جہالت و ظلم کا ننگ ناچ جاری۔۔۔

لیہ میں ایک معروف زمیندار کے باڑے میں کھڑی پندرہ حاملہ بھینسوں کے محض چوبیس گھنٹوں کے اندر پراسرار طور پر مر جانے کا واقعہ سامنے آیا ہے، جسے علاقے میں دشمنی اور بدلے کی ایک انتہائی گھناؤنی اور شرمناک مثال قرار دیا جا رہا ہے۔

متاثرہ زمیندار پیر تصور شاہ کے مطابق کچھ روز قبل ان کے باڑے میں موجود ایک بھینس کی حالت اچانک بگڑ گئی۔ اس وقت وہ خود موقع پر نہیں تھے، تو عملے نے انہیں صورتحال سے آگاہ کیا۔ پیر تصور شاہ نے ہدایت دی کہ فوری علاج کروایا جائے، اور اگر بہتری نہ آئے تو ذبح کر دیا جائے، مگر نوبت ذبح کرنے تک ہی نہ پہنچی اور وہ بھینس ملازمین کے سامنے ہی دم توڑ گئی۔ ان کے گھر واپس پہنچنے کے بعد ان کی آنکھوں کے سامنے مزید دو بھینسیں گر کر ہلاک ہو گئیں، جس پر انہوں نے ہیلپ لائن 15 پر اطلاع دی تو مقامی افراد بھی جمع ہو گئے۔ اسی دوران گاؤں کے ویٹرنری ڈاکٹر نے معائنے کے بعد خدشہ ظاہر کیا کہ جانوروں کو ز۔ہر دیا گیا ہے، تاہم موقع پر پہنچنے والی لائیو اسٹاک ٹیم نے باقی جانوروں کو دیکھ کر تسلی دی کہ وہ محفوظ ہیں۔

شام ڈھلتے ہی جب ہجوم چھٹ گیا اور لوگ اپنے گھروں کو لوٹ گئے تو رات کے پچھلے پہر باقی بھینسیں بھی یکے بعد دیگرے گر کر مرنے لگیں۔ دیکھتے ہی دیکھتے باڑے میں افراتفری اور گاؤں بھر میں تشویش کی لہر دوڑ گئی؛ ہر ممکن علاج اور دیسی نسخے آزمائے گئے، مگر صبح ہونے تک باڑا تقریباً خالی ہو چکا تھا اور کل پندرہ حاملہ بھینسیں چوبیس گھنٹوں کے دوران جان سے ہاتھ دھو بیٹھیں۔

اس بڑے نقصان کے بعد دوبارہ پولیس کو طلب کیا گیا اور محکمہ لائیو اسٹاک بھی موقع پر پہنچا۔ تفتیش کے دوران جب پولیس نے کسی پرانی رنجش یا دشمنی کے حوالے سے دریافت کیا تو پیر تصور شاہ نے کہا کہ اندرونِ خانہ اور باہر بھی مخالفین کی کمی نہیں، مگر بے زبان مویشیوں کو نشانہ بنانے جیسی پست حرکت کا تصور بھی مشکل ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ وہ بغیر ٹھوس شواہد کے کسی پر انگلی نہیں اٹھا سکتے اور معاملہ اللہ کے سپرد کرتے ہیں، تاہم کروڑوں روپے کے مال کا یہ نقصان کوئی اتفاقیہ حادثہ نہیں بلکہ انتقام کی کارروائی معلوم ہوتا ہے۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ پولیس محض اندازوں پر کسی بے قصور کو ہراساں کرنے کے بجائے شفاف تفتیش کرے، ٹھوس شواہد اکٹھے کرے اور اصل ذمہ دار کو قانون کے کٹہرے میں لائے۔

Leave a Comment