
باپ فیس نہ دے سکا تو بیٹی نے پڑھائی چھوڑ دی،
میں نہیں چاہتی کہ میری وجہ سے آپ پریشان ہوں
میں گھر کے کاموں میں امی کا ہاتھ بٹاؤں گی۔‘‘
رحیم یار خان شہر کے ایک محلے میں اکرم نام کا ایک غریب مزدور اپنی بیوی بچوں کے ساتھ رہتا تھا۔ اسکی بڑی بیٹی حرا تھی اکرم کی خواہش تھی کہ اس کی بیٹی خوب پڑھ لکھ کر اپنے پیروں پر کھڑی ہو، تاکہ اسے زندگی میں وہ محرومیاں نہ دیکھنی پڑیں جن سے اس کا باپ ہر روز لڑتا تھا۔
حرا پڑھائی میں بہت ذہین تھی۔ اساتذہ ہمیشہ اس کی تعریف کرتے اور کہتے کہ اگر یہ بچی اسی طرح محنت کرتی رہی تو ایک دن انشاءاللہ ضرور کامیاب ہوگی۔
اکرم جب بھی کام سے گھر واپس آتا، تھکاوٹ سے اس کے پاؤں جواب دے رہے ہوتے، مگر بیٹی کو کتاب کھولے بیٹھا دیکھ کر اس کے چہرے پر مسکراہٹ آ جاتی۔
وہ پیار سے کہتا:
’’بیٹا! تم بس دل لگا کر پڑھو، تمہارے ابو تمہیں ایک دن بڑی افسر بنائیں گے۔‘‘
حرا مسکرا کر باپ کے ہاتھ چوم لیتی اور کہتی:
’’ابوجان ! جب میں بڑی ہو جاؤں گی نا، تو آپ کو کبھی مزدوری نہیں کرنے دوں گی۔ آپ بس آرام کرنا، میں آپ کی ساری پریشانیاں ختم کر دوں گی۔‘‘
یہ سن کر اکرم کی آنکھوں میں خوشی کے آنسو آ جاتے۔
اسے کیا معلوم تھا کہ ایک دن یہی خواب اس کی بیٹی کی آنکھوں میں آنسو بن کر اترنے والے ہیں۔
وقت گزرتا گیا۔ مہنگائی بڑھتی گئی اور مزدوری کے کام کم ہوتے گئے۔ کبھی کام ملتا کبھی نہیں کبھی گھر آتے ہوئے خالی ہاتھ لوٹنا پڑتا۔ گھر کا کرایہ، راشن اور بجلی کا بل ادا کرنے کے بعد اس کے پاس کچھ نہیں بچتا تھا۔
پھر ایک دن حرا اسکول سے واپس آئی تو اس کے ہاتھ میں فیس کا نوٹس تھا۔
اس نے خاموشی سے نوٹس اپنے بستے میں رکھ دیا۔
رات کو جب اکرم نے پوچھا کہ بیٹا، آج اسکول میں کیا ہوا؟ تو حرا نے ہچکچاتے ہوئے کہا:
’’ابو! اسکول کی فیس جمع کروانے کی آخری تاریخ قریب ہے۔ ٹیچر نے کہا ہے کہ فیس جمع نہ ہوئی تو امتحان میں بیٹھنے کی اجازت نہیں ملے گی۔‘‘
اکرم نے فوراً جواب دیا:
’’فکر نہ کرو بیٹا! تمہارے ابو کل ہی فیس کا انتظام کر دیں گے۔‘‘
یہ کہتے ہوئے اس نے اپنی جیب میں ہاتھ ڈالا، مگر جیب خالی تھی
اگلی صبح اکرم معمول سے پہلے گھر سے نکل گیا۔ وہ کبھی تعمیراتی جگہ جاتا، کبھی دکانوں کے چکر لگاتا اور کبھی کسی ٹھیکیدار سے کام مانگتا، لیکن ہر جگہ سے ایک ہی جواب ملتا:
’’آج کام نہیں ہے، کل آ جانا۔‘‘
وہ بھوکا پیاسا سارا دن کام کی تلاش میں پھرتا رہا۔ شام کو گھر لوٹا تو اس کے کپڑوں پر گرد تھی، چہرے پر تھکن تھی اور آنکھوں میں بے بسی۔
حرا دروازے پر کھڑی باپ کا انتظار کر رہی تھی۔
اس نے امید سے پوچھا:
’’ابو! فیس کے پیسے مل گئے؟‘‘
اکرم نے نظریں جھکا لیں۔
اس کے ہونٹ ہلے، مگر آواز نہ نکلی۔ وہ اپنی بیٹی کو کیا بتاتا کہ آج بھی اسے کسی نے مزدوری نہیں دی؟
اس رات اکرم سب کے سو جانے کے بعد کافی دیر تک صحن میں اکیلا بیٹھا رہا وہ بار بار اپنی جیب ٹٹولتا، جیسے شاید وہاں سے کوئی ایسا نوٹ نکل آئے جو اس کی بیٹی کا مستقبل بچا لے۔
اس کی بیوی نے آنکھوں میں آنسوں دیکھے تو قریب آ کر بولی:
’’آپ ہمت نہ ہاریں، اللہ کوئی راستہ نکال دے گا۔‘‘
اکرم نے چہرہ صاف کرتے ہوئے کہا:
’’میں اپنی بیٹی سے ہمیشہ کہتا رہا کہ تمہیں بڑی افسر بناؤں گا۔ آج میں اس کی معمولی سی فیس بھی نہیں دے پا رہا۔ میں کیسا باپ ہوں؟‘‘
بیوی نے اس کے کندھے پر ہاتھ رکھا، مگر اس کے پاس بھی شوہر کے درد کا کوئی جواب نہیں تھا۔
اگلی صبح حرا نے اپنا بستہ کھولا۔ اس نے کتابیں نکالیں، انہیں پیار سے صاف کیا اور پھر آہستہ آہستہ واپس رکھ دیا۔
اس کے بعد اس نے اسکول کی وردی تہہ کر کے الماری میں رکھ دی۔
جب اکرم نے یہ دیکھا تو پوچھا:
’’بیٹا، آج اسکول نہیں جانا؟‘‘
حرا نے مصنوعی مسکراہٹ کے ساتھ جواب دیا:
’’نہیں ابو، اب میں نہیں پڑھوں گی۔ آپ پہلے ہی اتنی محنت کرتے ہیں۔ میں نہیں چاہتی کہ میری وجہ سے آپ مزید پریشان ہوں۔ میں گھر کے کاموں میں امی کا ہاتھ بٹاؤں گی۔‘‘
اکرم جیسے پتھر کا ہو گیا۔
وہ بیٹی کے قریب بیٹھا اور اس کے دونوں ہاتھ پکڑ کر بولا:
’’بیٹا، تم نے پڑھائی چھوڑنے کا فیصلہ کیوں کیا؟‘‘
حرا نے اپنا سر باپ کے کندھے پر رکھ دیا۔
’’ابو، جب آپ رات کو بھوکے سو جاتے ہیں تو مجھے اچھا نہیں لگتا آپ کی پریشانی نہیں دیکھ سکتی۔‘‘
اس نے بیٹی کو سینے سے لگا لیا اور کہا:
’’نہیں میری بچی! تمہارے خواب میری غربت سے چھوٹے نہیں ہیں۔ قصور تمہارا نہیں، میری مجبوری کا ہے۔ تمہیں پڑھنا چاہیے تھا، تمہیں تو وہ زندگی ملنی چاہیے تھی جس کے خواب تم دیکھتی ہو۔‘‘
حرا نے باپ سے کہا:
’’ابو، آپ نے میرے لیے بہت کچھ کیا ہے۔‘‘
اس دن اکرم نے دل میں فیصلہ کیا کہ چاہے اسے کتنی ہی محنت کیوں نہ کرنی پڑے، وہ اپنی بیٹی کی تعلیم دوبارہ شروع کروانے کی کوشش ضرور کرے گا۔
اگلی صبح وہ حرا کی ٹیچر سے ملا، اپنی مجبوری بتائی اور درخواست کی کہ بچی کی تعلیم جاری رکھنے کے لیے کوئی راستہ نکالا جائے۔ ٹیچر نے اسکول کی انتظامیہ سے بات کرنے اور فیس میں رعایت کی درخواست دینے کا وعدہ کیا۔
چند دن بعد اسکول کی طرف سے حرا کی فیس میں رعایت منظور ہو گئی۔ اکرم نے دوبارہ مزدوری شروع کی اور اپنی استطاعت کے مطابق باقی اخراجات پورے کرنے لگا۔
جب حرا نے کئی دن بعد دوبارہ اپنی وردی پہنی تو اکرم دروازے پر کھڑا اسے دیکھتا رہا۔ اس کی آنکھوں میں آنسو تھے، مگر اس بار ان آنسوؤں میں بے بسی کے ساتھ امید بھی شامل تھی۔
حرا اسکول جانے لگی تو پلٹ کر بولی:
’’ابو! میں پڑھ لکھ کر آپ کا خواب ضرور پورا کروں گی۔‘‘
اکرم نے آسمان کی طرف دیکھا اور خاموشی سے دعا مانگی:
’’یا اللہ! کسی غریب باپ کی مجبوری کو اس کی بیٹی کے خوابوں کی موت نہ بننے دینا۔‘‘
پیارے قارئین کرام۔۔۔
غربت کسی انسان کی قابلیت کم نہیں کرتی، مگر وسائل کی کمی بہت سے ذہین بچوں کے راستے ضرور روک دیتی ہے۔ اگر آپ کے آس پاس کوئی مستحق بچہ فیس، کتابوں یا یونیفارم کی وجہ سے تعلیم چھوڑنے پر مجبور ہو رہا ہے تو اپنی استطاعت کے مطابق اس کی مدد کریں۔
کسی بچے کی فیس ادا کرنا صرف مالی مدد نہیں، بلکہ اس کے مستقبل کو ایک نیا موقع دینا ہے۔
دعا:
یا اللہ! تمام غریب والدین کی مشکلات آسان فرما، ان کے بچوں کے نصیب اچھے کر، اور ہر مستحق بچے کے لیے علم اور کامیابی کے دروازے کھول دے۔ آمین یا رب العالمین۔