
اس امریکی لڑکے نے جیسے ہی نئی گیم GTA 6 ریلیز ہوئی، اس کا مشن مکمل کرنے کے لیے لگاتار ساڑھے 52 گھنٹے تک بغیر سوئے ایک ہی نشست میں گیم ختم کر کے آن لائن سٹریمنگ کا ایک غیر سرکاری ریکارڈ بنا ڈالا ہے۔ واضح رہے کہ مسلسل جاگنے کا عالمی ریکارڈ تقریباً 11 دن اور 25 منٹ کا رہا ہے، تاہم شدید طبی خطرات کے پیشِ نظر گنیز ورلڈ ریکارڈز نے اب سب سے زیادہ دیر تک جاگنے کی کیٹیگری بند کر دی ہے۔
ان 52 گھنٹوں کی مسلسل گیمنگ کے دوران یہ امریکی لڑکا لائیو کیمرے کے سامنے ہی فاسٹ فوڈ، پانی اور انرجی ڈرنکس استعمال کرتا رہا تاکہ انرجی بحال رہے، البتہ واش روم کے لیے دس منٹ کی بریک لازمی لی جاتی رہی۔
یہ مسلسل لائیو براڈکاسٹ جب ساڑھے 52 گھنٹے کے بعد مکمل ہوئی تو اس کی سٹریمنگ کے ویوز لگ بھگ ایک کروڑ سے زائد ہو چکے تھے۔ ایک اندازے کے مطابق اس طویل ویڈیو پر چلنے والے اشتہارات سے اسے تقریباً 30 ہزار امریکی ڈالر کے قریب آمدن ہوئی، جبکہ اس کے علاوہ سپر چیٹس اور ڈونیشن کی مد میں تقریباً 40 ہزار امریکی ڈالر حاصل ہوئے۔ اس میراتھن طرز کی سٹریم سے اس لڑکے نے براہِ راست لگ بھگ 70 ہزار امریکی ڈالر کمائے جو پاکستانی کرنسی میں تقریباً دو کروڑ روپے بنتے ہیں، جبکہ وائرل کلپس اور نئے سبسکرائبرز کا فائدہ اس کے علاوہ ہے۔
تاہم، مسلسل دو دن سے زائد وقت تک جاگنے کے باعث اس لڑکے، جس کا انٹرنیٹ نام آئی شو سپیڈ (IShowSpeed) ہے، کو شدید تھکاوٹ اور چڑچڑے پن سے گزرنا پڑا۔ خصوصاً 35 گھنٹے گزرنے کے بعد ان کا مزاج انتہائی چڑچڑا ہو گیا اور ان کے لیے توجہ مرکوز کرنا مشکل ہو گیا تھا۔ مسلسل سکرین دیکھنے سے آنکھوں میں شدید جلن اور سرخی آ گئی، جبکہ چیخنے کی وجہ سے گلا بیٹھ گیا۔ آخری گھنٹوں میں ان کی گفتگو بھی غیر مربوط ہونے لگی، ردِعمل انتہائی سست پڑ گیا اور نیند کی کمی کے باعث ہلکی مدہوشی کی کیفیت کے آثار نظر آنے لگے۔ جیسے ہی سٹریم ختم ہوئی تو وہ گہری نیند سو گیا۔
گنیز ورلڈ ریکارڈز کے مطابق تاریخ میں سب سے زیادہ مسلسل گیم کھیلنے کا ریکارڈ 2012 میں اوکان کایا نے مسلسل 135 گھنٹے اور 50 منٹ تک گیم کھیل کر بنایا تھا، جسے 2023 میں ہالینڈ کے کوین ٹمرز نے 138 گھنٹے تک گیم کھیل کر توڑا تھا۔ تاہم اب گنیز بک آف ورلڈ ریکارڈز نے مسلسل جاگنے کے عالمی ریکارڈز کی کیٹیگری بند کر دی ہے کیونکہ اس سے غیر معمولی حد تک ذہنی اور جسمانی صحت کے خطرات بڑھ گئے تھے۔
یہاں یہ بات بھی قابلِ ذکر ہے کہ آئی شو سپیڈ، جن کا اصل نام ڈیرن جیسن واٹکنز جونیئر ہے، امریکہ کے رہائشی ہیں اور پرتگالی فٹبالر کرسٹیانو رونالڈو کے بہت بڑے مداح (ڈائی ہارڈ فین) ہیں۔ رونالڈو کے لیے ان کی اسی غیر معمولی محبت کے باعث پرتگالی فٹبال فیڈریشن نے خصوصی طور پر ان کی ملاقات کرسٹیانو رونالڈو سے کروائی تھی۔
ویسے اگر آپ کو 52 گھنٹے جاگنے کے بدلے ایک کروڑ روپے ملیں، تو کیا آپ ایسا کریں گے؟