
‘میں چاہتی ہوں میرے بچے افسر بنیں، صاحب بنیں، لوگ ان کے ماتحت کام کریں، انہیں کسی کے ماتحت کام نہ کرنا پڑے۔’
یہ الفاظ ہیں ڈی ایچ اے والی میڈ کے جن کی ایک ویڈیو سوشل میڈیا پر سامنے آئی تو ہزاروں لوگوں نے انہیں دعائیں دیں۔ ویڈیو میں وہ اپنے بچوں کے نئے سکول کے لیے یونیفارم خرید رہی تھیں۔ تینوں بچوں کو تیار کرکے سکول بھیجتے ہوئے ان کے چہرے پر خوشی تھی اور آنکھوں میں ایک ماں کا خواب تھا۔ شاید انہیں بھی اندازہ نہیں تھا کہ چند ہزار روپے ماہانہ کمانے سے شروع ہونے والا ان کا سفر ایک دن انہیں پاکستان کی معروف ڈیجیٹل کریئیٹرز کی صف میں لا کھڑا کرے گا۔۔۔
ڈی ایچ اے والی میڈ کے نام سے مشہور یہ خاتون لاہور میں گھروں میں کام کرتی تھیں۔ ان کی زندگی بھی ہزاروں دوسری محنت کش خواتین جیسی تھی۔ صبح سے شام تک گھر کے کام، بچوں کی پرورش اور محدود آمدن میں زندگی گزارنے کی جدوجہد۔۔۔ انہوں نے اپنے ایک انٹرویو میں بتایا کہ جب انہوں نے موجودہ مالکن کے گھر کام شروع کیا تو انہیں صرف 6 ہزار روپے ماہانہ ملتے تھے۔ اس کے علاوہ وہ مزید تین گھروں میں بھی کام کیا کرتی تھیں۔
ان کی زندگی میں ایک تبدیلی اس وقت آئی جب جس گھر میں وہ کام کرتی تھیں وہاں کی مالکن نے انہیں روزمرہ زندگی کی ویڈیوز بنانے اور سوشل میڈیا پر شیئر کرنے کی حوصلہ افزائی کی۔ وہ گھر میں کھانا پکانے، صفائی کرنے، مختلف کاموں اور روزمرہ معمولات کی ویڈیوز بنانے لگیں۔ وہ اپنی عام زندگی دکھاتی تھیں اور یہی سادگی لوگوں کو پسند آنے لگی۔
آہستہ آہستہ ان کی ویڈیوز وائرل ہونے لگیں۔ انسٹاگرام، ٹک ٹاک اور یوٹیوب پر ان کے فالوورز بڑھتے گئے۔ ان کا انداز لوگوں کو اس لیے بھی اچھا لگتا تھا کہ وہ بناوٹ کی بجائے اپنی روزمرہ زندگی کو مزاحیہ اور دلچسپ انداز میں پیش کرتی تھیں۔ یوٹیوب پر ان کے سبسکرائبرز کی تعداد 10 لاکھ سے بھی تجاوز کر گئی لیکن ان کی شہرت کی کہانی کا سب سے خوبصورت پہلو ان کے بچے ہیں۔
انہوں نے بتایا کہ وہ تقریباً پانچ سال سے ایک ہی گھر میں کام کر رہی تھیں۔ جب ان کی مالی حالت کچھ بہتر ہوئی تو سب سے پہلے بچوں کو اپنے گاؤں کے ایک پرائیویٹ سکول میں داخل کرایا لیکن وہاں تعلیم کے معیار سے مطمئن نہ ہوئیں۔ پھر لاہور میں بچوں کے لیے بہتر سکول تلاش کرنے کا فیصلہ کیا۔ اس مقصد کے لیے انہوں نے ایچی سن کالج، بیکن ہاؤس اور دی سٹی سکول جیسے معروف تعلیمی اداروں کا بھی دورہ کیا۔
اگست 2026 میں انہوں نے بتایا کہ جب ان کی آمدن بہتر ہوئی تو ان کی خواہش تھی کہ بچے سرکاری سکول کی بجائے کسی اچھے پرائیویٹ سکول میں تعلیم حاصل کریں۔ ستمبر میں انہوں نے ایک ویڈیو شیئر کی جس میں تینوں بچوں کے لیے نئے سکول کے یونیفارم خریدا، انہیں تیار کیا اور سکول روانہ کیا۔
ان کی سوشل میڈیا سے بڑھتی ہوئی آمدن نے زندگی میں مزید تبدیلیاں بھی پیدا کیں۔ نومبر 2026 میں سامنے آنے والی رپورٹ کے مطابق وہ نئے گھر میں منتقل ہو چکی ہیں اور بچوں کی تعلیم کے لیے بھی پہلے سے بہتر انتظام کر رہی ہیں۔ اور اب ان کی اس کامیابی میں ایک نیا باب شامل ہو گیا ہے۔ پاکستان میں پہلی مرتبہ ہونے والے پاکستان انفلوئنسر ایوارڈز میں ڈی ایچ اے والی میڈ نے YouTube Creator of the Year (Female) کا ایوارڈ اپنے نام کر لیا ہے۔ اس کیٹیگری میں ان کا مقابلہ سسٹرالوجی (Sistrology)، انایا ایشال فیملی، سہریش اینڈ لقمان وی لاگز اور لائف ود آمنہ جیسے معروف ڈیجیٹل کریئیٹرز سے تھا۔۔۔
اب دلچسپ بات یہ ہے کہ اس ایوارڈ کے بعد ایک نئی بحث بھی شروع ہو گئی ہے۔ سوشل میڈیا پر ایک صاحب کی ویڈیو سامنے آئی جس میں وہ تنقید کرتے ہوئے کہہ رہے تھے کہ یہ ایوارڈ تو سسٹرالوجی کا حق بنتا تھا۔ بھئی اگر سسٹرالوجی نامزد تھی تو ڈی ایچ اے والی میڈ بھی اسی کیٹیگری میں نامزد تھیں۔ جب عوام نے ووٹس دیے، جیوری اور کارکردگی کے جائزے کے بعد فیصلہ ہوا اور ایوارڈ ڈی ایچ اے والی میڈ کو ملا تو پھر کسی دوسرے کے حق کا دعویٰ کس بنیاد پر؟ کیا کسی کی محنت اور کامیابی کو صرف اس لیے کم اہمیت دی جائے کہ وہ روایتی مشہور یوٹیوبر نہیں بلکہ ایک گھریلو ملازمہ رہی ہے؟
ذرا اس خاتون کا سفر بھی تو دیکھیے۔ کبھی تین چار گھروں میں کام کرکے بچوں کا پیٹ پالتی تھیں، پھر سوشل میڈیا پر اپنی پہچان بنائی، اپنی آمدن بہتر کی، بچوں کو اچھے سکول میں داخل کرایا اور اب یوٹیوب کریئیٹر آف دی ایئر کا ایوارڈ بھی جیت لیا۔۔۔ اصل کامیابی یہی ہے کہ انہوں نے اپنی شہرت کو اپنے بچوں کے مستقبل کے لیے استعمال کیا۔ اور مجھے لگتا ہے کہ ان کے بچوں کے لیے اس ایوارڈ سے بھی بڑا خوشی کا دن وہ ہوگا جب ان کی ماں کا خواب پورا ہوگا اور وہ واقعی افسر بن کر سامنے آئیں گے۔۔۔