اعتزاز حسن نے اپنی ماں کو تو رلایا مگر سینکڑوں ماؤں کی گود اجڑنے سے بچا لی۔۔۔

15 سالہ اعتزاز حسن معمول کے مطابق پیر کی صبح اپنے دوستوں کے ساتھ سکول جا رہا تھا۔ راستے میں سکول یونیفارم پہنے ایک نوجوان نے اس سے سرکاری ہائی سکول ابراہیم زئی کا پتہ پوچھا۔ اس کا حلیہ دیکھ کراعتزاز کو اس پر شک ہوا۔ اعتزاز نے پوچھا، “آپ تو ہمارے سکول کے طالب علم نہیں ہیں؟” اس شخص نے جواب دیا کہ وہ اسی سکول کا طالب علم ہے، مگر اعتزاز کو یقین نہ آیا۔

اسی بحث و تکرار میں اعتزاز اور اس کے دوستوں کو اس کی حقیقت کا اندازہ ہو گیا کہ یہ ایک تخریب کار ہے اور دوستوں نے اعتزاز کو پیچھے ہٹنے کا کہا۔ مگر اعتزاز نے جواب دیا: “تم سب پیچھے ہٹ جاؤ، میں اسے روکتا ہوں، ورنہ یہ سکول جا کر تباہی مچا دے گا۔”

اُس وقت سکول کی اسمبلی جاری تھی، جہاں تقریباً ایک ہزار بچے موجود تھے۔ اعتزاز نے اپنی جان کی پروا کیے بغیر خودکش حملہ آور کو روکنے کی کوشش کی جس پر بمبار نے خود کو دھماکے سے اڑا دیا، جس میں اعتزاز حسن بھی شہید ہو گیا اس طرح اعتزاز حسن نے اپنی جان قربان کر کے ان ہزار بچوں کی جان بچا لی جو اسمبلی میں موجود تھے۔

اعتزاز حسن کے والد جو کہ ابوظہبی میں مزدوری کرتے ہیں اور ان کا اعتزاز کے علاوہ ایک بیٹا اور دو بیٹیاں ہیں انہوں نے اپنے بیٹے کی شہادت پر ایک ایسا جملہ کہا جو ہمیشہ یاد رکھا جائے گا انہوں نے کہا: “وہ اپنی ماں کو رُلا کر سینکڑوں ماؤں کو رونے سے بچا گیا ہے اس لیے ہمارے پاس کوئی تعزیت کے لیے نا آئے بلکہ ’شہادت‘ کی مبارک باد دینے آئیں۔“

اگر اُس دن اعتزاز حسن چند لمحوں کے لیے بھی خوفزدہ ہو کر پیچھے ہٹ جاتا، تو نہ جانے کتنے گھروں میں قیامت برپا ہو جاتی۔ ہماری ذمہ داری ہے کہ ہم اپنے قومی ہیروز کی قربانیوں کو نئی نسل تک پہنچائیں، تاکہ ہمارے بچے جان سکیں کہ ایک حقیقی ہیرو کون ہوتا ہے، بہادری کیا ہوتی ہے، اور وطن و انسانیت کے لیے جان قربان کرنے کا جذبہ کیا ہوتا ہے۔

Leave a Comment