جب ششہنشاہ غزل مہدی حسن خانصاحب نے میڈم نورجہاں کے پاؤں چھو لیے۔۔۔

ارسطو نے کہا تھا کہ آرٹ کی سب سے بڑی فارم شاعری ہوتی ہے۔ کیوں کہ اس میں آرٹسٹ مواد پر منحصر ہو کر محدود نہیں رہتا وہ نیا خیال نیا استعارہ خلق کرتا ہے۔مشہور جرمن فلسفی فریڈک نطشے اس سے دو قدم آگے بڑھا اور اس نے کہہ دیا کہ انسانیت کا نمونہ شاعر اور آرٹسٹ ہوتے ہیں جو حقیقی معنوں میں سپر مین Ubermench ہوتے ہیں کیوں کہ وہ نئے استعارے، نئی زبان، نئی دنیا خلق کرتے ہیں۔ اگر آپ کو ان دونوں فلسفیوں کی بات سمجھ نہیں بھی آئی تو اس کی ایک حقیقی تصویر ااپ کو دکھانے کی کوشش کرتے ہیں کہ ایک آرٹسٹ دوسرے حقیقی آرٹسٹ کو کس مقام میں دیکھتا ہے۔ اور یہ واقعہ سوچنے کی بات ہے کہ ایسا کیوں ہوتا ہے۔

ایک انٹرویو کے دوران میڈم نور جہاں کی مرحومہ صاحبزادی ظل ہما نے ایک انتہائی خوبصورت اور یادگار واقعہ بیان کیا تھا۔ ان کے بقول ایک روز ان کی والدہ سٹوڈیو میں ریکارڈنگ میں مصروف تھیں جبکہ وہ خود گھر پر موجود تھیں۔ اسی اثنا میں میڈم نور جہاں کا فون آیا اور انہوں نے دریافت کیا کہ آج کھانے میں کیا تیار کیا ہے، جس پر انہوں نے بتایا کہ بھنی ہوئی مرغی بنائی ہے۔ یہ سن کر میڈم نے انہیں ہدایت کی کہ کھانا پیک کر کے سٹوڈیو لے آئیں۔ ظل ہما اپنی چھوٹی بہنوں کو ساتھ لے کر کھانا لے کر سٹوڈیو پہنچ گئیں۔

سٹوڈیو میں میڈم نور جہاں اور غزل کے شہنشاہ مہدی حسن صاحب موجود تھے، جہاں دونوں عظیم فنکاروں نے مل بیٹھ کر کھانا تناول کیا۔ کھانا ختم کرنے کے بعد میڈم نور جہاں ہاتھ دھونے کے لیے اٹھ کر گئیں تو مہدی حسن صاحب نے میڈم کی پلیٹ میں بچا ہوا سالن اور ہڈیاں چوس کر صاف کرنا شروع کر دیں۔ یہ دیکھ کر ظل ہما کو شدید حیرت ہوئی اور انہوں نے مودبانہ عرض کی کہ وہ مزید سالن لے لیں، مگر مہدی حسن صاحب نے جواب دیا کہ انہوں نے یہ عمل میڈم نور جہاں کے فن اور ان کی ذات سے بے پناہ محبت و احترام کے جذبے کے تحت کیا ہے۔

جب میڈم نور جہاں واپس آئیں تو ظل ہما نے انہیں پوری بات بتا دی۔ اس پر میڈم کو سخت شرمندگی کا احساس ہوا کہ اتنی بڑی ہستی نے ان کے احترام میں یہ قدم اٹھایا، چنانچہ انہوں نے آگے بڑھ کر مہدی حسن صاحب کے گھٹنے چھو لیے کہ آپ مجھ سے بڑے اور محترم ہیں۔ اس کے جواب میں مہدی حسن صاحب نے بھی میڈم نور جہاں کے قدم چھو لیے اور کہا کہ موسیقی کی دنیا میں آپ کا جو بلند مقام اور مرتبہ ہے، اس کی حقیقت سے صرف میں ہی واقف ہوں۔

Leave a Comment