وحید مرادکی 43ویں برسی پر خصوصی مضمون۔۔۔

وحید مراد کی 43 ویں برسی😔

تیرے جیسا کوئی ملا ہی نہیں
کیسے ملتا، کوئی تھا ہی نہیں

کتنی عجیب بات ہے کہ موت جو انسان سے سب کچھ چھین لیتی ہے! عزت، دولت، شہرت،, دنیا اور اس کے معاملات بےمعنی ہو جاتے ہیں۔ وہاں وحیدمراد صاحب نے مرنے کے بعد ایسا دائمی عروج پا لیا ہے کہ جسے کبھی زوال نہیں آئے گا۔ اس عروج اور کامرانی کی توقع تو وہ زندگی میں چاہتے تھے اور وہ حاصل بھی ہوا لیکن جب وہ تنہا رہ گئے تو اپنوں کی بےرُخی انہیں گھن کی طرح چاٹتی رہی اور پھر ایک دن وہ سب کو بےقرار کر کے قرار پا گئے۔
سونے کا چمچہ منہ میں لے کر پیدا ہونے والے وحید نے مستحکم کاروباری شخصیت نثار مراد کے گھر ٢ اکتوبر ١٩٣٨ کو آنکھ کھولی۔ نثار مراد اور شیریں مراد ننھے وحید کی پیدائش پر اس لئے بہت خوش تھے کہ وحید ان کے گھر آنے والی پہلی خوشی تھے۔ اکلوتا ہونے کی وجہ سے دونوں میاں بیوی نے وحید کو بہت ناز و نعم سے پالا اور اس کی ہر جائز و ناجائز فرمائش پوری کی۔ نتیجتاً وہ ضدی اور خودسر ہو گیا۔ کھلنڈرے پن کا عنصر بچپن ہی سے ان کی شخصیت میں شامل ہو گیا اور وہ عمر کے مراحل طے کرنے لگا۔ لاابالی ہونے کے باوجود وحید نے تعلیمی میدان میں اپنے والدین کی امیدوں کو نہیں توڑا اور اچھے نمبروں سے کامیابیاں سمیٹتے رہے۔ نصاب کے ساتھ ساتھ غیر نصابی سرگرمیوں میں بھی وحید کا ریکارڈ بےحد شاندار رہا اور اسپورٹس کے علاوہ ڈرامیٹک فیلڈ میں بھی انہوں نے اپنے تعلیمی اداروں کا نام روشن کیا۔
وحید کے والد نثار مراد فلم ڈسٹری بیوشن بزنس سے منسلک تھے اور فلم والے ان کے بااصول کاروباری ہونے کے قائل تھے۔ وحید نے بھی اپنے باپ کے نقش قدم پر چلتے ہوئے انہی اصولوں کو اپنایا اور جب اپنا پروڈکشن ادارہ فلم آرٹس کے نام سے بنایا تو کبھی کسی کو ادائیگیوں کے معاملے میں شکایت کا موقع نہیں دیا۔ وحید صاحب نے فلمسازی کے علاوہ ایکٹنگ، گلوکاری اور اسکرپٹ رائٹنگ کے شعبوں میں بھی خود کو آزمایا اور آخرکار اپنی ورسٹائلٹی اور ایکٹنگ سکِلز سے اداکاری کے میدان میں جھنڈے گاڑ دئیے۔
وحید کے والد اور والدہ دونوں کا تعلق سیالکوٹ سے تھا اس پس منظر کے حوالے سے وہ ایک پنجابی فیملی سے تعلق رکھتے تھے لیکن گھر میں اردو اور انگریزی کا چلن زیادہ تھا کہ پوری فیملی ہی پڑھی لکھی اور رکھ رکھاو والی تھی۔
فلم کی شوٹنگ ہونا تھی۔ ہیروئن ، دیگر اداکار اور فلم ساز سمیت سارا عملہ مستعد تھا۔ مگر فلم کے ہیرو کا کہیں اتا پتا نہ تھا۔ فلم ساز آنکھوں میں ہیرو کی آمد کی آس سمائے ، دل میں بھاری مالی نقصان کا اندیشہ لیے مضطرب تھا۔ اچانک ہیروئن فلم ساز کی طرف دیکھ کے بولی۔
”تم خود ہیرو کیوں نہیں بن جاتے؟“
فلم ساز چونکا اور نہایت حیرت سے ہیروئن کو دیکھا اور کہا۔
”یہ کیسے ہو سکتا ہے؟“
یہ کہتے ہوئے اس کے ذہن میں اپنی سانولی رنگت کا خیال تھا۔ مگر ہیروئن اعتماد سے بولی۔
”کیوں نہیں ہو سکتا۔ تم خود وجیہہ شخصیت کے مالک ہو۔ نوجوان اور اعلیٰ تعلیم یافتہ ہو۔ پھر ہیرو کے نخرے اور مالی نقصان کیوں اٹھاتے ہو۔“
ہیروئن خود نہایت حسین اور باوقار تھی۔ ایک حسینہ کی تعریف نے خوبرو فلم ساز کو اعتماد بخشا اور اس نے خود کو بہ طور اداکار آزمانے کا پکا فیصلہ کر لیا۔ وقت نے اس کے فیصلے کو درست ثابت کیا۔ عوام نے اس کی سانولی رنگت کو ایسی پذیرائی بخشی کہ اسے چاکلیٹ ہیرو کا لقب دے ڈالا۔
عوام کے دلوں کی دھڑکن وہ ایک مقبول ہیرو تھا۔ اس کا نام کسی بھی فلم کی کامیابی کی ضمانت سمجھا جاتا تھا۔ عام طور پر ہیروئن کی ادائیں فلم بینوں کو اپنا دیوانہ بناتی ہیں۔ مگر وہ ایک ایسا قاتل ادا ہیرو تھا۔ جس پر خواتین تو فریفتہ تھیں ہی۔ مرد بھی اس کے قدردان تھے۔ مگر کسی بھی انسان کی زندگی میں جب کامیابی در آتی ہے۔ تو وہ تنہا نہیں آتی۔ حسد بھی چپکے سے دبے پاؤں اسی کے ساتھ چلا آتا ہے۔ جہاں وہ فلم بینوں کے دلوں کا روشن ستارہ تھا۔ تو وہیں اپنے حاسدین اور مخالفین کی آنکھوں کی کھٹک بھی تھا۔ فلم بین صرف فلمیں دیکھ سکتے تھے۔ وہ کسی کو فلموں میں کاسٹ نہیں کر سکتے تھے۔ اس کے مخالفین نے اس کے خلاف ایسا محاذ بنایا کہ اسے رفتہ رفتہ فلموں سے دور کر دیا۔
مقبولیت کے نشے میں چُور ہیرو اس بے اعتنائی کی تاب نہ لا سکا۔ وہ اب بھی نشے میں تھا۔ مگر یہ نشہ اسے ہوش و حواس سے دور کرتا گیا۔ اسی عالم میں ڈرائیونگ کے دوران وہ ایک حادثے کا شکار ہو گیا۔ جس میں اس کے چہرے کے خد و خال اپنی دل کشی کھو بیٹھے۔ یہ صدمہ اسے مایوسی کی انتہاؤں پر لے گیا۔ وہ اب بھی مقبول تھا۔ مگر اس وقت ابلاغ کے ذرائع اتنے مؤثر نہ تھے کہ اسے اپنی مقبولیت کا احساس ہو پاتا۔ اس نے خود کو تنہا کر لیا۔ اور ایک کمرے میں دنیا کی نظروں سے چھپ کے بیٹھ گیا۔
اور 23 نومبر 1983 کی صبح نے وہ قیامت خیز منظر دیکھا کہ لاکھوں لوگوں کے دلوں کی دھڑکن بننے والا شخص رات کے کسی پہر موت کی گہری وادی میں چپ چاپ اتر چکا تھا۔ اگر اسے پتا ہوتا کہ دنیا سے جانے کے تینتالیس برسوں بعد بھی وہ لوگوں کے دلوں میں زندہ رہے گا۔ تو شاید اس کی موت اتنی بے سکون نہ ہوتی۔

وحید صاحب نے 1960 میں فلم لائن میں بطورِ فلمساز قدم رکھا مگر بطورِ اداکار ان کی پہلی فلم اولاد تھی۔ وحید کی شہرت کا سورج فلم “ہیرا اور پتھر” کی کامیابی کے ساتھ طلوع ہوا۔ یہ فلم 1964 میں ریلیز ہوئی اور اسی سال وحید نے سلمی سے شادی کر لی۔ لیکن شادی کے بعد بھی ان کی شہرت کو بریک نہیں لگا بلکہ وہ مقبول سے مقبول تر ہوتے چلے گئے۔
وحید کی شہرت کا سورج جس آب و تاب سے طلوع ہوا تو ان کے حاسد اور رقیب بھی اسی تیزی سے پیدا ہونے لگے اور ان کے آس پاس لوگوں نے انہیں نظرانداز کرنا شروع کر دیا۔ وہ دوستوں کی بےوفائی اور بےرُخی سے گھائل ہونے لگے، ڈپریشن اور دوسری بیماریوں کا شکار ہو گئے۔ عروج کی سہانی یادیں، ڈراونے خواب بن کر انہیں راتوں کو بےچین رکھتیں اور بےخوابی نے انہیں اعصابی اور مہلک بیماریوں میں مبتلا کر دیا۔ لیکن آخری وقت تک وحید کے لہجے میں وہ اعتماد اور حوصلہ موجود تھا جس کے لئے ویدو مشہور رہا تھا۔ ان تمام باتوں نے انہیں تنہا اور کھوکھلا کر دیا اور آخرکار وہ 23 نومبر 1983 کو جان کی بازی ہار گئے۔ دنیا میں ایسی شخصیات کم ہی پیدا ہوتی ہیں جو دنیا سے گزر جانے کے بعد بھی ہمیشہ لوگوں کے دِلوں میں زندہ رہتی ہیں۔ وحیدمراد پاکستانی فلمی صنعت کے ایسے سپراسٹار تھے جنہیں ان کے مداحوں نے سیدھے محبوبیت کے درجے پر فائز کیا اور آج بھی ان کی یادوں کو اپنے دل و دماغ میں بسائے ہوئے ہیں۔

تیری صورت سے نہیں ملتی کسی کی صورت
ہم جہان میں تیری تصویر لیے پِھرتے ہیں۔۔۔۔😔

اللہ تعالیٰ ان کے درجات بلند فرمائیں اور انہیں جنت میں اعلیٰ مقام عطا فرمائیں۔۔۔آمین

Leave a Comment