
جب گاندھی نے جناح کو 1944 میں گجراتی زبان میں خط لکھا تو پہلی بار انہیں “بھائی جناح” کے بجائے قائد اعظم کہہ کر مخاطب کیا تو راتوں رات جناح کو پورے ہندوستان میں قائد اعظم کی قبولیت مل گئی۔ لیکن قیام پاکستان کے بعد جمعہ کے خطبوں میں بعض علماء نے انہیں امیر المومنین یا کچھ لوگوں نے شہنشاہ پاکستان کا خطاب دینا چاہا تو قائد اعظم نے انہیں سختی سے ڈانٹ کر منع کیا اور فرمایا کہ پاکستان کوئی بادشاہت نہیں بلکہ ایک جمہوری ریاست ہے، میں آپ کا حکمران نہیں بلکہ پہلا خادم ہوں۔
اسی طرح ایک جلسے میں کسی نے مولانا محمد علی جناح کہہ کر پکارا تو انہوں نے فوراً ٹوکتے ہوئے کہا میں آپ کا مذہبی پیشوا (مولانا) نہیں ہوں، میں آپ کا سیاسی رہنما ہوں۔
اس بات میں کوئی شک نہیں کہ جب گاندھی نے محمد علی جناح کو قائد اعظم کہہ کر مخاطب کیا تو انہیں پورے ہندوستان نے شرف قبولیت بخشا لیکن محمد علی جناح کو قائد اعظم کہنے والے گاندھی پہلے شخص نہیں تھے۔ 1937 میں پہلی بار تحریری طور پر جناح کے لیے قائد اعظم کا لقب مولانا مظہر الدین شیرکوٹی نے استعمال کیا اور وہ دہلی سے شائع ہونے والے مشہور سہ روزہ اخبار “الامان” کے ایڈیٹر اور ایک پرجوش صحافی و خطیب تھے۔
اکتوبر 1937 میں جب آل انڈیا مسلم لیگ کا تاریخی اجلاس لکھنؤ میں ہوا تو وہاں محمد علی جناح کی کوششوں سے پنجاب، بنگال اور آسام کے وزرائے اعلیٰ مسلم لیگ میں شامل ہوئے اور مسلم لیگ کے ایک نئے دور کا آغاز ہوا تو اس اجلاس کے بعد ہی مولانا مظہر الدین شیرکوٹی نے اپنے اخبار میں جناح کو قائد اعظم (سب سے بڑا رہنما) لکھنا شروع کیا۔
دسمبر 1938 میں بہار کے شہر پٹنہ میں جب آل انڈیا مسلم لیگ کا 26واں سالانہ اجلاس ہوا تو وہاں مسلم لیگ کے ایک پرجوش رہنما میاں فیروز الدین احمد نے اجلاس میں باضابطہ طور پر جناح کے لیے قائد اعظم زندہ باد کے نعرے لگوائے اور پھر اسی دن سے مسلم لیگ کے جلسوں اور قراردادوں میں جناح کے لیے قائد اعظم کا خطاب عام ہونے لگا۔
لیکن اس کو پورے ہندوستان میں شرف قبولیت اس وقت ملی جب جولائی 1944 میں مہاتما گاندھی کو ان کی ایک مسلمان عقیدت مند خاتون بی بی امت الاسلام نے بتایا کہ اردو اخبارات میں جناح صاحب کو قائد اعظم لکھا جاتا ہے۔ چنانچہ ستمبر 1944 کے مشہور گاندھی-جناح مذاکرات سے قبل جب گاندھی نے محمد علی جناح کو گجراتی زبان میں خط لکھا تو پہلی بار انہوں نے “بھائی جناح” کے بجائے قائد اعظم کہہ کر مخاطب کیا۔
(ویسے مجھے یہ پڑھ کر کافی حیرانی ہوئی کہ گاندھی اور جناح دونوں ہی ہندوستان کی مقبول شخصیات تھیں لیکن ان کے مابین خط و کتابت میں گجراتی زبان کا استعمال کیا گیا۔ مطلب دونوں ہی اپنی گجراتی جڑوں سے کہیں نہ کہیں جڑے ہوئے تھے۔)
گاندھی کا یوں جناح کو قائد اعظم مخاطب کرنے پر ہندو اور کانگریسی رہنماؤں کا شدید رد عمل آیا بلکہ مولانا ابوالکلام آزاد نے اپنی مشہور کتاب “انڈیا ونز فریڈم” میں اس واقعے پر شدید تنقید کرتے ہوئے لکھا کہ جب گاندھی جی نے جناح کو خط میں قائد اعظم لکھا تو ہندوستان کے عام مسلمانوں نے سوچا کہ اگر گاندھی جی خود انہیں اپنا عظیم قائد تسلیم کرتے ہیں تو واقعی وہی سب سے بڑے رہنما ہیں۔ گاندھی جی کے اس اقدام نے جناح صاحب کے سیاسی قد کو رات و رات آسمان پر پہنچا دیا تھا۔
ہندو مہاسبھا کے رہنماؤں جیسے ویر ساورکر اور شیاما پرساد مکھرجی نے بھی گاندھی پر شدید تنقید کی کہ انہوں نے پاکستان کا مطالبہ کرنے والے رہنما کو قائد اعظم کہہ کر ہندوؤں کی توہین کی ہے۔ جبکہ گاندھی نے اپنا دفاع کرتے ہوئے کہا کہ میں نے تو صرف ان کے پیروکاروں کے دیے گئے احترام کے لقب سے انہیں پکارا تاکہ مذاکرات کی راہ ہموار کی جا سکے۔
آگے چل کر 11 اگست 1947 کو پاکستان کی پہلی دستور ساز اسمبلی کے پہلے اجلاس میں نوابزادہ لیاقت علی خان نے باضابطہ قرارداد پیش کی کہ آج سے تمام سرکاری کاغذات، فرامین اور خط و کتابت میں محمد علی جناح کا نام قائد اعظم محمد علی جناح لکھا جائے گا، جسے اسمبلی نے متفقہ طور پر 12 اگست 1947 کو منظور کیا تو جناح نے اسمبلی میں کھڑے ہو کر سب کا شکریہ ادا کرتے ہوئے واضح کیا کہ وہ صرف ایک آئینی سربراہ اور عوام کے خادم ہیں۔ ان کا ہر عمل آئین اور قانون کے تابع رہے گا۔
حالانکہ اسی قائد اعظم محمد علی جناح کو جب سادہ لوح عقیدت مندوں نے شہنشاہ پاکستان یا امیر المومنین کہنا چاہا تو قائد اعظم نے سختی سے ڈانٹ کر منع کیا اور بولے کہ پاکستان کوئی بادشاہت نہیں بلکہ ایک جمہوری ریاست ہے، میں آپ کا حکمران نہیں بلکہ پہلا خادم ہوں۔
اس طرح ایک جلسے میں کسی نے انہیں مولانا محمد علی جناح کہہ کر پکارا تو انہوں نے فوراً ٹوکتے ہوئے کہا میں آپ کا مولانا نہیں ہوں، میں آپ کا سیاسی رہنما ہوں۔ حتیٰ کہ قیام پاکستان کے فوری بعد جمعہ کے خطبوں میں بعض علماء نے انہیں امیر الملت کہا اور کچھ نے انہیں شہنشاہ پاکستان کا خطاب دینا چاہا لیکن جناح نے ان سارے القابات کو مسترد کر دیا۔
نوٹ:
اس تحریر کو لکھنے میں مولانا ابوالکلام آزاد کی انڈیا ونز فریڈم، پاکستان کی قانون ساز اسمبلی کے پہلے اور دوسرے اجلاس کی کارروائی، سید شریف الدین پیرزادہ کی فاؤنڈیشن آف پاکستان سے بڑی مدد لی گئی ہے۔