حضرت شاہ رکن عالم پہلے کہاں دفن تھے؟

حضرت شاہ رکن عالم ملتانی
سلطان دہلی، غیاث الدین تغلق نے یہ مقبرہ اپنے لئے تعمیر کرایا تھا چوں کہ اس کی وفات کے بعد اسے دہلی میں ہی دفن کر دیا گیا تھا سلطان کے جانشین محمد شاہ تغلق نے جو کہ شاہ رکن عالم کا مرید تھا، مقبرہ حضرت شاہ رکن عالم کو دے دیا۔
قطب الاقطاب حضرت شاہ رکن عالم رحمۃ اللہ علیہ 9 رمضان المبارک 649 ہجری بمطابق 1251ء جمعہ کے مبارک دن پیدا ہوئے۔ آپؒ حضرت شیخ صدرالدین عارف سہروردی رحمۃ اللہ علیہ کے بڑے فرزند اور حضرت شیخ بہاء الدین زکریا ملتانی رحمۃ اللہ علیہ کے پوتے ہیں۔
آپ کا سلسلۂ طریقت صدر الدین عارف، بہاء الدین زکریا ملتانی، ابو الفتوح شہاب الدین سہروردی، ضیاء الدین سہروردی، شیخ ابو عبد اللہ، شیخ اسود احمد نیوری، شیخ ممتاز علی دنیوری، خواجہ جنید بغدادی، خواجہ سری سقطی، خواجہ معروف کرخی، خواجہ داؤد طائی، خواجہ عجیب عجمی، خواجہ حسن بصری، حضرت علی بن ابی طالب کرم اللہ وجہہ، جناب رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم سے ملتا ہے۔
آپ کی والدہ ماجدہ بی بی راستی جو کہ فرغانہ کے شاہ جمال الدین کی صاحب زادی اور فرغانہ کی شہزادی تھیں، زہد و تقوا کی وجہ سے رابعہ عصر کہلائیں۔ حافظ قرآن تھیں، تلاوتِ قرآنِ مجید سے غیر معمولی شغف رکھتی تھیں۔ روزانہ ایک قرآنِ مجید ختم کیا کرتی تھیں۔
حضرت شیخ شاہ رکن عالم کی عمر مبارک جب چار سال ہوئی، تو شیخ الاسلام حضرت بہاء الدین زکریا ملتانی نے بسم اللہ شروع کی اور شیخ صدر الدین عارف نے قرآنِ مجید حفظ کروانا شروع کیا۔ آپ سات سال کی عمر میں پانچ وقت نمازِ باجماعت ادا کرنے لگے۔ حضرت شاہ رکن عالم کا کم عمری ہی سے معمول تھا کہ وہ رات کے پچھلے پہر بیدار ہو کر تہجد کی نماز ادا کرتے۔ تہجد کی نماز سے فراغت کے بعد ذکر و اذکار میں مشغول ہو جاتے اور فجر کی نماز تک ذکر و اذکار میں مصروف رہتے۔ فجر کی نمازِ باجماعت ادا کرنے کے بعد ظہر کی نماز تک عبادت و ریاضت میں مشغول رہتے تھے اور آپ کا یہ معمول ساری زندگی قائم رہا۔
والد صاحب کے وصال کے بعد قطب الاقطاب حضرت شیخ شاہ رکن عالم مسند نشین ہوئے اورحضرت شیخ بہاء الدین زکریا ملتانی کی عطا کردہ دستارِ مبارک سر پر رکھی، اور امیر المومنین حضرت سیّدنا علی المرتضیٰ کرم اللہ وجہہ کا وہ خرقہ زیب تن کیا، جو شیخ شہاب الدین سہروردی کے توسل سے ان کے آباؤ اجداد اور پھر ان تک پہنچا تھا۔ اس وقت آپ کی عمر مبارک 36 برس تھی۔
شیخ شاہ رکن عالم کے عوام کے علاوہ بادشاہوں سے بھی اچھے تعلقات تھے اور امرا بھی آپ کے معتقد اور غلام تھے۔ حضرت نے اسلاف کی طریقت کو کمال تک پہنچایا۔ آپ صاحبِ کشف و کرامت بزرگ تھے۔ آپ کی بے شمار کرامات آج بھی زبان زدِ عام ہیں۔ شیخ الاسلام حضرت شیخ غوث بہاء الدین زکریا ملتانی کشف و کرامات کے سلسلے میں حد درجہ محتاط تھے اور فرمایا کرتے تھے کہ انبیائے کرام کو معجزات کا اظہار واجب اور اولیائے کرام کا کرامات کو چھپانا واجب ہے۔

حضرت شیخ شاہ رکن عالم 16 رجب المرجب بمطابق 735 ہجری بروزِ جمعرات نمازِمغرب سے فارغ ہونے کے بعد صلات اوابین ادا فرما رہے تھے، جب نماز سے فارغ ہوئے، تو سر سجدے میں رکھ دیا۔ اسی وقت محبوب کا بلاوا آیا اور روح پرواز کر گئی۔ آپ کو آپ کے دادا حضرت شیخ بہاء الدین زکریا ملتانی کے قدموں میں دفن کیا گیا۔ آپ کی تدفین کے چند دن بعد حضرت بہاء الدین زکریاؒ شیخ صدر الدین محمد کے خواب میں آئے اور فرمایا: ’’آپ نے قطب الاقطاب کو میری پائینتی میں دفن کر دیا، مجھے سخت تکلیف ہو رہی ہے۔ آپ انہیں سامنے دوسرے مقبرے میں دفن کریں تا کہ میں آرام سے رہ سکوں۔‘‘
حکم واضح تھا، اور سامنے غیاث الدین تغلق کا مقبرہ تھا۔ یہ مقبرہ تعمیر اور عقیدت کی عظیم داستان تھا۔ غیاث الدین تغلق نے یہ مقبرہ حضرت غوث العالمین کے قرب میں دفن ہونے کی خاطر اپنے ذاتی خرچ سے تعمیر کروایا تھا، مگر اتفاق سے سلطان کی موت دہلی میں واقع ہوئی اور سلطان کو دہلی میں ہی دفن کردیا گیا۔ سلطان کے جانشین محمد شاہ تغلق نے جو کہ شاہ رکن عالم کا معتقد تھا، مقبرہ حضرت شاہ رکن عالم کو دے دیا۔ حضرت شاہ رکن عالم اسے عبادت گاہ کے طور پر استعمال فرماتے رہے، مگر محض اس خیال سے کہ ممکن ہے اس کی تعمیر بیت المال کے روپے سے کی گئی ہو، دفن ہونا پسند نہ فرمایا۔حسنِ اتفاق سے غیاث الدین تغلق کا صاحب زادہ اور ہندوستان کا بادشاہ فیروز شاہ تغلق عین اس دن سندھ سے واپس دہلی جا رہا تھا جب وہ ملتان میں رکا، ملتان کے عمائدین نے اسے حضرت بہاء الدین زکریا ملتانی کا خواب سنایا، تو اس نے اس بات کا یقین دلایا کہ اس مقبرہ کی تعمیر بیت المال سے نہیں ہوئی بلکہ سلطان غیاث الدین تغلق نے اپنی ذاتی آمدنی سے جب کہ وہ دیپال پور کے گورنر تھے تعمیر کرایا تھا، لہٰذا اس نے عمائدین کے ساتھ قبرکشائی کی۔ حضرت شاہ رکن عالم کے جسد مبارک کو کندھا دے کر والد کے خالی مقبرے تک لایا اور اپنے ہاتھوں سے ان کی تدفین کی۔ وہ دن ہے اور آج کا دن، یہ مقبرہ مقبرہ نہیں رہا…… بلکہ قطب الاقطاب حضرت شیخ شاہ رکن عالم کا مزار بن گیا۔
حضرت نے جہاں علم وعمل اور سیرت و کردار کے مجسم پیکر بن کر لوگوں کو دائرہ اسلام میں داخل کرکے برصغیر میں اسلام کی حقانیت کا بول بالا کیا اور پورے خطۂ زمین کے لیے رحمت کا باعث بنے، وہاں ان کا یہ مزار بھی دنیا بھر میں ملتان کی پہچان بنا، جس کی تاریخی اور تعمیری خصوصیات کے باعث ملتان کو قدیم عظمت کا نشان کہا جاتا ہے۔ اسلامی فن تعمیر کا حسین شاہکار مزار کا یہ گنبد ایشیا کا دوسرا سب سے بڑا گنبد ہے جو کہ اپنی خوبصورتی کے باعث دنیا بھر کی نگاہوں کو خیرہ کرتا ہے ۔۔۔

Leave a Comment