
انڈسٹری والو! جس کو بھی مانتے ہو اس کا واسطہ مجھے کام دے دو ورنہ میں نہیں بچوں گا۔ میرا کوئی نہیں رہا۔ سب ساتھ چھوڑ گئے۔ کچھ نہیں بچا۔ شرد کپور کی نئی ویڈیو وائرل
بالی وڈ کے معروف اداکار شرد کپور، جنہیں شائقین نے سال 2000 کی سپر ہٹ فلم ’جوش‘ میں شاہ رخ خان کے مدمقابل ’پرکاش شرما‘ کے طاقتور کردار میں بے حد پسند کیا تھا، آج زندگی کے ایک انتہائی کٹھن اور جذباتی دور سے گزر رہے ہیں۔ جس فلم میں شاہ رخ خان کے مدِمقابل کھڑے ہو کر انہوں نے اپنی جاندار اداکاری سے سب کو متاثر کیا اور فلم فیئر ایوارڈ کے لیے نامزدگی بھی حاصل کی، آج اسی فنکار کی سوشل میڈیا پر وائرل ہونے والی ویڈیوز نے مداحوں کو افسردہ اور حیران کر دیا ہے۔
انسٹاگرام پر سامنے آنے والی ان حالیہ ویڈیوز میں شرد کپور کو شدید ذہنی و جسمانی آزمائشوں میں گھرا دیکھا جا سکتا ہے۔ ایک ویڈیو میں وہ اپنے چار پالتو کتوں، جنہیں وہ اپنی اولاد کی طرح عزیز رکھتے ہیں، سے عارضی جدائی کے لمحے میں انتہائی جذباتی اور آبدیدہ دکھائی دیے۔ اطلاعات کے مطابق فٹ بال کھیلتے ہوئے ان کی ٹانگ میں شدید چوٹ آ گئی تھی، جس کے باعث نہ صرف ان کے روزمرہ معمولات متاثر ہوئے بلکہ ان کے لیے ان چاروں بے زبان ساتھیوں کی دیکھ بھال کرنا بھی ناممکن ہو گیا۔ مجبوراً انہوں نے اپنی رضامندی سے ان کتوں کو ممبئی کے ایک فلاحی ادارے کے سپرد کر دیا تاکہ ان کی مناسب دیکھ بھال ہو سکے۔
اگرچہ سوشل میڈیا پر اس خبر کے پھیلتے ہی صارفین کی جانب سے تشویش کا اظہار کیا گیا، تاہم بعد ازاں یہ وضاحت سامنے آئی کہ یہ جدائی مستقل نہیں ہے، بلکہ جیسے ہی شرد کپور صحت یاب ہوں گے اور نئے گھر میں منتقل ہوں گے، وہ اپنے ان پالتو جانوروں کو دوبارہ اپنے پاس واپس لے آئیں گے۔
دوسری جانب، ان کی ایک اور ویڈیو نے شوبز حلقوں میں ہلچل مچا دی ہے جس میں وہ بالی وڈ اور فنکاروں کی تنظیم ’سِنٹا‘ (CINTAA) سے خودداری کے ساتھ کام دینے کی اپیل کرتے نظر آ رہے ہیں۔ ان کا دو ٹوک کہنا ہے کہ انہیں کسی خیرات یا مالی امداد کی ہرگز ضرورت نہیں، بلکہ وہ اپنی محنت کے بل بوتے پر دوبارہ کام کرنا چاہتے ہیں۔ شرد کپور فلموں، ٹی وی ڈراموں اور او ٹی ٹی پلیٹ فارمز سمیت ہر میڈیم پر اداکاری کے جوہر دکھانے کے لیے تیار ہیں اور پرامید ہیں کہ مکمل صحت یابی کے بعد وہ جنوری 2027 سے ایک بار پھر کیمرے کے سامنے واپس لوٹ آئیں گے۔
یہ منظر اس تلخ حقیقت کا آئینہ دار ہے کہ وقت کسی کا سگا نہیں ہوتا اور شہرت، دولت اور عروج محض عارضی سائے ہیں۔ زندگی کے نشیب و فراز کسی بھی انسان پر آ سکتے ہیں؛ کل تک جو فنکار بالی وڈ کے بادشاہ کے مقابل کھڑا ہو کر داد سمیٹ رہا تھا، آج وہی فنکار خودداری کا دامن تھامے محض عزت سے کام کرنے کے مواقع تلاش کر رہا ہے۔