
طویل تحریر ہے، وقت دستیاب اور طبیعت مائل ہو تو مطالعہ کا بار اٹھائیے۔ یہ میری جلد شائع ہونے والی کتاب “ملتان اور اس کے بالاخانے” کا پہلا باب ہے۔
باب اول
اٹھاون برس ہو گئے اس شہر میں رہتے۔ مجھے نہیں یاد کہ کب اور کس نے مجھے پہلی دفعہ بتایا کہ اس قدیم شہر میں ایک بازارِ حسن بھی ہے۔ تاہم اتنا یاد ہے کہ جب بھی سنا تھا، بازارِحسن جیسی نازک اصطلاح اس کے لئے استعمال نہ ہوئی تھی بلکہ اسے ”چکلہ“ کے غیر جمالیاتی نام سے یاد کیا گیاتھا۔ بازارِ حسن یا بالاخانہ کی اصطلاح سن کر کانوں میں صوت و آہنگ کا جمال گونجنے لگتا ہے اور حرف واعضا کی شاعری کا بھید بھاو خیالوں میں لَو دینے لگتا ہے۔ دوسری جانب چکلہ ایک بدبودار لفظ ہے۔ اس کا نام سنتے ہی منٹو کی سوگندھی کی کھولی کا پُرتعفن منظر تازہ ہو جاتا ہے۔ رام لال جیسے دلال خیالوں میں دندنانے لگتے ہیں۔ جنسی عمل بلاشبہ اپنا ایک جمال رکھتا ہے لیکن جب اسے تجارتی بنیادوں پر کیا جائے تو ایک بے زار کن، چپچپا اور ناگوار تعفن دینے لگتا ہے۔ جیسے گھر کی رسوئی میں پکے کھانے کا مقابلہ اچھے سے اچھے ہوٹل کا کھانا نہیں کر سکتا۔ جب تجارت کی غرض سے کھانا ہر وقت پکے گا تو کچن کو صاف رکھنا کیوں کر ممکن ہے۔
میرے لئے تو بازارِ حسن کی اصطلاح ایک جمالیاتی کشش رکھتی تھی۔ اس کا نام آتے ہی تصور میں امراو جان ادا کے کوٹھے کا تصور ابھرتا جہاں شعروادب کی نشستیں برپا ہو رہی ہیں۔ محرابی دالان ہیں اور سفید براق چاندنی کا فرش۔ گاﺅ تکئے رکھے ہیں اور ان سے ٹیک لگائے شرفا¿ بیٹھے ہیں۔ اساتذہ اپنے ساز سامنے رکھے ایک جانب ترتیب سے موجود ہیں اور رانی پیروں میں گھنگھرو باندھے گا رہی ہیں ” کاٹے نہ کٹے رے رتیاں….“ رونالیلیٰ کی سریلی آواز روح کے تار چھیڑ رہی ہے۔ شاعری، موسیقی، رقص جیسے فنون کی لپٹیں اُٹھ رہی ہیں۔ مگر میرے شہر میں ،ملتان میں کہ اپنے خطے کا غیر علانیہ صدر مقام ہے، ایسا کچھ نہ تھا۔ یہاں اگرکچھ تھا تو بد بودار، سیلن کا مارا ہوا چکلہ۔
میرا لڑکپن وہ زمانہ ہے جب چکلے میں حرام کاری جار ی تھی لیکن موسیقی اور رقص کو غیر ا سلامی قرار دے کر اس بازار پر پابندی لگ چکی تھی۔ بتایا جاتا ہے کہ ملتان کے بالا خانے 1980ء میں بند کر دئیے گئے تھے۔ لاہور کا بازار البتہ 2005ء تک جیسا تیسا آباد رہا اور پھر رفتہ رفتہ اپنی موت آپ مر گیا ۔
یہ بھی پتہ نہیں کب میں پہلی دفعہ ملتان کے گل روڈ سے، جو بازارِ حسن کا مرکز ہوا کرتا تھا، گزرا۔ جب آپ اندرون شہر ملتان کی فصیل سے نکلنے کے لئے پاک دروازے کا استعمال کرتے ہیں تو ڈھلان اترتے ہی آپ کے سامنے سر کلر روڈ ہوتی ہے۔ اسے پار کر کے سیدھے اترتے چلے جائیے۔ تھوڑا آگے جاکر یہ راستہ دو شاخہ ہو جائے گا۔ سیدھا راستہ محلہ بھیتی سرائے کو جاتا ہے جبکہ دائیں جانب والا گل روڈ کا نقطہ آغاز ہے۔ یہ تو ہمیں پتہ ہے کہ گئے وقتوں میں شہر کے دروازوں کے باہر سرائے ہوا کرتے تھے۔ دروازے چوں کہ سرِ شام بند کردئیے جاتے تھے چناں چہ دور دراز کا کوئی مسافر اگر تاروں کی چھاﺅں میں شہر پناہ کے باہر اترنے پر دروازہ بند پاتا تا شب بسری کے لئے یہ سرائے میزبانی کو حاضر ہوتے۔ سنتے ہیں کہ یہاں بھیدی نام کے کسی ہندو کا سرائے تھا سو یہ ”بھیدی سرائے“ کے نام سے معروف تھا۔ یہی بھیدی بگڑتے بگڑتے بھیتی بن گیا۔ خیر! ہم گل روڈ کی طرف جارہے تھے۔ گل روڈ آگے جا کر نشاط روڈ پر ختم ہو جاتی ہے۔
جب میں پہلی دفعہ یہاں گیا تو ابھی گل روڈ کے دونوں جانب جھرو کے باقی تھے، محرابی کھڑکیاں اور در یچے موجود تھے۔ ان کو اجڑے ابھی کچھ ہی سال ہوئے تھے۔ گل روڈ پر چلتے ہوئے جب میں نظر اٹھا کر ان در یچوں کو دیکھتا تو یک بہ یک سورج چھپ جا تا۔رات بھیگنے لگتی اور ان جھروکوں میں روشن روشن چہرے طلوع ہوتے۔کھلکھلاتے ، معنی خیز مسکرا ہٹیں بکھیرتے اور آنکھوں سے ابلاغ کرتے چہرے۔ پس منظر میں طبلے کی تھاپ اورہارمونیم کے ٹانٹے (تیز، تیکھے) سُر سماعتوں میں رس گھولنے لگتے۔ ابھی میں آنکھوں کے غیر مرئی وسیلہ سے نامہ و پیام وصول و ارسال کر ہی رہا ہوتا کہ کسی گدھا گاڑی والے کی آواز ”بچ اوئے چھوہرا“ مجھے واپس تپتے سورج تلے کھینچ لاتی…. دریچے، کھڑکیاں ویران ہو جاتیں۔ بڑی بڑی مونچھوں والا ضیاءالحق ہاتھ میں ڈنڈا لئے گل روڈ پر ٹہلنے لگتا اور اس ڈنڈے کی زد پر بند کرائی گئی کھڑکیوں کے پیچھے غازہ بند چہرے خوف سے فق ہو جاتے ۔
پچھلی صدی کی نوے کی دہائی کے ابتدائی برس تھے، ہم چند دوست مل کر لاہور گئے ۔ تب ہمارے ایک ”جہاں دیدہ“ دوست نے کہا ”یار چلو آج تمہیں ہیرامنڈی دکھاتے ہیں“۔ میری کانوں کی لوئیں گرم ہو گئیں اور دل کی دھڑکن تیز ہو گئی۔ اس نے بتایا کہ شب گیارہ سے ایک بجے کے دوران کھلتا ہے بازارِ حسن۔
مجھے ان چوکوں اورگلیوں کے نام نہیں آتے۔ بس اتنا یاد ہے کہ قلعہ اور بادشاہی مسجد کے جنوبی سمت وہ گلیاں تھیں۔ ایک چوراہا تھا جہاں پھجے پائے والے کی دکان تھی،ساتھ ہی ایک پراگندہ حال سینما تھا۔ وہیں سے وہ گلیاں پھوٹتی تھیں۔ ان گلیوں میں روشنیاں تھیں اور رونق تھی بہت۔ اوپری منزل کے در یچوں سے بھی غازہ سے لپے چہرے جھانکتے تھے تاہم اکثر گھروں کی زیریں منزلوں کی کھڑکیاں بھی کھلی تھیں اور ان میں حُسن سجا تھا۔ میرے ذہن میں بازارِ حسن کا تصور پڑوسیوں کی فلم ”پاکیزہ“ کے کوٹھوں جیسا تھا۔ بڑے بڑے محرابی دالانوں والے کوٹھے لیکن یہاں تو منظر اور ہی طرح کا تھا…. کھلی کھڑکیوں سے جو نظر آتا وہ تنگ دامنی کی شکایت کرتی ہوئی بیٹھکیں تھیں، بارہ ضرب چودہ فٹ کی یا اس سے قدرے چھوٹی، بڑی بیٹھکیں۔ انہی میں سا زندے ٹھنسے ہیں۔ تماش بین بھی یہیں بیٹھیں گے اور رقاصہ بھی یہیں رقص کرے گی۔ گویا پنجابی والا ”گھڑ مس“ مچا ہوا تھا۔
ہم گھنٹہ ڈیڑھ گھنٹہ وہاں گھومتے رہے۔ کسی بالا خانے کی سیڑھیاں چڑھنے کی یاکسی بیٹھک کی دہلیز پار کرنے کی ہمت نہ ہوئی۔ ایک تو وہاں کے دستور اور طور طریقے سے ناواقفیت کا خوف آڑے تھا۔ سینما یا تھیٹرکی طرح کوئی ٹکٹ گھر تو تھا نہیں کہ ہم ٹکٹ خرید کر اندر جا بیٹھتے۔ اتنا فلموں میں ضرور دیکھا تھا رقص کرتے حسن پر نوٹ نچھاور کئے جاتے ہیں۔ اب ہم کہ طالب علم تھے، جن کے کھیسے (جیبیں) اپنی متاع پر خود شرمندہ رہا کرتے ہیں۔ چنانچہ متوقع شرمندگی سے بچنے کے لئے ہم نے ہمت ہی نہیں کی۔ ہمیں لے کر جانے والا دوست اب جنت مکانی ہو چکا۔ وہ بڑا بے خوف اور معاملات طے کرلینے والا بندہ تھا لیکن رقص دیکھنے اور گانا سننے کو وہ کارِ فضول سمجھتا تھا۔ وہ ابنِ انشا ¿کا پیرو تھا۔
اُس حُسن کے سچے موتی کو ہم دیکھ سکیں پر چھونہ سکیں
جسے دیکھ سکیں اور چھو نہ سکیں، وہ موتی کیا، وہ خزانہ کیا
لہٰذا ہم اُس بازار سے ونڈو شاپنگ کر کے لوٹ آئے۔ اس کے بعد بھی کئی مرتبہ جانا ہوا لیکن کسی دکان میں داخل ہونے کی ہمت نہ کرسکا۔ اکیسویں صدی کے ابتدائی دنوں میں تو ایک مرتبہ میں اپنی اہلیہ ڈاکٹر عالیہ نکہت کو بھی یہ بازار دکھانے لے گیا۔ تب اس بازار پر سکرات کا عالم تھا۔ اسی فی صد سے زائد دکانیں بند ہو چکی تھیں۔ وہ گلیاں جہاں سے دو اجنبی شانوں کا اک دوجے سے ٹکرائے بغیر گزرنا ممکن نہ ہوا کرتا تھا، وہاں ہم گاڑی چلاتے پھرتے تھے۔ ٹانواں ٹانواں کوٹھا یا بیٹھک آباد تھے۔ ان کے دریچوں میں ریکارڈ شدہ موسیقی سے ہارے ہوئے گلے اور سی ڈی کلچر سے مات کھائے ہوئے اعضا کی شاعری کرنے والے بچے کھچے بدن چہروں پہ اضمحال لئے ویران آنکھوں سے نیم روشن گلیوں میں جھانکتے تھے۔ شاذ ہی کسی بیٹھک کے کواڑ بند نظر آئے۔ (جہاں تماش بین آجاتے وہاں کواڑ بھیڑ لئے جاتے جن کے پیچھے سے طبلے کی تھاپ اور ہارمونیم کے سُر سنائی دیتے)
بازار تو دیکھ لیالیکن عالیہ رات بھر ہراساں و پریشاں رہیں کہ کوئی دکان بھلا ایسی کیوں کر ہوسکتی ہے کہ جس کے شوکیس میں انسان سجائے جاتے ہوں۔ بھاڑے پر دست یاب انسانی جسموں کے شو روم کیسے ممکن ہیں؟ کبھی مویشی منڈی میں کوئی بیل،کسی گائے کو خریدنے آیا ہے؟ کسی بکرے نے دوسرے بکرے یا بکری کا مول لگایا؟ یہ کیسی منڈی ہے کہ جہاں انسان، انسان کا خریدار ہے۔
میں عرض کررہا تھا کہ لاہور کے بازار حسن کو دیکھ کر مایوسی ہوئی۔ کتابوں میں پڑھی اور فلموں میں دیکھی سبھی باتیں افسانہ لگنے لگیں۔ روشنیاں ضرور تھیں لیکن گرد و پیش سے میلے پَن کا ایک مجموعی تاثرا ٹھتا تھا۔ پڑھا تھا کہ شرفا کی اولادیں زبان کا شین قاف درست کرنے کو اور تہذیب کی نک سُک سے سنوارنے کو یہاں آیا کرتے تھے ۔ہم نے تو باقر شمسی کی کتاب میں پڑھا تھا کہ ”لکھنو کی طوائفیں تہذیب، سخن سنجی، حسن و جمال اور کمالِ فن میں مشہور تھیں۔ رئیس زادے ان کے ہاں جاتے تو سروقد تعظیم کے لئے کھڑی ہوجاتیں اور کمر تک جھک کے سات سات تسلیمیں بجالاتیں، اپنی جگہ سے ہٹ کے انہیں صدر میں مسند پر بٹھاتیں اور خود دوسری طرف فرش کے کونے پر بیٹھتیں۔ پاندان اٹھا کے ان کے آگے رکھ دیا جاتا ، وہ پان لگا کے خاصدان میں دونوں ہاتھوں پر رکھ کے پیش کرتیں اور اگر گانے کی فرمائش کی تو سازندے آتے اور جھک جھک کر تسلیمیں کر کے بیٹھ جاتے۔ گانا شروع ہوتا، تعریف پر اٹھ اٹھ کر تسلیمیں کرتیں“۔
لیکن لاہور کے بازار حسن میں ”اوئے طوئے“ کی پکاریں سننے کو ملیں۔ پنجابی کا بازاری لہجہ اور عامیانہ جملے سماعتوں سے ٹکرائے۔ کھڑکیوں میں سجا مال تسلیمات تو کیا کرتا، راہ چلتوں کو گھٹیا بازاری اشارے کرتا تھا۔ تہذیب کیا ہوتی ہے، ادب آداب کس بلا کا نام ہے، ان بازار والوں کی بلا جانے۔ ہو سکتا ہے دکان کی دہلیز پار کر کے اندر پہنچ جانے والوں کے لئے ادب آداب کا خیال رکھا جاتا ہو، با ہر ایسا کچھ نہ تھا۔ اس بازار کا چہرہ مہرہ پنجابی روزمرہ کے تانے بانے سے بنا تھا۔ سو ایک کرختگی سی چار سو پھیلی محسوس ہوتی تھی۔ دل بجھ سا گیا۔ یوں بھی عورت کو جنس ِبازار کے طور پر پہلی دفعہ سجا دیکھ کر من بوجھل ہوگیا تھا۔
مجھے تب تک یہ نہیں پتہ تھا کہ یہ دنیا کا قدیم ترین بیوپار ہے ۔ پتہ نہیں وہ کون پہلی عورت ہوگی جس نے بھوک سے تنگ ہو کر اپنے بدن کا لمس فروخت کے لئے پیش کر کے پیٹ بھرا ہو گا۔ اس کے شاید و ہم و گمان میں بھی نہ ہوگا کہ وہ ایک ایسے کاروبار کی بنیاد رکھ رہی ہے جس کو تاقیامت زوال نہیں۔ اس جنس کا خریدار مرد ہے جس کے مزاج بلکہ سرشت میں سیری ہے ہی نہیں، لہٰذا اس بیوپار میں مندے کا امکان نہیں۔ دیکھ لیجئے، شکلیں بدل بدل کے آج تک چلا آرہا ہے اور سورج کے مغرب سے طلوع ہونے تک چلتا رہے گا۔
مجھے اس بازار سے اور اس سے وابستہ لوگوں سے کسی قدر دل چسپی پیدا ہو گئی تھی۔ رقص اور موسیقی سے آگے کے معاملات سے گھن محسوس ہوتی لیکن تیزی سے ختم ہوتے اس کلچر سے دل چسپی تھی۔ وہ کلچر جس میں تماش بینوں کے سامنے فن کا مظاہرہ کرنے سے قبل برسوں رقص اور گانے کی تربیت ہوتی۔ اساتدہ فن بالاخانوں کے زینے چڑھ کر آتے اور تعلیم دیتے، ریاض کرواتے اور پھر جدن بائی ، اختری بائی فیض آبادی، فریدہ خانم، مختار بائی، زہرہ بیگم روہتک والی اور اقبال بانو جیسی آوازیں سماعتوں میں رس گھولتیں۔ میں اس بارے پڑھتا اور پھر ملتان کے اجڑے بازارِ حسن سے گزرتے ہوئے محرابی نقش ونگار والے بند در یچوں کو تخیل کے زور پر آباد کرتا۔
ہم ذوالجہین ہیں، ایک دو چہرہ معاشرہ۔ دوغلی زندگیاں جیتے ہیں۔ ہم نے اس بازار سے پورا پورا حظ اٹھایا۔ تفریح حاصل کی لیکن اس کو ہم نے کبھی Own نہیں کیا۔ جب اس کا عوامی سطح پر ذکر آیا، ہم نے غلام عباس کے افسانے ”آنندی“ کے بلدیہ ارکان جیسے خیالات کا اظہار کیا۔ اسی لئے ہمارے لکھنے والوں نے بھی اس کو بہت کم موضوع بنایا۔ ہم سے دلی اور لکھنو والے اچھے کہ کچھ احوال ان بازاروں کا اور بالا خانوں کا لکھ گئے۔ میر اتخیل ان جھروکوں میں وہی دلی لکھنو والا ماحول تراشتا تھا۔ اگر ہمارے لکھنے والوں نے ملتان کے بازار بارے لکھا ہوتا تو مجھے پتہ ہوتا کہ یہاں ٹھمری، غزل، دادرا اور خیال کے ساتھ ساتھ سرائیکی کافیوں کی گائیکی بھی کانوں میں رس گھولا کرتی تھی۔ یہاں ہجر و وصال اور رومان کے مضامین والے سرائیکی گیت بھی گائے جاتے تھے۔
یہاں جب کوئی با ذوق تماش بین دہلیز سے باہر جوتے اتار کر، سفید براق چادروں کے فرش پر پیر دھرتا تو بالا خانے کی میزبان طوائف آداب یا تسلیمات کہنے کے بجائے ”بسم اللہ میڈا سئیں“ کہہ کر استقبال کرتی تھی۔ نیچے بازارمیں گھومنے والے چکن کے کرتے ، چست پا جامے، اچکن، دوپلی یا چوگوشہ ٹوپی اور سلیم شاہی جوتا پہنے ہوئے نہیں ہوتے تھے بلکہ ان میں زیادہ تر ملتانی کڑھائی والا چولا ، تہہ بند یا کھلے گھیر والی ملتانی شلوار ، شانے پر پٹکا اور پیروں میں ملتانی کھسہ پہنے ہوئے ہوتے تھے۔ وہ ایک دوسرے کو ”ہٹیئے، بچئے“ کہہ کرنہیں ”ہٹ سوہنڑا، بچ میڈا چن“ کہہ کر مخاطب کرتے ہوں گے۔ مگر ہمارے لکھنے والے تو اپنے قلم کا ایمان بچاتے رہے مبادا بازار کا حال لکھنے سے بھرشٹ ہو جائے۔
اوپر ذکر گزرچکا ہے کہ مجھے جب اس بازار بارے دل چسپی پیدا ہوئی تو اسے ”چکلے“ جیسے غیر جمالیاتی نام سے پکارا جاتا تھا اور یہاں کی خواتین کو گشتی ، کنجری وغیرہ جیسے تضحیک آمیز خطابات سے یاد کیا جاتا تھا۔ اس کے باوجود میں اپنے اندر اس طبقہ کے لئے کسی قدرہم دردی اور احترام کے جذبات پاتا۔ 1990ء کی دہائی کے آغاز میں، اخبارات کے لئے لکھنے لگا تھا اور رات کو آرٹس کونسل جاکر ڈرامہ دیکھنے کی اجازت بھی گھر سے مل جایا کرتی تھی۔ اس وقت ملتان آرٹس کونسل شیر شاہ روڈ پر کرایہ کی ایک عمارت کی اوپری منزل میں ہوا کرتا تھا اور اس کے دو سو بیس نشستوں والے ہال میں روزانہ ڈرامہ ہوتا تھا۔ یہاں کام کرنے والی لڑکیاں بازار ِ حسن سے ہی آتی تھیں۔ میں ان کے انٹرویو کر کے اِدھر اُدھر چھپوا دیا کرتا۔ یوں پہلی مرتبہ مجھے اس ا±جڑے بازار کے چند گھروں میں جانے کا اتفاق ہوا۔
یہ امر بڑا ہی تکلیف دہ تھا کہ آرٹس کونسل کے سٹیج پر تیز روشنیوں میں چمکتے چہروں کے گھر اندھیرے، میلے اور متعفن تھے۔ قریب ہرگھر میں ایک آدھ کھانسی اور بیماری کی ماری ہوئی بڑھیا ضرور ہوتی تھی۔ گئے وقتوں کی نشانی جس کے چہرے کی جھریوں میں سارنگی کے سُر، طبلے کی تھاپ اور کسی ملک صاحب، سردار صاحب ، خان صاحب کے بوسوں کی حدت دفن ہوتی۔ میری دل چسپی کا عنصر یہ کھنڈرات ہوتے۔ جب وہ اپنی یادیں تازہ کرتیں تو پتہ نہیں کیوں میں ناسٹلجیک ہو جاتا۔ یادداشت میری کبھی بہت اچھی نہیں رہی، افسوس کہ وہ نوٹس اور تحریریں بھی میرے پاس محفوظ نہیں ہیں۔ آگے کے ابواب میں جو آپ ملتان کے بازارِ حسن کی تخیلاتی بازیافت کا حال پڑھیں گے، وہ شاید لاشعور میں بولائی پھرتی انہی رودادوں سے کشید کردہ ہے جو میں نے اُن بڈھی طوائفوں سے سنیں۔
کہیں پڑھا تھا کہ”طوائف کا مکان یا کوٹھا معاشرے میں بغاوت کی علامت ہے۔ یہ پدرسری معاشرے کے خلاف بغاوت ہے کیوں کہ عام گھرانوں کے برعکس طوائف کے مکان میں عورت کی حکمرانی ہوتی ہے۔ کوٹھے کے مرد یعنی سازندے وغیرہ عورت کے محتاج ہوتے ہیں“۔ویسے بھی جب آپ بازارِ حسن جائیں اور کوئی گھر تلاش کررہے ہوں تو آپ خاتون کا نام لے کر پتہ دریافت کریں گے۔ اس گھر کے کسی مرد کا نام لیں تو شاید کوئی بھی نہ جانتا ہو۔طوائف کے گھر کی پہچان ، اسی کے نام سے ہوتی ہے۔ ممکن ہے یہ بغاوت والی بات درست ہو اور شاید اسی لئے باہر کے مرد اس حکمرانی کو چیلنج کرنے کے لئے اپنی طاقت دکھایا کرتے ہیں۔
یہ نوے ہی کی دہائی کی بات ہے ملتان سٹیج پر ایک نیا چہرہ نمودار ہوا۔ سرخ و سپید رنگت اور سنہری بال۔ نقوش کچھ زیادہ پر کشش نہ تھے لیکن قبول صورت سے اوپر۔ نام تھا زیبا۔ اُن دنوں شاید میں عامل صحافی بن چکا تھا اور روزنامہ خبریں سے وابستہ تھا۔ انٹرویو کرنے اُس کے گھر گیا۔ گل روڈ سے شمالی جانب ایک ترچھی سی گلی پھوٹتی تھی۔ اسی پر ذرا اندر جاکر اونچی کرسی کا مکان تھا جو کبھی بہت شاندار رہا ہوگا۔ انگریزی حرف D کی شکل کی چار پانچ سیڑھیاں چڑھ کر صدر دروازہ آتا تھا۔جب میں اور فوٹوگرافر پتہ دریافت کررہے تھے تو کسی نے پوچھا ”زیبا، وہ نک کٹی کی بیٹی؟“ہمیں اس کی پہچان کا یہ حوالہ معلوم نہ تھا۔ بہرحال گھر میں داخل ہوئے تو ایک فربہ اندام چھوٹے قد کی عورت تھی جس کی ناک اوپری ہونٹ کے ساتھ 90 کے بجائے 45 کا زاویہ بنارہی تھی۔ یہ اس اداکارہ کی ماں تھی۔ پتہ چلا کہ کسی من چلے چاہنے والے نے مبینہ بے وفائی کی بنیاد پر بے
چاری کی ناک کاٹ ڈالی تھی۔اس بازار کی فضاﺅں میں ایسے کئی واقعات سننے کو ملتے ہیں جو دراصل پدرسری معاشرے سے بغاوت کا شاخسانہ ہے۔ مرد کا حکمران مزاج بھلا یہ کہاں برداشت کرسکتا ہے کہ طوائف کے روپ میں ہی سہی ، عورت خودمختار ہو۔
اب تو طوائف کا ادارہ ہی ختم ہوچکا البتہ جسم فروشی کو دنیا کے بڑے حصے میں قانونی طور پر ایک کاروبار کا درجہ دے دیا گیا ہے۔ جہاں قانون اجازت نہیں دیتا، وہاں بھی غیر علانیہ اسے ایک پیشہ سمجھا جاتا ہے۔ ہندوستان کی طوائف جسم فروش نہیں تھی۔ وہ تو فن کار تھی اور ہندوستان وہ سرزمین ہے جہاں فن کو اور فن کار کو ہمیشہ قدر کی نگاہ سے دیکھا گیا۔ آئیے تین سو برس قبل مسیح میں چلتے ہیں اور وقت کے حکمراں چندر گپت موریہ کے دربار کا ایک منظر آپ کو دکھاتے ہیں۔
تین ندیوں کے سنگم پر واقع دارالحکومت پاٹلی پترکے گلی کوچوں پر رات اتر رہی ہے۔ یہ وہ شہر ہے جس کے گردا گرد لکڑی کی عظیم الشان فصیل بنائی گئی ہے۔ فصیل میں پانچ سو ستر برج اور چونسٹھ دروازے ہیں۔ لوگ خوش حال ہیں۔ شام اترتے ہی شاہی محل کے بلند ستونوں اور دیواروں پر چراغ اور کافوری شمعیں روشن کر دی گئی ہیں جن کی روشنی سنگِ مرمر کے فرش اور روغن کی ہوئی لکڑی کے فرنیچر کی سطحوں پر لرز رہی ہے۔
تخت پر چندر گپت موریہ موجود ہے، ابھی اس نے جین مت اختیار کر کے تخت نہیں چھوڑا۔ شام کا دربار آراستہ ہے۔ سلطنت کے امرا، سپہ سالار، وزرا¿ اور دوسرے معززین اپنی اپنی نشستوں پر موجود ہیں۔ بلند تخت پر موریہ سلطنت کا فرماں روا، چندرگپت موریہ، خاموش بیٹھا ہے۔ دن بھر سلطنت کے معاملات نمٹانے، سرحدوں کی خبریں سننے اور سفیروں کے مراسلوں کا جائزہ لینے کے بعد اس کے چہرے پر تھکن کے آثار ہیں۔ دربار کے سناٹے کو بادشاہ خود ہی یہ کہ کر توڑتا ہے ”آج رات دربار میں موسیقی ہوگی“۔
خدام ایک دم سے فعال ہو جاتے ہیں۔کچھ ہی دیر میں ایک خادم بادشاہ سے موسیقاروں کے لئے اذنِ باریابی کی درخواست کرتا ہے۔ اجازت ملنے پر دربار کے ایک جانب سے تین سازندے اور ایک گنیکا داخل ہوتے ہیں۔ گنیکا کا لباس نفیس مگر باوقار ہے۔ زیورات اور پائل کی باادب جھنکار اس کی آمد کا اعلان کر رہی ہے۔ ایک سازندے کے پاس وینا ہے، دوسرے کے پاس بانسری جبکہ تیسرا مردنگ سنبھالے ہوئے ہے۔ گنیکا دربار کے وسط میں آکر ٹھہر جاتی ہے۔ بادشاہ کی طرف تعظیمی انداز میں جھک کر آداب بجا لاتی ہے اور خاموشی سے اپنی جگہ سنبھال لیتی ہے۔ وینا کی تار چھیڑ دی گئی ہے۔ ایک نرم اور طویل س±ر دربار کی خاموش فضا میں تیر گیا ہے۔ گنیکا فوراً گانا شروع نہیں کرے گی۔ پہلے سازندے کچھ دیر ماحول بنائیں گے پھر وہ بادشاہ سے اجازت کی طالب ہوگی۔ اجازت ملنے پر اس کے گلے میں چھپے سر دربار کی معطر ہوا میں رقص کرتے ہوئے حاضرین کی سماعتوں تک پہنچ کر انہیں محظوظ کریں گے۔
لیجئے! اذنِ گائیکی ملتے ہی گنیکا نے وینا کے چھیڑے ہوئے اسی بنیادی س±ر کو کھرج بنا کر کھینچا ہے اور تان کی شکل دے دی ہے۔ اب اس کا برسوں کی ریاضت کا حامل گلا سروں سے کھیلنے لگا ہے۔ وینا اس کی آواز کا ساتھ دے رہی ہے۔ درمیان میں کہیں بانسری بھی ایک نرم سا جواب دے دیتی ہے۔ گنیکا نے آنکھیں بند کرلی ہیں، اس کا تخیل سروں سے خاکے تراشتا ہے اور گلا ان خاکوں کی پیروی کرتا ہے۔ گنیکا کی آواز میں ایک طویل الاپ پھیلنے لگا ہے۔ اس کے ہاتھوں کی حرکات بھی آواز کے ساتھ بدل رہی ہیں۔ کبھی ہتھیلی آسمان کی طرف اٹھتی ہے کبھی انگلیاں کسی خیالی پھول کی پنکھڑی کی طرح کھلتی ہیں کبھی وہ گردن کے ہلکے سے خم کے ساتھ کسی محبوب کی آمد کا تصور پیش کرتی ہے۔
گنیکا اب اٹھ کھڑی ہوئی ہے، ادھر مردنگ نے تال شروع کی۔ گنیکا نے چند قدم آگے بڑھائے۔ پاو¿ں کی حرکت تال کے ساتھ بندھی ہوئی ہے۔ رقص شروع ہوا ہے۔ وہ رقص جس کا مقصد محض جسمانی حرکات نہیں۔ ہاتھ، آنکھیں، چہرہ اور قدم مل کر ایک داستان بیان کر رہے ہیں۔ بادشاہ کی تعریف کرتے کرتے گنیکا گیت کا موضوع بدلتی ہے۔ اب وہ بہار اور محبوب کی یاد کا مضمون بیان کر رہی ہے۔آلات موسیقی اور گنیکا کی آواز کا جادو سر چڑھ کر بول رہا ہے۔ دربار کے حاضرین دم بہ خود ہیں۔ ہندوستان کو متحد کرنے والے چندرگپت موریہ کے چہرے سے تھکن رخصت ہوچکی ہے۔
رفتہ رفتہ گنیکا نے گائیکی کو ایک بلند مقام تک پہنچا دیا ہے۔ آواز اچانک تیز نہیں ہوئی بلکہ ایک لمبی تان کے ذریعے آہستہ آہستہ اوپر اٹھی ہے۔ انتہا پر جا کے ساز اور گنیکا ایک دم خاموش ہوجاتے ہیں۔وینا کی تار کو جو آخری بار چھیڑا گیا تھا، اس کی گونج دیر تک دربار کے سناٹے میں سنائی دیتی ہے۔چندرگپت اپنا ہاتھ اٹھاتا ہے۔ دربار میں موجود خدام چوکنے ہوجاتے ہیں۔ بادشاہ پسندیدگی کی نظروں سے گنیکا کی طرف دیکھ کر کہتا ہے ”بہت خوب“۔
یہ مختصر داد اس رات کی سب سے بڑی پذیرائی ہے۔گنیکا سر جھکا کے تسلیم بجا لاتی ہے۔ وہ جانتی ہے کہ اسے اس زبانی داد کے ساتھ ساتھ قیمتی انعامات بھی ملیں گے مگر عظیم چندر گپت موریہ کے منہ سے برسرِ دربار اس کی قدر افزائی صرف اس کے حسن کی وجہ سے نہیں بلکہ اس فن کی وجہ سے ہے جسے سیکھنے میں اس نے برسوں صرف کیے ہیں۔
قدیم ہندوستان میں گنیکا موسیقی اور رقص کی ماہر ہونے کے ساتھ ساتھ حسنِ معاشرت اور تہذیب سے واقف خاتون کو کہا جاتا تھا اور یہ شہری ثقافت کا باقاعدہ حصہ تھیں ۔ نوآبادیاتی دور سے قبل یہی خصوصیات طوائف کی تھیں۔ ان کا درجہ گھریلو خواتین والا تو بہرحال نہ تھا لیکن انہیں سماج کے ایک اہم اور ناگزیر حصے کے طور پر دیکھا جاتا تھا۔ بعد کے ادوار میں دو بڑی سلطنتیں ہندوستان بھر پر قائم ہوئیں، دہلی سلطنت اور مغل سلطنت۔ ان ادوار میں بھی طوائف کا ادارہ موجود تھا اور ان کے فن کو قدر کی نگاہ سے دیکھا جاتا رہا۔ آگے آنے والے ابواب میں آپ قدرے تفصیل سے ملاحظہ کریں گے کہ مغل دور میں بھی طوائفوں کے بالاخانے وہ مراکز تھے جہاں موسیقی ، شاعری، رقص، گفت گو اور آدابِ معاشرت کی تربیت ہوتی تھی۔ طوائفیں مالی طور پر خود مختار اور اثر رسوخ والی تھیں۔
نوآبادیاتی دور میں انگریز نے طوائف کے سماجی مفہوم میںتبدیلی کی۔ وکٹورین اخلاقیات کا نصاب لے کر عیسائی مبلغ یہاں آئے اور صدیوں پرانے طوائف کے ادارے کے درپے ہوگئے۔ سرکار نے ان کی سرپرستی کی۔ پھر 1857ءآیا اور طوائفوں نے باغیوں کا ساتھ دیا۔ اس کے بعد نوآبادیاتی حکمرانوں نے ان کے ساتھ گویا ذاتی دشمنی پال لی۔ طوائف اور جسم فروشی میں فرق ختم کرنے پر تمام تر سرکاری درباری زور آزمایا گیا۔ تفصیلات اگلے ابواب میں موجود ہیں۔ اگر آپ وکٹورین اخلاقیات کے نکات دیکھیں تو ان میں سے کوئی بھی طوائف کے ادارے پر منطبق نہیں ہوتا ۔ وہ جسم فروشی کی مذمت کرتا ہے۔ ہندوستان کی طوائف جسم فروش نہ تھی، وہ تو فن کا نمائندہ تھی۔
نو آبادیاتی سامراج کے خلاف عملی جدوجہد کرنے والی کان پور کی عزیز بائی اور حسینی بائی، لکھنو کی حضرت محل، جھانسی کی موتی بائی اور مندربائی کے ہوتے ہوئے ہم برصغیر والے بھلا طوائف کے ادارے کو برا کیسے کہہ سکتے ہیں۔ اس کتاب کا آخری باب آپ کو بتائے گا کہ پاک و ہند میں تہذیب اور فن کی علامت طوائف سب و شتم کا نشانہ کیسے اور کیوں کر بنی۔ گو کہ یہ کتاب برصغیر اور بالخصوص ملتان کے بالاخانوں کے موسیقی کے ساتھ رشتے اور فنِ موسیقی کے فروغ و تحفظ کے لئے بالاخانوں کا کردار زیرِ بحث لانے کو لکھی گئی ہے تاہم یہ کتاب بالاخانوں کے ماتھے پر سامراج اور سماج کی طرف سے تحریر کردہ بدبودار اصطلاح ”چکلہ“ مٹانے کی ایک کوشش بھی ہے۔
٭٭٭