انجمن کی کہانی علی سفیان آفاقی کی زبانی۔۔۔

انجمن کی کہانی علی سفیان آفاقی کی زبانی۔۔۔ (پہلا حصہ)

یہ ۱۹۷۸ء کی بات ہے کہ ایک دن ہمیں شباب کیرانوی صاحب نے بتایا کہ ایک نئی لڑکی اداکارہ بننے کیلئے ملتان سے آئی ہے اور علی زیب کے گھر پر چھاؤنی ڈالے پڑی ہے۔
’’وہ کیوں؟‘‘ ہم نے پوچھا۔

کہنے لگے ’’بس اسے اداکارہ بننے کا شوق ہے۔ علی بھائی اور زیبا کا آج کل ہر طرف چرچا ہے اور اس کا خیال ہے کہ وہی اسے فلموں میں کام دلا سکتے ہیں‘‘۔

اس وقت تک خود شباب صاحب نے بھی انجمن کو نہیں دیکھا تھا۔ اس کا اصلی نام انجم تھا۔ کم از کم اس نے سب کو یہی بتایا تھا۔ انجم بھی خوب صورت نام ہے لیکن شباب صاحب کو اتنا زیادہ پسند نہیں آیا۔ جب انہوں نے انجم کو اپنی فلم میں ہیروئن بنانے کا فیصلہ کیا تو انجم کا فلمی نام انجمن رکھ دیا گیا۔

انجم سے انجمن بننے کا سفر زیادہ طویل تو نہیں تھا لیکن صبر آزما ضرور تھا۔ انجم کا تعلقات ملتان کے بازارِ حسن سے تھا۔ کشیدہ قامت، متناسب جسم، چہرے کے دلکش نقوش، بھرے بھرے ہونٹ اور سب سے بڑھ کر نشیلی آنکھیں اس کا سب سے بڑا سرمایہ تھیں۔ انجمن ایک دراز قد، دبلی پتلی لڑکی تھی۔ اتنی دبلی کہ طویلی القامتی کے باعث وہ کچھ عجیب بے ڈول سی لگتی تھی۔ اس کی رنگت کھلتی ہوئی گندمی تھی جسے بعد میں صحافیوں نے چمپئی قرار دے دیا تھا۔ یہ تو نہیں کہ وہ بنی بنائی ہیروئن تھی مگر اس میں وہ تمام خوبیاں موجود تھیں جو ایک ہیروئن میں ہونی ضروری ہیں۔ اس کی آواز میں ایک خاص کیفیت تھی جیسے کسی کو ہلکا سا زکام ہوجائے لیکن یہ ایک پرکشش اور دلوں میں ہیجان پیدا کرنے والی آواز تھی۔ بعد میں جب انجمن سپر اسٹار بنی تو اس کا سراپا اور دلکش چہرے کے علاوہ اس کی آواز نے بھی فلم بینوں پر بہت غضب ڈھایا۔

ہم نے لکھا کہ انجم نے علی زیب کے گھر چھاؤنی ڈالی تھی۔ اس کا مطلب یہ نہیں ہے کہ وہ ان کے گھر میں رہتی تھی۔ رہنے کیلئے اس نے لاہور کے شاہی بازار میں ایک مناسب جگہ حاصل کرلی تھی۔ اور اپنا دفتر قائم کرلیا تھا۔ اس کے گھر والوں کو ان کاموں کا بخوبی علم تھا۔ یہی وجہ ہے کہ ملتان سے لاہور پہنچ کر اسے کوئی مالی مشکل پیش نہیں آئی۔ اس کے دل میں ہیروئن بننے کی خواہش جاگزیں تھیں۔ اس کے پرستاروں اور دوستوں، سہیلیوں نے اس کے دل میں یہ بات بٹھا دی تھی کہ وہ بہت کامیاب ہیروئن بن سکتی ہے۔ چنانچہ اپنی اس خواہش کی تکمیل کیلئے اس نے محمد علی اور زیبا کی امداد حاصل کرنے کا فیصلہ کرلیا۔ محمد علی اور زیبا اس زمانے میں مقبول ترین فلمی جوڑی تھے۔ فلم سازوں اور فلمی حلقوں میں ان کا بہت اثر و رسوخ تھا۔ ان کی بات ٹالنا کسی فلم ساز کیلئے آسان نہ تھا۔ جب انجم نے اپنے مقصد کے حصول کیلئے علی زیب کا انتخاب کیا تو اس بات سے اندازہ لگایا جاسکتا ہے کہ وہ کتنی سمجھ دار اور ذہین لڑکی تھی اور شطرنج کی بازی جمانے کے ہنر سے آگاہ بھی تھی۔ ایک سوچے سمجھے منصوبے کے تحت انجم نے ہیروئن بننے کیلئے منصوبہ بندی کی اور آخر کار اپنے مقصد میں کامیاب ہوگئی۔

جب وہ لاہور پہنچی اور اداکارہ بننے کا ارادہ ظاہر کیا تو فلمی چیلوں اور کوؤں نے اس کا گھیراؤ کرلیا۔ مشیر بھی دستیاب ہوگئے۔ فلمی پرچوں کے فوٹو گرافروں نے اس کی تصویریں بھی بنانی شروع کردیں۔ انجم جب انجمن بنی تو اس نے لباس کے معاملے میں کبھی سمجھوتا نہیں کیا۔ وہ ہمیشہ بند گلے اور عموماً پوری آستینوں کے کرتے میں نظر آئی۔ مگر انجم نے جب ہیروئن بننے کیلئے ہاتھ پیر مارنے شروع کئے تھے تو فوٹو گرافروں کے اصرار اور اپنی ناتجربہ کاری کے باعث اس نے ایسی تصویریں بھی بنوائیں جو اگر بعد میں شائع ہوجاتیں تو ہلچل مچادیتیں۔ مگر فلمی دنیا میں عموماً ایسا ہی ہوتا ہے۔ ہالی ووڈ ہو، بمبئی ہو، یا لاہور۔ جب بھی کوئی لڑکی ہیروئن بننے کی تمنا لے کرآتی ہے تو اسے مختلف مراحل سے گزرنا پڑتا ہے۔ اور عام طور پر ایسی تصویریں بھی بنوانی پڑتی ہیں جنہیں دیکھ کر بعد میں وہ خود بھی شرما جاتی ہیں۔ ہالی ووڈ کی ساحرہ مارلین مونرو نے تو ایک ایسے ہی پوسٹر کی تصویر کے عوض اداکاری کا رتبہ حاصل کرلیا تھا۔ حالانکہ اس کا معاوضہ اسے محض پچاس ڈالر ملا تھا۔ آج کی کروڑ پتی گلوکارہ، اداکارہ میڈونا نے بھی اس معاملے میں کنجوسی کا مظاہرہ نہیں کیا۔ بہر حال انجم کی ناتجربہ کاری اور فوٹو گرافروں کی ہوشیاری کے باعث انجم نے خاصی بے باک قسم کی تصویریں بھی بنوائیں مگر غنیمت ہے کہ وہ شائع نہ ہوسکیں۔ شاید اس لئے کہ اس زمانے میں سنسر کی سختیاں بھی تھیں اور اخبار والے کسی مشکل میں نہیں پڑنا چاہتے تھے۔

مگر انجم کو کسی تصویر نے نہیں، علی زیب کی سفارش نے شباب کیرانوی تک اور پھر فلمی صنعت کی دہلیز تک پہنچایا تھا۔ محمد علی اورزیبا کے کہنے پر انہوں نے انجم کو اپنے دفتر میں بلایا اور مختصر سے انٹرویو کے بعد یہ رائے قائم کی کہ انجم میں ہیروئن بننے کے جراثیم موجود ہیں۔ شباب صاحب کو پاکستان کی فلمی دنیا میں بے شمار نئے چہرے متعارف کرانے کا شرف حاصل رہا ہے۔ اس کی ایک وجہ یہ تھی کہ وہ سال میں تین چار فلمیں بناتے تھے اور انہیں ہر وقت اداکاروں کی کمی کی شکایت رہتی تھی۔ نئے اداکار وقت بھی زیادہ دیتے تھے اور معاوضہ بھی کم لیتے تھے۔ اور جب اسٹار بن جاتے تھے تب بھی شباب صاحب کے مرہون منت رہنے کی وجہ سے ان سے بہت زیادہ تعاون کرتے تھے۔

شباب صاحب کو انجم کچھ زیادہ ہی بھاگئی۔ انہوں نے چند دن اسے مکالموں کی ادائیگی اور اداکاری کی تربیت دی اور پھر اسے فوراً ایک فلم میں ہیروئن کے طور پر پیش کرنے کا فیصلہ کرلیا۔ انجم کا نام تبدیل کرکے انجمن رکھ دیا گیا۔ شباب صاحب کے پاس فلمی کہانیوں کی کبھی کمی نہیں رہی۔ ایک کہانی ’’وعدے کی زنجیر‘‘ ان کے پاس تیار تھی۔ انہوں نے آؤ دیکھا نہ تاؤ۔ انجمن کو پاکستان کے دو سب سے بڑے ہیروز کے ساتھ ہیروئن پیش کرنے کا فیصلہ کرلیا۔ ’’وعدے کی زنجیر‘‘ ایک رومانی کہانی تھی۔ انجمن کے ساتھ اس فلم میں وحید مراد اور محمد علی جیسے دو سپر اسٹار بیک وقت پیش کئے جا رہے تھے۔ یہ وہ زمانہ تھا جب ایک فلم میں ایک سے زیادہ ہیرو رکھنے کا طریقہ رائج نہیں ہوا تھا۔ اس لئے ایک نئی ہیروئن کیلئے یہ بہت بڑا اعزاز ہی تھا کہ وہ دو سپر اسٹارز کے مقابلے میں پیش کی جائے۔سبھی کو انجمن پر رشک آیا۔دوسری ہیروئنوں نے حسد بھی کیا ہوگا۔ ایک ہیروئن نے ہم سے کہا ’’آفاقی صاحب شباب صاحب بھی کمال کرتے ہیں۔ وحید مراد اور محمد علی کے مقابلے میں ایک بالکل نئی لڑکی کو ہیروئن بنادیا اللہ خیر کرے‘‘۔

مگر شباب کیرانوی حسبِ عادت پراعتماد تھے۔ شباب صاحب کی عادت تھی کہ وہ جب بھی کام کرتے بڑے خلوص اور اعتماد کے ساتھ کرتے تھے۔ لوگوں کے اعتراض کے جواب میں انہوں نے کہا ’’آفاقی نوٹ کرلو۔ یہ لڑکی بہت بڑی ہیروئن بنے گی اور سب دیکھتے رہ جائیں گے۔‘‘

ہم نے شباب صاحب کے دوسرے اقوال کی طرح یہ قول بھی نوٹ کرلیا۔

انجمن کو ہم نے پہلی بار شباب اسٹوڈیوز میں ’’وعدے کی زنجیر‘‘ کی شوٹنگ کے سلسلے میں دیکھا تھا۔ وہ گھاگھرا چولی پہنے ہوئے تھی۔ بال اس زمانے کے دستور کے مطابق بنائے تھے۔ وحید مراد کے ساتھ آؤٹ ڈور میں ایک سین فلمایا جا رہا تھا۔ وحید مراد بہت اعلیٰ درجے کے ایکٹر تھے۔ بڑی بے تکلفی اور بے ساختگی سے اداکاری کرتے تھے۔ ان کے مقابلے میں کام کرنا کچھ آسان نہ تھا۔ مگر انجمن بڑے اعتماد کے ساتھ مکالمے بول رہی تھی۔ وہ ذرا بھی ہراساں یا پریشان نظر نہیں آ رہی تھی۔ یہ اور بات ہے کہ اس کے چہرے پر تاثرات کی کمی تھی۔

ایک دوست نے شباب صاحب سے کہا ’’شباب صاحب اس لڑکی کے چہرے پر ایکسپریشن تو ڈالیں‘‘۔

وہ بولے ’’میں نے پروڈکشن مینجر کو بازار بھیجا ہے‘‘۔

ہم نے پوچھا ’’کس لئے؟‘‘

کہنے لگے ’’ایکسپریشن کا ڈبا لانے کیلئے‘‘۔ پھر انہوں نے اپنے دوست سے کہا ’’بھائی اس لڑکی کا یہ پہلا سین ہے۔ اتنے بڑے یونٹ کے ساتھ اتنے بڑے ہیرو کے مقابلے میں کام کر رہی ہے۔ ظاہر ہے کہ ابھی صبیحہ یا شمیم آرا کی طرح اداکاری نہیں کرسکتی۔ ہر چیز میں کچھ وقت لگتا ہے‘‘۔
جاری ہے۔۔۔

Leave a Comment