ملنگی ڈاکو دراصل تھا کون؟

ملنگی ڈاکو کا اصل نام ملنگ خاں اور یہ پیدا پتوکی اور چھانگا مانگا کے قریب گاؤں ” لکھو کے” اور ذات کھوکھر راجپوت/ جاٹ تھی لیکن تاریخ اسے ملنگی ڈاکو کے نام سے جانتی ہے۔
ملنگی ڈاکو کے والد کا نام نظام دین تھا جو ایک متوسط زمیندار اور ذاتی زمین کا مالک تھا۔ ملنگی کی پیدائش 1890 تا 1895 کے درمیان ہوئی لیکن ابھی ملنگی صرف 6 ماہ کا تھا کہ والد کا انتقال ہوگیا اور اسکی ماں کی شادی مجبورا/ زبردستی کسی دوسرے شخص سے گاؤں میں ہی کروائی گی جبکہ زمین پر گاؤں کے ایک بااثر شخص نے قبضہ کرلیا۔
حالانکہ ملنگ خاں نہ تو جرائم پیشہ پس منظر رکھتا تھا اور نہ ہی وہ پیدائشی لڑاکا تھا بلکہ اسکا بچپن محرومیوں سے بھرپور تھا اور جیسے ہی اس نے ہوش سنبھالا تو اسکی جلد شادی بھی ہوگئی اور اب اس نے گاؤں کے بااثر شخص سے اپنے باپ کی وراثتی زمین واپس مانگی تو اس نے الٹا اس پر جھوٹا مقدمہ درج کروا دیا۔
اس کے ردعمل میں ملنگ خاں نے ان متاثرین کو اکھٹا کرنا شروع کردیا جو اس بااثر شخص اور پولیس سے تنگ تھے جسکی خبر جلد ہی اس بااثر شخص جوکہ بعض کتابوں میں ایک بڑا جاگیر دار یا گاؤں کا نمبردار بھی تھا کو لگی تو اس نے ملنگ خاں کو حوالات میں بند کروا کر پولیس سے ٹھیک ٹھاک پھینٹی لگائی۔
اس وقت ملنگی ایک بیٹے کا باپ بن چکا تھا اور دوران حراست ہی گاؤں کے بااثر شخص نے چند افراد کے ساتھ اسکی بیوی کی عزت پر ہاتھ ڈالا اور کسی دوسرے شخص سے نکاح کروانے کی کوشش کی جس سے ملنگی کا گھر لگ بھگ تباہ ہوگیا۔
ملنگ خاں جب پولیس کی حراست سے باہر ایا تو اس نے سب سے پہلے اپنی بیوی کی عزت کا بدلہ لیتے ہوئے پہلے گاؤں کے با اثر شخص اور پھر بیوی پر ہاتھ ڈالنے والے شخص کو ختم کرتے ہوئے زمین اور عزت دونوں کا بدلہ لیا اور چھانگا مانگا کے جنگلات میں مفرور ہو گیا۔
اور یوں ملنگ خاں سے نام ملنگی ڈاکو پڑ گیا اور اگلے 6 سے 8 سال تک وہ انگریز سرکار کی نیندیں حرام کرنے لگا۔
اس وقت قصور ضلع لاہور کا حصہ تھا جہاں پورے قصور، پتوکی، چونیاں اور لاہور کے دیہات میں دن کے وقت انگریز سرکار کا راج ہوتا جبکہ شام ہوتے ہی ملنگی کی حکمرانی شروع ہو جاتی اور اس کے لیے ایک مشہور نعرہ بھی وجود میں ایا جو تھا۔۔۔۔

دن نوں راج فرنگی دا
تے راتی راج ملنگی دا

بطور ڈاکو ملنگی کے کچھ اصول تھے۔۔۔
جیسے وہ کسی بھی غریب ،مزدور، کمزور یا عورت کو ہاتھ تک نہیں لگاتا اور صرف انگریز سرکار کے خزانوں انگریز کے وفادار جاگیرداروں اور سود خور ساہو کاروں کو لوٹتا اور جگے جٹ کی طرح وہ جب بھی ساہوکاروں کی حویلیوں پر حملہ کرتا تو سب سے پہلے بہیاں ( قرضے کے رجسٹر( جلا دیتا تاکہ غریب کسانوں کے قرضے معاف ہو جائیں۔
لوٹا ہوا سونا اور نقدی وہ ان غریب والدین میں بانٹ دیتا جن کی جوان بیٹیاں جہیز نہ ہونے کی وجہ سے گھروں میں بیٹھی رہتی تھی۔
دن بدن ملنگی ڈاکو کی طاقت زور پکڑتی رہی اور مقامی پولیس اس کا کچھ نہ بگاڑ سکی تو اس وقت ملنگی ڈاکو کے گینگ میں اس کے تین ساتھی اور بھی تھے جن کے نام۔۔۔
جانی، تارا اور عبدو تھے۔

ملنگی ڈاکو کی وجہ شہرت اس کا طریقہ واردات بھی تھا، وہ واردات کرنے سے پہلے جاگیردار یا انگریز پولیس افسر کو پیشگی پیغام بھجواتا کہ فلاں رات ملنگی آئے گا اگر روک سکتے ہو تو روک لو۔
انگریز حکومت نے اسکے سر کی بھاری قیمت مقرر کی اور خصوصی پولیس دستے تعینات کیے مگر مقامی عوام ملنگی سے محبت ہی اتنی کرتی کہ کوئی اس کی مخبری نہ کرتا اور فرار کرنے میں بھی مددگار ہوتے۔

اخر کا جب اس کا زور نہ ٹوٹ سکا تو انگریز سرکار نے روایتی ہتھیار یعنی غداری اور لالچ کا استعمال کیا۔

انگریز پولیس اہلکاروں نے ملنگی کے قریبی ساتھی اور دوست جس کا تاریخی روایات میں نام “جانی ” بتایا جاتا ہے اسے اپنے جال میں پھنسایا کیونکہ اس کا ایک بھائی پہلے ہی پولیس کی قید میں تھا تو جاگیر ،انعام اور معافی کا لالچ دیکھ کر اسے ملنگی ڈاکو کے گینگ سے توڑ لیا اور یوں ایک رات جب ملنگی اپنے گاؤں کے قریب ایک ڈیرے پہ ارام کر رہا تھا تو اس کے غدار ساتھی نے کھانے یا دودھ میں نشہ اور چیز ملا دی اور بعض روایات کے مطابق جانی نے اس کی بندوق کے کارتوس نکال کر پانی میں بھگو دیے اور پولیس کو اطلاع دے دی۔

انگریز پولیس اہلکار پہلے ہی اس موقع کی تلاش میں تھی، وہ بھاری نفری کو ڈیرے کے چاروں طرف لے آئے اور ایک پولیس مقابلے میں ملنگی زخمی ہوا لیکن نیم بے ہوشی اور ناکارہ ہتھیار کے باوجود اس نے گرفتاری کی بجائے لڑائی میں اپنا خاتمہ زیادہ بہتر سمجھا۔
کہا جاتا ہے کہ اس کی موت پر لاہور اور قصور کے دیہاتوں میں کئی دنوں تک چولہے نہ جلے اور خواتین نے بین ڈال کر اس کا سوگ منایا۔
ملنگی ڈاکو کی وفات 1927 تا 1930 میں ہوئی اور اس کے بعد اس کے ہم عصر اس کے قریبی گاؤں کے دوسرے بڑے ڈاکو جگے ڈاکو کو بھی غداری سے اس وقت ختم کیا گیا جب وہ ملنگی ڈاکو کی نابینا ماں کے پاس عیادت کرنے گیا تھا ( جگے جٹ کی کہانی میری وال پر موجود ہے )

ملنگی کی اس لازوال داستان پر پاکستان میں 1965 میں مشہور پنجابی فلم “ملنگی ” بنائی گئی اور یہ فلم پاکستانی سینما کی تاریخ کی کامیاب ترین گولڈن جوبلی فلموں میں شمار کی جاتی ہے۔
اس کے علاوہ سلطان راہی اور مصطفی قریشی کے دور میں ملنگی کے نام اور کردار سے متاثر ہو کے فلم ” پتر ملنگی دا ” بنائی گئی اور جب 1947 میں مقامی سکھ بارڈر کے دوسری طرف گئے تو انہوں نے وہاں پر بھی ملنگی کو زندہ رکھا اور حالیہ چند سالوں میں وہاں کسانوں کی تحریک کی دوران ملنگی کا نام متواتر سننے میں ایا۔

اس تحریر کو لکھنے میں مصنف اقبال قیصر کی کتاب ” پنجاب کے لوک ہیرو ” ڈاکٹر مظہر اسلام کی کتاب ” پنجاب کی لوک داستانیں ” مصنف پروفیسر ایان ٹیلبوٹ اور ڈاکٹر طاہر کامران کی کتاب ” نو ابادیاتی پنجاب میں سماجی باغی ” کی بڑی مدد لی گئی ہے۔

بعض جگہوں پہ ملنگی ڈاکو کو ورک جاٹ بھی قرار دیا گیا ہے لیکن اکثریتی جگہوں پہ اسے کھوکھر بتایا گیا ہے اور یہ راجپوت اور جاٹ دونوں برادریوں کی سب کاسٹ ہے۔
حالیہ چند سالوں میں انگریزی اخبار ڈان اور دا نیوز نے ملنگی کے اوپر لکھا ہے جس میں ملنگی کے والد کی وفات کے بعد اس کی والدہ کا مسلمان ہوتے ہوئے ایک سکھ سے شادی کرنا اور اس کا بہانہ بناتے ہوئے با اثر نمبردار نے اس کی زمین پر قبضہ کیا اور یہ بھی کہا گیا کہ ملنگی کی ابتدائی پرورش بطور سکھ ہوئی البتہ اس نے شادی ایک مسلمان عورت سے کی اور اس کے سوتیلے سکھ باپ سے اس کا سوتیلا بھائی بھی تھا اور جب مقامی زمیندار نے اس کی چھوٹی بہن کو چھیڑا تو اس کا یہ سوتیلا بھائی لڑائی میں ختم ہوا اور عزت خراب ہونے پر اس کی بہن نے چھت سے چھلانگ لگا لی تھی۔
بدقسمتی سے پنجابی تاریخ میں مقامی داستانیں اور واقعات بطور تحریری و کتابی شکل میں دینے کے بجائے بطور لوک داستانیں زبان میں نسل در نسل منتقل ہوئے ہیں جس کی وجہ سے ایک ہی وقت میں ایک سے زائد بیانیے ایک ساتھ سفر کرتے ہیں۔
لیکن تمام تاریخ دان متفق ہیں کہ ملنگی ڈاکو بھی مقامی را بن ہڈ تھا۔

Leave a Comment