
یہ اسسٹنٹ کمشنر سمبڑیال عدنان بشیر وڑائچ ہیں۔ ایک مقام پر ایک بزرگ خاتون کے ساتھ چارپائی پر بیٹھے ہیں اور ماں جی ان کے ساتھ ایسی محبت بھری اور معصومانہ گفتگو کر رہی ہیں کہ ویڈیو دیکھ کر آپ بھی مسکرائے بغیر نہیں رہ سکیں گے۔
باتوں باتوں میں ماں جی انہیں پیار سے ڈانٹتے ہوئے کہتی ہیں کہ چنگے کم کریا کر، نہیں تے میرے کولوں مار کھائیں گا یعنی اچھے کام کیا کرو، ورنہ مجھ سے مار کھاؤ گے۔
اسسٹنٹ کمشنر عدنان بشیر بھی ان کی باتیں بڑے احترام اور تحمل سے سنتے ہیں۔ ماں جی بتاتی ہیں کہ ان کی پہنچ ڈی ایس پی تک ہے جو انہیں اپنی ماں کہتے ہیں۔ وہ کہتی ہیں کہ میں کسی سے نہیں ڈرتی، تم سے بھی نہیں ڈرتی۔ ان کے مطابق ڈی ایس پی بیٹے نے انہیں بتایا ہے کہ اماں! پاسپورٹ بنوا لو، تمہیں عمرے پر بھیجوں گا۔ یہ سن کر عدنان بشیر وڑائچ کہتے ہیں کہ اچھی بات ہے ماں جی لیکن عمرے پر جانے سے پہلے مجھے ضرور بتائیے گا، آپ کے عمرے کا ٹکٹ میری ذمہ داری ہوگا۔ اس پر ماں جی اپنی معصومیت برقرار رکھتے ہوئے انہیں پیار سے تھپڑ مارتی ہیں اور پوچھتی ہیں کہ ٹکٹ تم دو گے یا جو پاسپورٹ بنوائے گا وہ دے گا؟ ماں جی کے اس بے تکلف انداز اور اسسٹنٹ کمشنر کے تحمل نے سوشل میڈیا صارفین کے چہروں پر مسکراہٹ بکھیر دی ہے۔
عدنان بشیر وڑائچ اپنے عوام دوست رویے کی وجہ سے ہمیشہ سراہا جاتے ہیں۔ ان کا انداز ہی یہ ہے۔ کسی معاملے پر کارروائی کرنے سے پہلے خود موقع پر پہنچ کر حالات و واقعات کا جائزہ لیتے ہیں، لوگوں سے بات کرتے ہیں اور انہیں سمجھانے کی کوشش کرتے ہیں۔ اگر معاملہ اس کے باوجود حل نہ ہو تو پھر قانون کے مطابق کارروائی کرتے ہیں۔
بطور اسسٹنٹ کمشنر سمبڑیال وہ تجاوزات کے خاتمے، صفائی کے انتظامات، شہریوں کی شکایات اور مختلف سرکاری محکموں کی کارکردگی کی نگرانی سمیت متعدد انتظامی امور میں سرگرم دکھائی دیتے ہیں۔ وہ کھلی کچہریوں میں شہریوں کے مسائل بھی سنتے رہے ہیں۔ اس کے علاوہ طلباء کی رہنمائی کے لیے ‘درسگاہ بائی عدنان بشیر’ کے نام سے آن لائن تعلیمی پلیٹ فارم بھی چلا رہے ہیں جہاں مقابلے کے امتحانات کی تیاری میں رہنمائی فراہم کی جاتی ہے۔
ان کے بارے میں ایک بات جو اکثر سننے کو ملتی ہے وہ ان کا عوام دوست رویہ اور تحمل مزاجی ہے۔ لوگوں سے براہ راست ملنا، ان کے مسائل سننا اور انہیں عزت دینا ان کے انداز کار کا حصہ ہے۔ کئی مواقع پر وہ مشکل اور تلخ صورتحال میں بھی اپنے غصے پر قابو رکھتے اور تحمل سے بات کرتے دکھائی دیتے ہیں۔ ذاتی طور پر بھی ان کے بارے میں ہمیشہ اچھے تاثرات اور تعریف ہی سننے کو ملی ہے۔ انہیں عوام کے ساتھ گھلنے ملنے اور ان کے درمیان بیٹھ کر بات کرنے میں کوئی جھجک محسوس نہیں ہوتی۔