
ایبٹ آباد کی تاریخی صلح! 2 کروڑ کا چیک پھاڑ کر مقتول کے باپ نے قاتلوں کو اللہ کی رضا کے لیے معاف کر دیا! 😭💔🤝🤲✨
ہاتھ جوڑ کر، داڑھی پکڑ کر اور گڑگڑا کر مانگی جانے والی معافی، اور پھر دل بڑا کر کے معاف کر دینے والے باپ نے ایبٹ آباد میں صلح، درگزر اور انسانیت کی ایک ایسی مثال قائم کر دی جسے مدتوں یاد رکھا جائے گا۔ چند ماہ قبل ایبٹ آباد میں جدون قبیلے سے تعلق رکھنے والے اورنگزیب خان اور امہیز خان کے جوان بیٹوں کے درمیان جھگڑا ہوا، جس دوران اورنگزیب خان کے بیٹے کی فائرنگ سے امہیز خان کا بیٹا جاں بحق ہو گیا، جس کے بعد مقدمہ درج ہوا اور ملزم گرفتار ہو کر جیل چلا گیا۔
اس واقعے کے بعد دشمنی کی ایک خطرناک صورتحال پیدا ہو گئی تھی، تاہم ایم این اے علی خان جدون اور علاقے کے دیگر سرکردہ افراد کی کوششوں سے صلح کی راہ ہموار ہوئی اور ہزاروں افراد کے مجمع میں پنچایت اکٹھی ہوئی۔ اسی مجمع کے سامنے اورنگزیب خان نے امہیز خان کے سامنے ہاتھ جوڑ دیے اور ان کی داڑھی کو ہاتھ لگا کر گڑگڑاتے ہوئے معافی مانگی، جبکہ ملزم کے لواحقین نے 2 کروڑ روپے کا چیک بھی امہیز خان کے حوالے کیا۔
لیکن اس کے بعد جو منظر سامنے آیا، اس نے پورے مجمع کو ششدر کر دیا۔ امہیز خان نے 2 کروڑ روپے کا چیک سب کے سامنے پھاڑ دیا اور کہا: “میرا بیٹا نہیں رہا، میں نے 2 کروڑ روپے کا کیا کرنا ہے، مگر میں اللہ کی رضا کی خاطر اپنے بیٹے کے قاتلوں کو معاف کرتا ہوں۔” یہ الفاظ سنتے ہی پورا مجمع “اللہ اکبر” کے نعروں سے گونج اٹھا۔
سبحان اللہ! اپنے جوان بیٹے کے خون کا بدلہ یا کروڑوں روپے کی دیت لینے کے بجائے صرف اللہ کی رضا کی خاطر معاف کر دینا صبر، ایثار اور عظمتِ قلب کی ایسی مثال ہے جو نسلوں تک یاد رکھی جائے گی۔
اللہ کریم صلح کی اس کوشش میں کردار ادا کرنے والے تمام افراد کو اجرِ عظیم عطا فرمائے، مرحوم کی کامل مغفرت فرمائے، اور دونوں خاندانوں کو صبر، سکون اور امن عطا فرمائے، آمین یا رب العالمین!