شادی میں 5 لاکھ مہمان بلا لیے گئے

بھارتی ریاست بہار کے 6 مرتبہ رکن اسمبلی منتخب ہونے والے بااثر سیاست دان اننت سنگھ کی بیٹی کی شادی اپنی غیر معمولی شان و شوکت اور 4 لاکھ مہمانوں کے ہجوم کے باعث عالمی توجہ کا مرکز بن گئی ہے۔ آبائی گاؤں نداواں میں منعقد ہونے والی اس عظیم الشان تقریب میں مہمانوں کی تواضع کے لیے 5 لاکھ روایتی مٹھائیاں تیار کی گئیں جبکہ کھانے کے انتظام کے لیے 500 باورچیوں کی خدمات حاصل کی گئیں۔ مہمانوں کے غیر معمولی رش کے باعث علاقے کی سڑکوں پر شدید ٹریفک جام ہو گیا، یہاں تک کہ ایک سیاست دان اپنی گاڑی چھوڑ کر ٹریکٹر کے ذریعے کھیتوں سے ہوتا ہوا تقریب گاہ پہنچا، جبکہ اہم شخصیات کے لیے 5 خصوصی ہیلی پیڈ بھی تعمیر کیے گئے تھے۔

شادی کی اس تقریب میں چین سے درآمد شدہ پھولوں کی دلکش سجاوٹ، آتش بازی کا شاندار مظاہرہ، دلہن کی لگژری بی ایم ڈبلیو میں آمد اور دلہا کا 200 گاڑیوں پر مشتمل قافلہ سب کی توجہ سمیٹتا رہا۔ ہجوم اس قدر زیادہ تھا کہ لوگ تقریب کی ایک جھلک دیکھنے کے لیے درختوں اور بجلی کے کھمبوں پر چڑھ گئے، جبکہ ایک لاکھ تماشائیوں کے جمع ہونے پر 200 گھوڑوں کی دوڑ کو ملتوی کرنا پڑا۔ واضح رہے کہ بھارت میں سالانہ ایک کروڑ سے زائد شادیاں ہوتی ہیں اور عالمی ادارے کے پی ایم جی (KPMG) کے مطابق بھارتی ویڈنگ انڈسٹری کا حجم 40 سے 50 ارب ڈالر تک پہنچ چکا ہے۔

Leave a Comment