
آہ ۔۔۔۔۔ وحید مراد ۔۔۔
وحید کی بیماری، حادثات اور وفات ۔۔۔
[وحید مراد مرحوم کی 43 ویں برسی کے حوالے سے خصوصی تحریر] ۔۔۔
ستمبر 1980 میں وحید سخت بیمار پڑے اور اُن کا اپنڈکس کا آپریشن ہوا۔
اگلے برس یعنی 1981 میں انہوں نے ذاتی فلم ’’ہیرو ‘‘ کا آغاز کیا۔ یہ فلم آرٹس کی پیشکش تھی۔ کہانی خود لکھی۔ اخبارات میں اُن کا ایک بیان آیا کہ ’’’ہیرو‘ میں ایک نیا وحید مراد آپ کے سامنے آئے گا۔‘‘ لیکن جون 1982 میں اُن کے والد نثار مراد فوت ہو گئے۔ اس کے بعد وہ خود بھی السر کی وجہ سے سخت بیمار پڑے۔ 2 جنوری 1983 کو اُن کا السر پھٹ گیا اور انہیں لاہور میں ایک پرائیوِیٹ کلینک میں داخل کیا گیا۔
آپریشن کر کے معدے کا ایک حصہ نکال دیا گیا۔ نتیجے میں اُن کا وزن بہت گھٹ گیا۔ اس کے بارے میں انہوں نے چند ماہ بعد ٹی وی پروگرام ’’سلور جوبلی‘‘ میں بتایا، ’’میں اتنا بدل گیا تھا کہ میں اُن فلموں میں کام کر نہیں سکتا تھا جن میں پہلے کر چکا تھا۔ کیونکہ شکل ملتی نہیں تھی۔ تو میں نے کچھ دن انتظار کیا۔ کہ چہرہ ٹھیک ہو جائے۔‘‘
پی ٹی وی کا شو ’’سلور جوبلی‘‘ 1983 میں نشر ہوا۔ میزبان انور مقصود تھے۔ اس پروگرام میں وحید کو دیکھ کر کئی لوگ حیران ہوئے۔ وہ بہت کمزور دکھائی دے رہے تھے۔ کچھ عرصہ بعد جب تعزیتی مضامین کا سلسلہ شروع ہوا تو کسی نے لکھا بھی کہ پروگرام دیکھتے ہوئے یقین نہیں آیا کہ یہ وحید مراد ہے بلکہ یوں لگا جیسےاُن سے ہلکی سی مشابہت رکھنے والا کوئی شخص ہے۔
کچھ عرصہ بعد ریڈیو پر خوش بخت شجاعت کو انٹرویو دیا۔ یہ زندگی میں اُن کا آخری انٹرویو ثابت ہوا۔ اس انٹرویو میں انہوں نے کہا، ’’ایک نغمہ جو میں سوچتا ہوں کبھی کہ اگر میں اچانک غائب ہو جاؤں دنیا سے، مر جاؤں، کچھ ہو جائے، تو یہ گانا میرے بعد بجتا رہے، ’بھولی ہوئی ہوں داستاں، گزرا ہوا خیال ہوں۔ جس کو نہ تم سمجھ سکے، میں ایسا اِک سوال ہوں!‘‘
ستمبر 1983 میں لاہور میں راوی روڈ پر کار چلاتے ہوئے ان کا ایکسیڈنٹ ہو گیا۔
’’وحید مراد نے سروسز ہسپتال میں تین دن کافی پریشانی اٹھائی۔ پھر پرائیویٹ کلینک میں شفٹ ہو گئے اور ایک ہفتے بعد خیریت سے اپنے گھر منتقل ہو گئے۔‘‘
علاج کے بعد بھی ہونٹ اور ایک آنکھ کے پپوٹے پر زخم کا نشان رہ گیا۔ ان کو پلاسٹک سرجری کا مشورہ دیا گیا۔
11 نومبر کو وہ اپنے چھ سالہ بیٹے عادل کو ساتھ لے کر کراچی چلے گئے۔ سلمیٰ اپنی بہن مریم عیسیٰ سے ملنے امریکہ گئی ہوئی تھیں۔ عالیہ بھی ساتھ گئی تھیں۔ کراچی میں وحید کے دو فلیٹ تھے لیکن وہ ڈیفنس سوسائٹی میں اپنی منہ بولی بہن بیگم ممتاز ایوب کے گھر ٹھہرے۔ 13 نومبر کو اُنہوں نے عادل کی ساتویں سالگرہ منائی۔ اگلے دن مِڈ ایسٹ ہسپتال میں پلاسٹک سرجری کے آپریشن کے لیے وقت لیا۔ انہیں 24 نومبر کا کوئی وقت دیا گیا۔ اس کی نوبت نہیں آئی۔
نومبر کی 23 تاریخ کو صبح کے قریب ان کے دل کی دھڑکن بند ہو گئی۔ ان کی میّت کا تابوت اُن کی والدہ کے پاس لاہور لے جایا گیا۔ وہ صدمے سے بے حال ہو گئیں۔ پچھلے سال ان کے شوہر کا انتقال ہوا تھا۔ اب اکلوتا بیٹا صرف پینتالیس برس کی عمر میں فوت ہو گیا تھا۔
وحید مراد کی وفات کی خبر جنگل کی آگ کی طرح پھیلی۔ لاہور میں اسٹوڈیوز بند ہو گئے۔ نہ صرف فلمی صنعت کے لوگ اُن کی کوٹھی کی طرف چل پڑے۔ مداحوں کا ایک ہجوم بھی جنازے کے لیے جمع ہو گیا۔ ہدایت کار شوکت ہاشمی کا بیان ہے کہ قریباً پچیس تیس ہزار کا مجمع تھا اور سب نعرے لگا رہے تھے، ’’وحید مراد زندہ باد‘‘
سب وحید کی ایک جھلک دیکھنے کے لیے بیچین تھے۔ پرویز ملک اور وحید کے دوسرے دوست احباب انہیں پیچھے دھکیل رہے تھے۔ ایک پرستار نے پرویز سے کہا، ’’ہم وحیدمراد سے بہت پیار کرتے تھے۔ کیا ہمارا اُس پر کوئی حق نہیں؟‘‘ پرویز ملک کہتے ہیں:
’’میں ان کے راستے سے ہٹ گیا۔ واقعی وحید پر ان سب کا حق ہے۔ ان پرستاروں ہی نے وحید کا جنازہ اٹھایا اور انہوں نے ہی وحید کو اُس کی آخری آرام گاہ تک پہنچایا۔ میں سوچ رہا تھا، ویدو! اگر تو آج ہوتا تو دیکھتا کہ تو آج بھی عوام میں کتنا مقبول ہے! وحید کے پرستاروں کے اس ہجوم نے ایک بات ہمیشہ کے لیے ثابت کر دی۔ وحید مراد اپنی زندگی میں بھی ہیرو تھا اور مر کر بھی ہیرو ہی ہے۔ ‘‘
اخبارات کی سرخی تھی، ’’وحید مراد اچانک حرکتِ قلب بند ہو جانے سے انتقال کر گئے۔ ‘‘
سلمیٰ مراد اور عالیہ خبر سنتے ہی امریکہ سے روانہ ہو گئیں لیکن انہیں ڈائرکٹ فلائٹ نہ ملی اور وہ تدفین کے بعد پہنچیں۔ صدر ضیأالحق نے ان کے نام خصوصی پیغام بھیجا۔ پاکستان ٹی وی نے ایک تعزیتی پروگرام نشر کیا۔ تقریباً سبھی اخبارات نے فیچر شائع کیے۔ زیادہ تر اخبارات اور رسائل نے خصوصی نمبر بھی نکالے۔
جب وحید کی بعض پرانی فلمیں دوبارہ ریلیز ہوئیں تو سنیما گھروں پر وہ رَش دیکھنے میں آیا جو اُس زمانے میں نئی فلموں کو بھی کم ہی نصیب ہوتا تھا۔ اُس کے بعد وحید کی اکثر فلمیں دوبارہ ریلیز کی گئیں۔ پرستاروں نے ان فلموں کی نمائش پر تعزیتی بینر اور پوسٹر لگا لگا کر سینماؤں کو سجایا۔
تعزیتی آڈیو کیسٹ بھی ریلیز ہوئے۔ کیسٹوں کی دکانوں پر یہ کیسٹ اونچی آواز میں چلائے جاتے رہے اور سال ڈیڑھ سال تک بازارو ں گلیوں میں گونجتے رہے۔ ان کے شروع میں عام طور پر ماتمی الفاظ ہوتے تھے اور باقی کیسٹ میں وحید کی فلموں کے اس قسم کے مکالمے اور نغمات ہوتے تھے، جیسے فلم ’’انجمن‘‘ سے اُن کی آواز میں مکالمہ، ’’تمہیں تو میرا غمگسار ہونے کا دعویٰ ہے؟ لیکن آج میں نے دو گھونٹ شراب کے پی لیے تو تمہیں پتہ چل گیا! خون کے وہ گھونٹ تم نے نہیں دیکھے جو میں چُپ چاپ نجانے کب سے پی رہا ہوں۔‘‘ فلم ’’پھر چاند نکلے گا‘‘ سے احمد رشدی کا نغمہ بھی اکثر کیسٹوں میں شامل ہوتا تھا:
چھوڑ چلے، ہم چھوڑ چلے، لو شہر تمہارا چھوڑ چلے!
جب تم کو ہماری یاد آئے اور دل بھی تمہارا گھبرائے،
سینے سے لگا کر یاد میری تصویر سے باتیں کر لینا
تھے ساتھ کبھی جن راہوں پر اُن راہوں سے مُنہ موڑ چلے!
پا کر بھی تمہیں ہم پا نہ سکے، اپنے تھے مگر اپنا نہ سکے،
یہ کھیل ہے سارا قسمت کا تم دل کو تسلی دے لینا!
تم جن کو کبھی بھولو گے نہیں، ہم ایسے نغمے چھوڑ چلے!
چھوٹی چھوٹی کتابیں بھی مارکیٹ میں آگئیں، مثلاً ایک کتاب میں اخبارات سے کچھ تعزیتی مضامین اکٹھے کر کے پیش کیے گئے تھے۔ قیمت آٹھ روپیہ تھی اور عنوان تھا، ’’وحید مراد کا قاتل کون؟‘‘
تمہید میں مرتب نے جو سطور لکھیں وہ تحقیق پر مبنی نہ تھیں لیکن اُن سے یہ ضرور معلوم ہوتا ہے کہ اُس وقت کیا محسوس کیا جا رہا تھا:
’’ایک تارہ ٹوٹا اور اتھاہ تاریکیوں میں ڈوب گیا۔ پاکستان فلم انڈسٹری کے ہیرو وحید مراد چل بسے۔ لاکھوں دلوں پر راج کرنے والا پراسرار انداز میں راہی ٔ ملکِ عدم ہوا۔ وحید مراد کی موت عبرت اثر ہے۔ وحید مراد کی موت شرم ناک ہے، اُن لوگوں کے لیے جو چڑھتے سورج کی پوجا کرتے ہیں اور جب یہی سورج غروب ہونے لگے تو اُس کے سایے سے بھی ڈرنے لگتے ہیں۔ فلمی اداکاروں اور اداکاراؤں کے آخری ایام انتہائی مخدوش حالت میں گزرتے ہیں اور پھر وہ مرتے ہیں تو عبرت کے سامان چھوڑ جاتے ہیں۔ وحید مراد، ویدو، ٹوٹے ہوئے دل کا آدمی، ٹوٹا ہوا آدمی مر گیا تو لاتعداد دلوں کو توڑ گیا۔ چاکلیٹ ہیرو منوں مٹی تلے دفن کر دیا گیا۔
کچھ لوگوں نے وحید کی وفات کو خودکشی کا رخ دینے کی کوشش بھی کی۔ وحید نے اپنی منہ بولی بہن بیگم ممتاز ایوب کے گھر وفات پائی۔ انہوں نے جس مشترکہ دوست کو سب سے پہلے بلایا، وہ قادر موسانی تھے۔ اُنہوں نے ہی وحید کی نبض دیکھ کر کہا کہ یہ شاید فوت ہو چکے ہیں، اور پھر ڈاکٹر کو بلایا۔
اُس زمانے میں کسی اخبار میں ایک مضمون چھپا تھا جس پر مصنف نے اپنے نام کی بجائے صرف ’’ماہرِ نفسیات‘‘ لکھا تھا۔ انہوں نے اعتراف کیا کہ ایسی کوئی بات سامنے نہیں آئی ہے جس میں خودکشی کا اشارہ ملتا ہو لیکن گول مول انداز میں یہ بھی لکھ دیا کہ وحید کی زندگی میں ایسے حالات پیدا ہو گئے جن میں بعض لوگ خودکشی کر لیتے ہیں۔ جن حالاتِ زندگی سے مثال دی وہ سرے سے درست ہی نہیں تھے۔ اس لیے یہی کہا جا سکتا ہے کہ یہ نکتہ اُن لوگوں کی طرف سے اٹھایا گیا جنہیں وحید کی بعد از مرگ مقبولیت سے حسد محسوس ہو رہا تھا یا جنہوں نے کوئی انوکھی بات کہہ کر لوگوں کو چونکانے کا شوق پورا کرنا چاہا۔
’’23 نومبر 1983 سے اب تک گزرنے والے اِس عرصہ میں چشمِ فلک نے بہت کچھ دیکھا۔ وہ شخص جو زندہ ہوتے ہوئے بھی مار دیا گیا تھا۔ جب حقیقتاً مرا تو موت اس کی زندگی بن گئی۔ مہینوں تک اخبارات اس کی تصویریں چھاپتے رہے۔ نام کمانے کے لئے کچھ لوگ اسکینڈلز بناتے رہے۔ وہ تقسیم کار جو اُس کی فلمیں ڈبوں میں بند کر کے بھول گئے تھے، انہیں دولت کمانے کا ایک گولڈن چانس مل گیا۔ ہر سنیما پر وحید مراد کی فلمیں لگنے لگیں۔ اور یہ سلسلہ ایک طویل عرصے تک جاری ہے۔ لگتا ہے وحید مراد مرا نہیں ہے، وہ دنیا میں لَوٹ آیا ہے۔ مگر جسمانی طور پر نہیں اپنی فلموں کے ذریعہ۔ وہ عملاً ہمارے درمیان نہ ہوتے ہوئے بھی ہمارے درمیان ہے۔ ہر اخبار میں اُس کی تصویریں تھیں۔ سنیماؤں پر اُس کی فلمیں تھیں اور ہر جگہ اُس کا تذکرہ تھا۔ اُس کی پرانی فلمیں دوبارہ اُسی طرح بزنس کر رہی تھیں جس طرح اُس کی حیات اُس کے عروج کے وقت کیا کرتی تھیں۔
’’کاش وہ یہ سب دیکھنے کے لئے زندہ رہتا۔
مگر یہ ستم بھی کیا خوب ہے کہ لوگوں نے اُسے اپنے لئے زندہ کر لیا۔ اگر اُسے پتہ ہوتا کہ اُس کی موت سے خود غرض لوگوں کی بن آئے گی تو شاید وہ موت سے لڑ لڑ کر زندہ رہنے کی کوشش کرتا۔ جب سنیماؤں پہ اس کے بڑے بڑے پوسٹر اور اخبارات میں اس کی فلموں کے بے تحاشہ اشتہارات لگے تو وحید کے سچے پرستاروں کیلئے یہ فیصلہ کرنا مشکل ہو گیا کہ وحید مراد نے موت کو گلے لگا کر دائمی زندگی حاصل کی ہے یا دنیا سے اپنا انتقام لیا ہے۔
وحید کے انتقال کے بعد ہر سال ملک کے مختلف شہروں میں اُن کی برسی پر قرآن خوانی اور فاتحہ ہوتی رہی یہاں تک کہ اب اُن کی برسی ایک عُرس جیسی حیثیت حاصل کر چکی ہے۔ قومی تاریخ میں وحید کے مقام کا تعین کرنے میں یہ پہلی اہم بات ہے۔ دوسری اہم بات یہ ہے کہ ہر آنے والی نسل میں وحید کی مقبولیت منتقل ہوتی رہی یہاں تک کہ جو نسل وحید کے عروج کے زمانے کے بعد پیدا ہوئی اب نہ صرف وہ نسل بلکہ اُس کے بچے بھی وحید کے پرستاروں میں شامل ہیں۔ یہ دوسری اہم بات ہے جسے وحید کے مقام کا تعین کرتے ہوئے پیشِ نظر رکھنا پڑے گا۔
اگر غور کیجیے تو وحید کے سوا جتنے بھی لوگوں نے یہ مقام حاصل کیا ہے، اُنہیں یا تو ریاست کی سطح پر کوئی بلند مقام دیا گیا، جیسے ہمارے عظیم محسنین قائداعظم، علامہ اقبال، لیاقت علی خاں اور بعض شہدأ۔ یا کسی غیر ملک یا سپرپاور کی تائید و حمایت حاصل ہوئی، جیسے فیض احمد فیض کو رُوس نے لینن ایوارڈعطا کیا۔ یا مذہبی اور سیاسی شخصیات ہیں جن کے ساتھ کچھ لوگوں کے دینی یا دنیاوی فوائد وابستہ ہیں۔ وحید کو کبھی کسی حکومت کی سرپرستی حاصل نہ ہوئی (ستارۂ امتیاز بھی 2011 میں ہی ملا)، کسی بیرونی ملک یا سپر پاور نے اُن پر نظرِ عنایت نہیں کی، اُنہوں نے اپنے بارے میں کوئی سیاسی یا مذہبی دعویٰ بھی نہیں کیا اور درسی کتابوں میں بھی اُن کا کوئی ذکر نہیں ہے۔
وہ تنہا ایسی شخصیت ہیں کہ اِن تمام چیزوں کے بغیر ہی اِس صف میں کھڑے دکھائی دیتے ہیں۔ یہ سمجھنا بھی درست نہ ہو گا کہ انہیں یہ مقام فلموں، نغموں یا ہئیر اسٹائل کی وجہ سے ملا۔ اُن کی فلمیں اور نغمے اُن کی وفات کے بعد دوبارہ زندہ ہوئے۔ آج یہ سب چیزیں وحید کی وجہ سے زندہ ہیں نہ کہ وحید اِن کی وجہ سے۔
وحید نے جو مقام حاصل کیا ہے اُس کی وجہ اس کے سوا کچھ اور نہیں کہ ہم اپنے دلوں میں اُن کے لیے ایک ایسی محبت محسوس کرتے ہیں جس کا ہمیں خود بھی معلوم نہیں ہے، ’’میں تجھ کو کیا بتاؤں کہ کیا مقام تیرا کیا ہے!‘‘
پاک پروردگار سے دعا ہے کہ وحید مراد مرحوم کی کامل مغفرت فرما، ان کے گناہوں کو معاف فرما، ان کی قبر کو کشادہ اور نور سے بھر دے، اور انہیں جنت الفردوس میں اعلیٰ مقام عطا فرما۔
آمین ثم آمین یا رب العالمین۔
{دعاگو: مقبول احمد برفت}