
1947 کی خون ریز تقسیم کے دوران جب پورا پنجاب مذہبی فسادات کی آگ میں جل رہا تھا، تب بھارتی پنجاب کے شہر فیروزپور میں ایک پولیس افسر نے انسانیت اور فرض شناسی کی غیرمعمولی مثال قائم کی۔
17 اگست 1947 کو لالہ دھونی چند نے ملک محمد اسلم کے والد کو خبردار کیا کہ آر ایس ایس اور بعض سکھ گروہ مسلمانوں پر حملے کی تیاری کررہے ہیں۔ رات تقریباً دس بجے حملہ شروع ہوا تو جان بچانے کے لیے لگ بھگ 300 مسلمان ایک مقامی مسجد میں جمع ہوگئے۔ انہوں نے اس مسجد کا انتخاب اس لیے کیا تھا کیونکہ وہ پولیس اسٹیشن کے قریب واقع تھی۔
اس پولیس اسٹیشن کے انچارج تریلوک ناتھ تھے۔ اُس وقت پنجاب میں متعدد پولیس اہلکار بھی مذہبی بنیادوں پر فریق بن چکے تھے، مگر تریلوک ناتھ نے نفرت کا ساتھ دینے کے بجائے اپنے فرض کو ترجیح دی۔ انہوں نے فوراً مسلح مسلمان محافظوں کو مسجد کے باہر تعینات کردیا اور حملہ آوروں کو وہاں تک پہنچنے نہیں دیا۔
ملک محمد اسلم کے مطابق تریلوک ناتھ کی غیرجانب داری اور بروقت اقدام ہی کی وجہ سے مسجد پر حملہ نہ ہوسکا اور اس میں پناہ لینے والے تقریباً 300 مسلمانوں کی جانیں محفوظ رہیں۔
جب تقسیم نے لوگوں کو مذہب کے نام پر ایک دوسرے کا دشمن بنادیا تھا، تب تریلوک ناتھ نے اپنی وردی کا حق ادا کرتے ہوئے ثابت کیا کہ ایک سچا محافظ یہ نہیں دیکھتا کہ پناہ مانگنے والا کس مذہب سے تعلق رکھتا ہے، وہ صرف یہ دیکھتا ہے کہ اس کی جان خطرے میں ہے۔
یہ واقعہ ملک محمد اسلم کی زبانی شہادت پر مبنی ہے، جسے ڈاکٹر اشتیاق احمد کی کتاب The Punjab: Bloodied, Partitioned and Cleansed میں محفوظ کیا گیا اور بعد میں ڈان نے اپنی خصوصی رپورٹ میں شائع کیا۔