورڈ پر فلم کا پوسٹر چپکا کر بڑے بڑے جلی حروف میں فلم کا نام اور اداکاروں کے نام لکھ کر کرتا پھرتا ہے۔ “ آج رات نور محل ٹاکیز میں دیکھو فلم بنارسی ٹھگ، آگیا وہ شاہکار جس کا تھا انتظار، پھر نہ کہنا ہمیں خبر نہ ہوئ۔ آج رات نور محل ٹاکیز میں ٹھیک نو بجے، بنارسی ٹھگ، بنارسی ٹھگ، بنارسی ٹھگ۔ اس کے بعد وقفے وقفے سے فلم کا مشور گیت “ اکھ لڑی بدوبدی” چلایا جاتا ہے۔
سینما ھال میں سامنے پردے پر اداکارہ ممتاز کے پھڑکتے رقص اور نورجہاں کے گانے پر لوگ کھڑے ہو ہو کر داد دے رہے ہیں۔ فلائنگ کس پھینکے جارہے ہیں۔ نعروں، پھکڑ باز جملوں، سیٹیوں ، قہقہوں کا وہ طوفان ہے کہ کان پڑی آواز سنائ نہیں دے رہی۔ ھل بھینڑاں، واہ ڑے واہ، چھا جو ڈانس تھی کرے، اڑے ڈس تہ سہی، چھورا، ھل ھلا۔۔۔
اور یہ پاکستان کے ہر دیہات اور قصبے میں قائم چھوٹے سینماؤں کا ماحول ہے۔
سن 1973 کی پنجابی فلم بنارسی ٹھگ کا یہ سپر ھٹ گیت سنئے۔ یہاں یہ کلپ لگانے کا مقصد یہ نہیں کہ آپ ممتاز کا پھڑکدار اور جھٹکے دار ڈانس دیکھیں۔ اس ڈانس میں ممتاز نے Pelvic Thrust کا استعمال کیا ہے۔ 90 کی دھائ میں رویناٹنڈن نے مشہور گیت “ تو چیز بڑی ہے مست مست” پر جب یہ Pelvic Thrust کا مظاہرہ کیا تھا تو دھوم مچ گئ تھی۔ لیکن دیکھئے ہماری ممتاز یہ توبہ شکن کام بہت پہلے انجام دے چکی تھیں۔ یہاں آپ کو اس گیت کی کمپوزیشن سنوانا مقصود ہے۔ اس گیت نے جہاں نور جہاں کی مقبولیت میں اضافہ کیا وہاں اداکارہ ممتاز کو بھی راتوں رات شہرت کی بلندیوں پر پہنچا دیا۔ آپ بھی یہ نغمہ سُن کر بے اختیار نور جہاں کو داد دیں گے کہ میڈم نے کیا خوب گایا ہے لیکن۔
جناب جناب جناب
میڈم نے تو خیر کیا خوب گایا۔
لیکن اس نغمے کے دھُن تو دیکھئے کیسی مشکل ہے۔
آپ موسیقار کو ایک کاغذ کے ٹکڑے پر لکھا ہوا نغمہ تھما دیتے ہیں کہ اس کی دھن بنانی ہے۔
اب ایک سیدھے سپاٹ لکھے الفاظ کو موسیقار کیسے سر اور لے کی تال میں ڈھالتا ہے۔ کہاں کونسے الفاظ کو طول دیتا ہے اور کن کو مختصر لوچ دیتا ہے۔
اس میں انترہ دیکھئے کتنا سادہ اور مختصر سا ہے۔ اکھ لڑی بدو بدی، موقع ملے کدی کدی
لیکن استھائ یعنی “کل نئیں کسے نے ویخی مزہ لئیے اج دا “
میں کتنی کھنچائ کی گئ ہے۔ کتنی لے اور سُر تبدیل کئے گئے ہیں۔ عام طور پر کسی بھی کمپوزیشن کا انترہ باآسانی بن جاتا ہے لیکن استھائ بنانا اصل مہارت ہوتی ہے۔ استھائ میں زرا اس مصرعے پر غور کیجئے۔
“ تیرے کولوں دل اساں اک واری منگنا
کیتا انکار تے میں نیڑے نئیوں لنگنا
دوسرے مصرعے میں
کل نئیں کسے نے ویخی
کیسا لمبا کھینچا ہے اور سر بتدریج نیچے سے اوپر کی طرف گئے ہیں جیسے روڈ کنارے کوئ بس دور سے آتی ھارن بجاتی ہوئے آئے زن سے پاس سے نکل کر دور چلی جاتی ہے۔
مزہ لئی اے اج دا کے بعد ایک پاز
اور پھر ھائے ھائے ھائے اکھ لڑے بدوبدی
ایک ایک لفظ پر موسیقار کی گرفت دیکھئے , زرا اس میں” تیرے کولوں دل اساں اک واری منگنا، کو غور سے سنئے، اس میں “تیرے کولوں دل “ کا طول بہت مختصر لیکن اساں کو کھینچ کر اس میں تین انترے لگائے گئے ہیں اور کیسا متاثر کن الاپ ہے اور اس کے فورا” بعد “ کیتا انکار تے میں نیڑے نئیوں لنگنا میں “ لنگھنا” پر لگائ مُرکیاں سنئے۔ استھائ میں ایک خاص ٹکڑے پر تانگہ بیِٹ بھی استعمال ہوئ ہے۔ صرف لفظ “ میں” بہت زیادہ ھائ پچ پر ہے جو اگر میڈم کے علاوہ کوئ دوسری گلوکارہ گائے تو چیخیں نکل جائیں۔ اس کے بعد کھری کھری اور تڑی تڑی, گھڑی گھڑی، اڑی اڑی پر زور اور شوخی و شرارت و شکوہ ۔ یہ کمپوزر کا کمال ہے کہ کن الفاظ کو مختصر رکھنا ہے کن کو طول دینا ہے ، لے، سُر اور تال کو کیسا رکھنا ہے، کونسے آلات موسیقی کا استعمال کرنا ہے، اس گیت میں آپ کو گٹار کے ماسٹر پیس بھی ملیں گے جو کسی طور مغربی موسیقی سے کم نہیں۔ کانگو ڈرم اور وائلن بھی کمال ہے۔ ان سب کے میل جول سے کیسا اس نے کاغذ پر لکھے الفاظ کو مجسم کرکے اس قدر خوبصورت سانچے میں ڈھالا ہے کہ یہ گیت میڈم کے چند مشہور و مقبول گیتوں میں سے ایک ہے۔
کسی بھی گیت کی خوبصورتی میں 90 فیصد کمال تو موسیقار کا ہوتا ہے لیکن افسوس کہ سارا کریڈٹ گلوکار لے جاتا ہے۔ کمپوزر کا تو کوئ نام بھی نہیں جانتا۔ ڈانس نہ دیکھئے۔ آنکھیں بند کرکے گیت سنئے۔
میرے خیال میں اس گیت کی دھن بنیادی یا کلاسکل راگوں پر ہے۔ آج بھی انڈیا کی طرح کوئی ماہر موسیقار اس گیت کو لے اور تال کی تبدیلی سے مکمل راگ داری پر مرتب کرے تو ایک نیا شہکار سامنے آیے گا۔ دوسرا گیت کے بول اور موسیقی کا تاثر زمانے کی قید سے آزاد ہے۔ تصویر کشی اور فلمی رقص تو وقت کے ساتھ ساتھ بدل جاتے ہیں ۔ لیکن اس گیت کا تاثر امر ہے. یہ کام بنیادی موسیقی سے واقف اور راگوں سے شناسا موسیقار ہی کرسکتے ہیں ہر ایک کے بس کی بات نہیں شہکار اور لازوال موسیقی ترتیب دینا۔ میں شرطیہ کہتا ہوں کہ اگر آج بھی ترقی یافتہ یورپی ممالک کے کنسرٹ ھالز میں یہ دھنیں فل آرکسٹرا کے ساتھ پیش کی جائیں تو لوگ سر دھنیں گے۔
امید ہے کہ اب آپ جب بھی کوئ گیت گانا سنیں گے تو اس کے سُر تال اور لے کے ساتھ ساتھ الفاظ کے اتار چڑھاؤ اور اس میں استعمال ہونے والے آلات موسیقی پر بھی غور کریں گے۔ تب آپ کی سمجھ میں موسیقار کا فن و کمال آئے گا۔
اگر پھر بھی موسیقار کا کمال سمجھ نہ آئے تو کوئ بھی غزل یا نظم کسی کتاب سے نکال کر زرا اس کی دھن ترتیب دینے کی کوشش کیجئے۔
بخشی وزیر نے پنجابی فلموں کو وہ لازوال دھنیں بخشیں کہ جن کو گا کر گلوکار امر ہوگئے لیکن بخشی کو چند لوگ ہی جانتے ہیں۔ نہ صرف گلوکار بلکہ اداکارہ ممتاز کو اس گیت نے شہرت کی بلندیوں پر پہنچا دیا۔ اداکارہ ممتاز اس فلم سے پہلے اردو فلم احساس میں جس کے ھیرو ندیم اور ھیروئن شبنم تھیں، ھیروئن کی سہیلی کا مختصر کردار ادا کرچکی تھیں۔ اس فلم میں رونا لیلی کی آواز میں گائے گیت، “ ہمیں کھو کر بہت پچھتاؤ گے جب ہم نہیں ہونگے” پر رقص بھی کرچکی تھیں۔ اس سے پہلے ممتاز کراچی کے اسٹیج پروگرامز میں ڈانس کیا کرتی تھیں۔ مذھب کی کرسچن تھیں۔ لیکن 1973 کی فلم بنارسی ٹھگ کے اس گانے نے راتوں رات ممتاز کو ٹاپ کی ھیروئن بنا دیا جس کے بعد انہوں نے پیچھے مڑ کر نہیں دیکھا۔ 80 کی دھائ تک اردو پنجابی فلموں میں ھیروئن کا کردار ادا کرنے کے بعد یہ کینیڈا منتقل ہوگئیں اور اب بھی وہیں مقیم ہیں۔
اس ساری تمہید کا مقصد یہ بتانا ہے کہ اگر اس گیت کی دھن اتنی خوبصورت نہ ہوتی تو ممتاز شاید ایک مختصر رول ادا کرنے والی یا ڈانسر ہی رہتیں۔ لیکن اس گیت کی خوبصورت کمپوزیشن نے ان کو راتوں رات اسٹار بنا دیا۔ اگر نور جہاں کو خواجہ خورشید انور، بخشی وزیر، طافو، رشید عطرے، ایم اشرف، نثار بزمی اور وزیر علی جیسے موسیقار نہ ملتے تو آج ان کا ایسا نام نہ ہوتا۔
جس طرح بھارت میں لکشمی کانت اور پیارے لال کی کمپوزر جوڑی تھی اس طرح پاکستان میں بخشی اور وزیر کی جوڑی تھی۔
بخشی اور وزیر کی جوڑی کا صرف یہی گیت نہیں۔ انہوں نے دوسرے بھی بے شمار لازوال گیت پنجابی فلموں کو دئے۔
جیسے کہ “ گندلاں دا ساگ تے مکھن مکئ”،
“ جان کڈھ لئ آ بئمانا تو جان والی گل کرکے”
“ جدوں ہولی جئی لینا میرا ناں”
“اے پتر ھٹاں تے نئ وکدے”
گو کہ بخشی اور وزیر نے 1960 سے فلموں میں میوزک دینا شروع کردیا تھا لیکن 1970 میں فلم ات خدا دا ویر میں ان کا کمپوز شدہ گانا جو نور جہاں نے گایا تھا
جدوں ہولی جئ لینا میرا ناں
میں تھاں مر جانی آں
ایک ایسا شاندار گانا بن گیا جس نے ان کی شہرت بڑھا دی۔
1973 کا یہ گیت اکھ لڑے بدوبدی نے تو پنجابی فلموں میں بخشی وزیر کی ڈیمانڈ اس قدر بڑھا دی تھی کہ ان کو سر کھجانے کی فرصت نہیں ملتی تھی۔ پنجابی فلموں کے گیتوں میں نورجہاں کی مقبولیت میں بخشی وزیر کا بڑا ھاتھ ہے۔
بخشی وزیر ہمیشہ یہ کہتے ہوئے فخر محسوس کرتے تھے کہ جب ہدایت کار مسعود پرویز نے اپنی پہلی پاکستانی رنگین پنجابی فلم کی موسیقی ترتیب دینے کے لیے خواجہ خورشید انور سے رابطہ کیا تو خواجہ صاحب نے ان دونوں کی سفارش کی کیونکہ وہ کہیں اور مصروف تھے۔ چنانچہ بخشی وزیر نے پنج دریا کے لیے موسیقی دی۔ نورجہاں کا گانا ’میرے سجرہ پھولاں دے گجرے‘ پیدا ہوا اور اپنے وقت کا ایک انتہائی مقبول گانا بن گیا۔
یہی نہیں، بخشی وزیر کی کمپوزنگ میں اردو کے مشہور شاعروں کی غزلیں بھی لازوال دھنوں کے ساتھ موجود ہیں۔
یہ وہ لیجنڈز ہیں جو دوسروں کو لیجنڈز بنا گئے لیکن ان گاڈ فادر لیجنڈز کو بہت کم لوگ جانتے ہیں۔
بقول انور مقصود بخشی وزیر وہ واحد وزیر ہیں جو بخشے جائیں گے۔۔
ڈسکلیمر:
یہ معلومات آن لائن ذرائع سے حاصل کی گئی ہیں اور صرف اور صرف معلوماتی مقاصد کے لیے پیش کی جا رہی ہیں۔ اس پوسٹ کا مقصد کسی فرد، ادارے، نظریے یا واقعے کے بارے میں حتمی رائے قائم کرنا یا کسی مخصوص نقطۂ نظر کی تائید کرنا نہیں۔ قارئین و سامعین سے گزارش ہے کہ وہ اس مواد کو اپنی صوابدید اور فہم کے مطابق دیکھیں
سنا اللّه خان احسن