اربوں روپے مسجد کو عطیہ کرنےوالے روسی تاجر۔۔۔۔

صدقے سے مال بڑھتا ہے!
راہ خدا میں خرچ کیا جانے والا مال کبھی ضائع نہیں ہوتا۔ بظاہر انسان اپنے مال میں سے کچھ رقم نکالتا ہے، لیکن حقیقت میں وہ اپنے لیے آخرت کا ذخیرہ جمع کرتا ہے، اللہ دنیا میں بھی بڑھا چڑھا کر واپس لوٹاتا ہے۔ قرآن کریم میں اللہ تعالیٰ کا ارشاد ہے:
’’جو لوگ اللہ کے راستے میں اپنے مال خرچ کرتے ہیں، ان کی مثال اس دانے جیسی ہے جس سے سات بالیاں نکلیں، ہر بالی میں سو دانے ہوں، اور اللہ جس کے لیے چاہتا ہے مزید بڑھا دیتا ہے۔‘‘ (سورۃ البقرۃ: 261)
اس حقیقت کی ایک قابلِ ذکر مثال روس کے مسلمان ارب پتی تاجر سلیمان کریموف (Suleyman Kerimov) کی ہے، جنہوں نے ماسکو کی عظیم الشان جامع مسجد کی تعمیر نو اور توسیع کے لیے خطیر مالی معاونت کی۔ اس منصوبے پر مجموعی طور پر تقریباً 170 ملین ڈالر (47 ارب 14 کروڑ پاکستانی روپے) خرچ ہوئے، جبکہ سلیمان کریموف کو اس منصوبے کا سب سے بڑا انفرادی عطیہ دہندہ قرار دیا گیا۔
سلیمان کریموف نے 2007ء میں اس مسجد کی تعمیر نو اور توسیع کے لیے 100 ملین ڈالر (تقریباً 27 ارب 73 کروڑ پاکستانی روپے) دینے کی پیشکش کی تھی۔ پھر جب 2011ء میں تعمیر شروع ہوئی تو ابتدائی طور پر 10 ملین ڈالر (تقریباً 2 ارب 77 کروڑ پاکستانی روپے) فراہم کیے۔ بعد کے برسوں میں ان کی مالی معاونت میں مزید اضافہ ہوتا رہا۔ بعض ذرائع نے ان کی مجموعی معاونت کو تقریباً 170 ملین ڈالر تک بیان کیا ہے۔ گویا تعمیر نو کا تقریباً سارا خرچہ انہوں نے ہی اٹھایا۔
ماسکو کی جامع مسجد کی تاریخ ایک صدی سے زیادہ پرانی ہے۔ اس کی پہلی عمارت 1904ء میں تاتاری مسلمان تاجر صالح یرزین کے عطیے سے تعمیر ہوئی تھی۔ وقت گزرنے کے ساتھ نمازیوں کی تعداد میں اضافے کے باعث مسجد کی توسیع کی ضرورت محسوس ہوئی۔ بالآخر 2011ء میں پرانی عمارت منہدم کرکے اسی تاریخی مقام پر نئی مسجد کی تعمیر شروع کردی گئی۔
نئی مسجد کا تعمیراتی منصوبہ غیر معمولی وسعت کا حامل تھا۔ پرانی مسجد کا رقبہ تقریباً 980 مربع میٹر تھا، جبکہ نئی مسجد کا مجموعی رقبہ بڑھ کر تقریباً 19 ہزار مربع میٹر ہوگیا۔ چھ منزلہ اس عظیم الشان عمارت میں بیک وقت تقریباً 10 ہزار نمازیوں کی گنجائش ہے۔
مسجد کا مرکزی گنبد 46 میٹر بلند اور 27 میٹر قطر کا ہے، جس پر سونے کے ورق چڑھائے گئے ہیں۔ عمارت میں دو بڑے مینار، ایک چھوٹا مینار اور چار بلند برج بھی تعمیر کیے گئے ہیں۔ اس کے علاوہ چھ لفٹیں اور معذور افراد کے لیے خصوصی سہولیات فراہم کی گئی ہیں۔
تقریباً چار سالہ تعمیراتی مراحل کے بعد 23 ستمبر 2015ء کو مسجد کا باضابطہ افتتاح ہوا۔ اس تاریخی تقریب میں روسی صدر ولادیمیر پیوٹن، ترک صدر رجب طیب اردوان اور فلسطینی صدر محمود عباس سمیت متعدد عالمی رہنماؤں اور مذہبی شخصیات نے شرکت کی۔ افتتاحی تقریب میں روسی مسلمانوں کے مفتی اعظم راویل گائنو الدین نے عطیہ دہندگان کا شکریہ ادا کیا اور بتایا کہ اس عظیم منصوبے کے لیے دنیا بھر سے ہزاروں مسلمانوں نے مالی تعاون کیا۔ سلیمان کریموف کو اس منصوبے کا سب سے بڑا انفرادی عطیہ دہندہ قرار دیا گیا۔
سلیمان کریموف کون؟
سلیمان کریموف کا تعلق روس کے مسلم اکثریتی علاقے داغستان سے ہے۔ وہ 12 مارچ 1966ء کو پیدا ہوئے۔ انہوں نے داغستان اسٹیٹ یونیورسٹی سے معاشیات کی تعلیم حاصل کی اور کاروباری دنیا میں سرمایہ کاری کے ذریعے اپنی شناخت بنائی۔
ان کی دولت کا بڑا حصہ روسی سرمایہ کاری، مالیاتی اداروں، توانائی اور سونے کی کان کنی کے کاروبار سے وابستہ رہا ہے۔ وہ روسی کمپنی نافتہ ماسکو (Nafta Moskva) کے مالک رہے اور روس کی بڑی سونے کی کان کنی کرنے والی کمپنی پولیوس (Polyus) میں بھی ان کے خاندان کا بڑا حصہ رہا ہے۔ وہ روسی فٹ بال کلب آنژی مخاچ قلعہ (Anzhi Makhachkala) کے مالک بھی رہ چکے ہیں۔
واضح رہے کہ سلیمان کی جانب سے یہ 170 یا 100 ملین ڈالر کا عطیہ ایک ریکارڈ ہے۔ کسی ایک مسلم شخصیت کی طرف سے اتنے بڑے نقد عطیہ کی جدید دور میں مثال نہیں ملتی۔ ان کے بعد قطر کے شیخ ثانی آل ثانی کا ذکر کیا جاتا ہے۔ جنہوں نے UNHCR کو ایک ہی مرحلے میں 3 کروڑ 50 لاکھ ڈالر سے زائد رقم عطیہ کی تھی۔ بہرحال اتنے بڑے صدقے کے بعد سلیمان کریموف کی دولت میں کوئی کمی نہیں آئی، بلکہ ہر گزرے سال کے ساتھ اس میں غیر معمولی اضافہ ہو رہا ہے۔ 2015ء میں وہ 3.4 ارب ڈالر کے مالک تھے اور اب فوربز (Forbes) کے مطابق ان کی دولت کا اندازہ 25 اعشاریہ سات ارب ڈالر ہے۔ یہ 15 نومبر 2026ء کا تخمینہ ہے۔ ان کا شمار روس اور دنیا کے امیر ترین افراد میں ہوتا ہے۔
صدقہ سے مال کم نہیں ہوتا
سلیمان کریموف کی جانب سے تعمیر مسجد کے لیے اتنی خطیر رقم دینے کے باوجود ان کی دولت میں کوئی کمی نہیں آئی۔ صدقے سے مال بڑھتا ہے، گھٹتا نہیں ہے۔ اس لیے اللہ نے اپنی رضا کے لیے خرچ کرنے کی ترغیب دی ہے۔ قرآن کریم میں ارشاد باری تعالیٰ ہے:
’’جو لوگ اللہ کے راستے میں اپنے مال خرچ کرتے ہیں، ان کی مثال اس دانے جیسی ہے جس سے سات بالیاں نکلیں، ہر بالی میں سو دانے ہوں، اور اللہ جس کے لیے چاہتا ہے مزید بڑھا دیتا ہے۔‘‘ (سورۃ البقرۃ: 261)
رسول اللہ ﷺ نے ارشاد فرمایا:
’’صدقہ کرنے سے مال کم نہیں ہوتا۔‘‘ (صحیح مسلم: 2588)
یہی ایمان کا تقاضا ہے کہ انسان اپنے مال کو صرف اپنی آسائشوں اور ضروریات تک محدود نہ رکھے، بلکہ اس میں سے اللہ کے بندوں، دینی اداروں، مساجد، مدارس، تعلیم اور فلاحی کاموں کے لیے بھی حصہ نکالے۔ کسی کی استطاعت چند سو روپے کی ہے تو وہ بھی صدقہ کرسکتا ہے اور کسی کو اللہ نے کروڑوں کی وسعت دی ہے تو وہ بڑے منصوبوں میں حصہ لے سکتا ہے۔
کامیاب انسان وہ ہے، جسے اللہ تعالیٰ مال بھی دے اور پھر اسے اپنے راستے میں خرچ کی توفیق سے بھی نوازے۔ دراصل مال انسان کے پاس عارضی امانت ہے، لیکن اللہ کی راہ میں خرچ کیا ہوا مال آخرت کے اکاونٹ میں ہمیشہ کے لیے محفوظ ہو جاتا ہے۔ جس کا فائدہ انسان دائمی طور پر اٹھاتا رہے گا۔

Leave a Comment