
حیدرآباد میں ایک نئی مسجد بنی ہے۔ اسے بنانے والے مسلمان نہیں، دو ہندو بھائی ہیں۔ اور پہلے دن دروازے پر نمازیوں کا استقبال بھی انہی نے کیا۔ بیس ہزار مربع فٹ کی یہ مسجد اب آباد ہے۔
ایسن داس اور ہریش کمار کی بنائی اس مسجد کا افتتاح ہندوؤں اور مسلمانوں نے مل کر کیا۔ ایسن داس بتاتے ہیں کہ مسجد سے پہلے وہ مندر بنوا چکے ہیں، اور ان کے برابر میں وہ ہسپتال بھی ہے جو ‘نو پرافٹ، نو لاس’ پر چلتا ہے۔
“مجھے شوق ہوا کہ میں مسجد اچھی بناؤں، یہ میری دلی خواہش تھی کہ میں اچھی مسجد بناؤں۔ وہ میری آج مسجد تیار ہو گئی۔”
مگر ایک ہندو اتنی محنت سے مسجد کیوں بنائے؟ ہریش کمار جنہیں سب ‘دادا’ کہتے ہیں، اس کا جواب اپنے والد کی نصیحت میں دیتے ہیں۔
“تو چلے گئے اپنی دنیا میں… اچھا وہ ایک چیز ہم کو دے گئے تھے۔ وہ ایسی چیز تھی اس کو بولا آپ ضرور فالو کرنا، آپ کبھی تکلیف میں نہیں جاؤ گے۔ اس میں ایک ہمارے سندھی کا (شاہ عبداللطیف) بھٹائی گھوٹ کی کہاوت ہے، اس میں لکھا ہوا ہے:’اندر توں اجار، پنا پرندیں کيترا‘
اور تو سب وسار… ’اندر توں اجار، پنا پرندیں کيترا‘۔
سو بالکل ایہو اساں انہاں تے فالو کر کے اساں زندگی جا سفر ڈکھیا بہ ڈٹھا، سکھیا بہ ڈٹھا۔”
(ترجمہ: اپنے اندر کو صاف کر، تم کتنے صفحے پڑھو گے؟ باقی سب بھلا دے، بس اپنے من کو اجلا کر۔ چنانچہ ہم نے بالکل اسی نصیحت پر عمل کرتے ہوئے زندگی کے دکھ اور سکھ دونوں سفر دیکھے ہیں)۔
یہ ‘الف’ وہی ہے جس کا ذکر بلھے شاہ بھی کر چکے ہیں۔ بلھے شاہ نے کہا تھا:”علموں بس کریں او یار، اِکو الف تیرے درکار”
یعنی کتابوں اور علم کے انبار چھوڑ دو، تمہیں صرف ایک ‘الف’ چاہیے۔ وہ الف جو ایک ہی ذات کی نشانی ہے، اور اس ایک ذات کے سامنے سب انسان برابر ہیں۔
اس مسجد میں پہلی نمازِ جمعہ ہوئی۔ خطبے میں مولانا صاحب نے قرآن کی آیات کے ساتھ شاہ عبداللطیف بھٹائی کے بیت بھی پڑھے۔ ایک ہندو کی بنائی مسجد اور منبر سے ایک صوفی شاعر کا کلام… سندھ میں یہ منظر حیرت کی بات نہیں، روایت ہے۔
سندھ میں ہندو اور شیڈولڈ کاسٹ آبادی 49 لاکھ سے زیادہ ہے، یعنی ہر سو میں سے تقریباً 9 لوگ۔
“آپ دیکھ رہے ہیں کہ یہاں پہ اس مسجد میں ہندو اور مسلمان ساتھ کھڑے ہیں۔ تو اس سے کتنی بڑی خوشی ہے ہمارے کو کہ یہ ان کا جو آج افتتاح ہوا ہے، آپ دیکھ رہے ہیں کتنے لوگ آئے ہوئے ہیں، ماشاءاللہ جزاک اللہ۔”
ڈسکلیمر:
یہ معلومات آن لائن ذرائع سے حاصل کی گئی ہیں اور صرف اور صرف معلوماتی مقاصد کے لیے پیش کی جا رہی ہیں۔ اس پوسٹ کا مقصد کسی فرد، ادارے، نظریے یا واقعے کے بارے میں حتمی رائے قائم کرنا یا کسی مخصوص نقطۂ نظر کی تائید کرنا نہیں۔ قارئین و سامعین سے گزارش ہے کہ وہ اس مواد کو اپنی صوابدید اور فہم کے مطابق دیکھیں